ڈاکٹر عبید الرحمٰن ندوی
استاذ دار العلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ

قرآن مجید اللہ تعالی کی وہ آخری کتاب ہے جو پوری انسانیت کی ہدایت، اصلاح اور فلاح دارین کے لیے نازل کی گئی ہے۔ اس کی ہر سورت اپنے اندر ہدایت و معرفت کے بے شمار موتی سموئے ہوئے ہے، لیکن بعض مقامات ایسے ہیں جہاں اللہ تعالی نے انسانی کامیابی کا ایک ایسا جامع اور ابدی دستور پیش کیا ہے جو فرد کی انفرادی زندگی سے لے کر معاشرے کی اجتماعی زندگی تک ہر شعبے کی اصلاح کرتا ہے بلا شبہ قرآن کریم کا اصل موضوع ” انسان ” ہے- اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم کو آخری نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل فرمایا اور بتا دیا کہ دنیا میں بسنے والے تمام لوگوں کے لئے یہی ہدایت نامہ ہے۔
اب ہمیں دیکھنا ہے کہ تعمیر ذات یا تعمیر سیرت اور علامہ اقبال کی زبان میں تعمیر خودی کے لئے قرآن کریم کیا لائحہ عمل پیش کرتا ہے اور اس کی اساسیات کیا ہیں- چنانچہ اللہ تعالی نے قرآن کریم کی سورۃ المؤمنون کی ابتدائی 11 آیات میں انسانی سیرت کی تعمیر کے لئے بھرپور رہنمائی فرمائی ہے-
’’کامیاب اور بامراد ہوئے اہل ایمان جو اپنی نمازوں میں خشوع سے کام لیتے ہیں اور جو بے کار اور بے مقصد باتوں سے احتراز کرتے ہیں اور جوتزکیہ نفس پر مسلسل کار بند رہتے ہیں اور جو اپنی شرم گاہوں (یعنی اپنی شہوت کی) حفاظت کرتے ہیں سوائے اپنی بیویوں یا باندیوں کے لہذا (ان کے اس معاملے میں ) ان پر کوئی ملامت نہیں ہے بس جو کوئی اس سے تجاوز کرے گا تو وہی حد سے بڑھ جانے والے ہیں اور وہ جو اپنی امانتوں اور اپنے عہد کی پابندی کرتے ہیں اور جو اپنی نمازوں کی حفاظت کرتے ہیں ۔ یہی ہیں وہ لوگ جو وارث بنیں گئے، جنہیں جنت الفردوس کی وراثت ملے گی وہ اس میں ہمیشہ رہیں گے”-
قابل ذکر بات یہ ہے کہ سورۃ المؤمنون کی ابتدائی گیارہ آیات میں چند اوصاف سلسلہ وار بیان ہوئے ہیں ۔ ان میں اہم ترین وصف ہے صلاۃ جس کا ترجمہ ہم عام طور پر نماز کرتے ہیں ۔ اس ضمن میں خاص طور پر نوٹ کرنے والی بات یہ ہے کہ اوصاف کی اس فہرست میں آغاز بھی نماز سے ہوا ہے اور اختتام بھی۔ آغاز میں فرمایا گیا: قَدْ أَفْلَحَ الْمُؤْمِنُونَ الَّذِينَ هُمْ فِي صَلَاتِهِمْ خَشِعُونَ ) کامیاب ہو گئے وہ اہل ایمان جو اپنی نمازوں میں خشوع سے کام لیتے ہیں۔ پھر چند اوصاف بیان کرنے کے بعد آخری وصف بیان ہوا: ﴿وَالَّذِينَ هُمْ عَلَى صلواتِهِمْ يُحَافِظُونَ اور ( کامیاب ہو گئے ) وہ لوگ جو اپنی نمازوں کی حفاظت کرتے ہیں۔ انہیں ضائع نہیں ہونے دیتے ۔ معلوم ہوا کہ اس فہرست میں اول بھی نماز ہے آخر بھی نماز ہے۔ اس سے یہ خصوصی رہنمائی حاصل ہوئی کہ تعمیر سیرت کا جو قرآنی پروگرام اور جو لائحہ عمل ہے اس میں نماز کا نظام نہایت اہمیت کا حامل ہے۔
دوسرا وصف آتا ہے: ﴿وَالَّذِينَ هُمْ عَنِ اللَّغْوِ مُعْرِضُونَ ﴾ اور جو بے کار اور بے مقصد باتوں سے احتراز کرتے ہیں ۔ یعنی بے کار باتوں سے احتراز کرنا، بچنا دامن بچائے رکھنا ۔ یعنی انسان اپنے وقت کی قدر و قیمت کا احساس کرے اور اپنے ہر ہرلمحہ کو مفید، با مقصد اور نتیجہ خیز بنائے ۔ انسان کا وقت یا تو اس حیات دنیوی کی کسی حقیقی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے صرف ہو رہا ہو یا اپنی حیات معنوی کی تطہیر اور اس کے تزکیہ کے لیے صرف ہو رہا ہو یا حیات اُخروی کے لیے کچھ کمانے اور بنانے میں صرف ہو رہا ہو۔ ان کاموں کے سوا وقت کا صرف ضیاع بھی ہے اور زیاں بھی ۔
تیسر ا وصف آتا ہے: ﴿وَالَّذِينَ هُمْ لِلزَّكَوةِ فَعِلُون اور وہ لوگ جو زکوۃ پر عمل کرتے رہتے ہیں ۔ یہاں نوٹ کرنے والی بات یہ ہے کہ قرآن مجید میں عموما زکوۃ کے ساتھ لفظ ” ایتاء” آتا ہے۔ جیسے اٰتَى الزَّكوة ، يُؤْتُونَ الزَّكوة ، لیکن یہاں آپ نے دیکھا کہ بالکل مختلف فعل استعمال ہوا ہے: ﴿وَالَّذِينَ هُمْ لِلزَّكَوةِ فَعِلُونَ یہاں فَاعِلُونَ یہ مفہوم ادا کر رہا ہے کہ مسلسل کوشاں رہتے ہیں، مسلسل کار بند رہتے ہیں۔ اس کا مفہوم یہ ہو گا کہ تزکیۂ نفس کے لیے ان کی جدوجہد مسلسل جاری رہتی ہے۔
چوتھا وصف ہے اپنے جنسی جذبہ یعنی اپنی شہوت پر کنٹرول (sex discipline) کہ اس کی تسکین کے لیے قرآن مجید نے جو جائز راہ معین کر دی ہے اس پر اکتفا کیا جائے ۔ اس کے بارے میں یہ بھی صراحت کر دی گئی کہ ان جائز راہوں سے اگر کوئی اپنے اس جنسی جذبہ کی تسکین کرتا ہے تو اس میں ہر گز کوئی ملامت والی بات نہیں ہے۔ جنسی جذبہ (sexual Instinct) فی نفسہ برا نہیں ہے evil نہیں ہے۔ اس کا غلط استعمال در حقیقت برائی ہے۔ اگر اس میں ضبط (Discipline) ہو اور اس میں بے راہ روی اور کجروی (pervertion) نہ ہو یعنی اس میں نہ تو بے قابو ہونے کی کیفیت پیدا ہو اور نہ جائز راہوں سے انحراف ہو تو فی نفسہ یہ کوئی ملامت والی بات نہیں ۔ چنانچہ فرمایا گیا: ﴿وَالَّذِينَ هُمْ لِفُرُوجِهِمْ حافِظُونَ إِلَّا عَلَى أَزْوَاجِهِمْ أَوْ مَا مَلَكَتُ أَيْمَانُهُمْ فَإِنَّهُمْ غَيْرُ مَلُومِينَ ﴾غور طلب بات یہ ہے کہ یہاں جائز راستوں کی اجازت کے لیے غَيْرُ مَلُومِينَ “ کا اسلوب کیوں اختیار کیا گیا ! اس کی وجہ یہ ہے کہ اسلام کے سوا دوسرے مذاہب میں تجرد کی زندگی بسر کرنا اور اپنے جنسی جذبہ کو جو فطرت اور جبلت میں ایک نہایت قوی جذبہ ہے کچلنا ایک اعلیٰ ترین روحانی قدر قرار دیا جاتا ہے۔ جبکہ اسلام دین فطرت ہے چنانچہ وہ اس فطری و جبلی جذبہ کو بالکلیہ کچلنے اور دبانے کو قطعا پسند نہیں کرتا ۔ اس کا منشاء و مدعا یہ ہے کہ اس جذبہ کی تسکین کے لیے جائز اور حلال راہیں اختیار کی جائیں۔ نکاح کو اسی لیے نبی اکرم ﷺ نے اپنی سنتوں میں سے ایک سنت قرار دیا ہے۔ آپ میں سے اکثر حضرات نے یہ حدیث سنی ہوگی جو ہر خطبہ نکاح میں پڑھی جاتی ہے کہ : (النِّكَاحُ مِنْ سُنتی) نکاح میری سنت میں سے ہے ۔ اسی حدیث کا ایک حصہ یہ بھی ہے کہ جو عام طور پر نہیں پڑھا جاتا کہ: ((فَمَنْ لَّمْ يَعْمَلُ بِسُنَّتِي فَلَيْسَ مِنی ) پس جس نے میری سنت پر عمل نہ کیا وہ مجھ سے نہیں ہے۔ البتہ اس کے ساتھ ایک دوسری طویل حدیث کا یہ آخری حصہ پڑھا جاتا ہے کہ : (فَمَنْ رَّغِبَ عَنْ سُنَّتِي فَلَيْسَ مِنی ) تو جس نے میری سنت سے اعراض کیا ( جس کو میری سنت پسند نہیں ) اس کا مجھ سے کوئی تعلق نہیں۔اس مقام پر جہاں جنسی تسکین کے لیے جائز راہوں کی طرف رہنمائی کی گئی وہاں اس کے ساتھ ہی فرما دیا گیا: ﴿فَمَنِ ابْتَغَى وَرَاءَ ذَلِكَ فَأُولَئِكَ هُمُ الْعَدُونَ ﴾ تو جو کوئی ڈھونڈے ( اختیار کرے پسند کرے ) اس کے سوا کوئی اور راہ تو وہی لوگ ہیں حد سے بڑھنے والے (یعنی طاغی اور باغی )۔
اگلی آیت میں دو اوصاف آئے ۔ گویا پانچواں وصف امانتوں کی پاس داری اور چھٹا وصف ایفائے عہد فرمایا: ﴿وَالَّذِينَ هُمْ لَا مُنتِهِمْ وَعَهْدِهِمْ رَعُونَ ﴾ اور وہ لوگ ( فلاح پاگئے ) جو اپنی امانتوں اور عہد و پیمان کی پاس داری کرتے ہیں ۔ امانت داری اور ایفائے عہد کے معاملات میں چوکس رہتے ہیں۔
یہ چھ اوصاف گویا corner stones ہیں۔ یہ وہ اساس اور بنیادیں ہیں جن پر انسانی شخصیت کی اس رخ پرتعمیر کا عمل مبنی ہوسکتا ہے جس رخ پر اللہ کوانسان کی شخصیت کی تعمیر پسند ہے۔ تعمیر ذات، تعمیر سیرت، تعمیر کردار کے بھی مختلف معیارات ہو سکتے ہیں۔ مختلف نظریات اور مختلف فلسفوں پر مبنی انسانی سیرت و کردار کے مختلف ہیولے لوگوں کے ذہنوں میں ہو سکتے ہیں، لیکن اللہ کے انسانِ مطلوب یا قرآن کے مردِ مومن کی جو سیرت و کردار اس کے خالق و مالک اور پروردگار کو مطلوب ہے اس کی تعمیر کے لیے یہ چھ نا گزیر لا بدی، اٹل (inevitable) اساس ہیں ان چھ اوصاف کے بیان کے بعد پھر نماز کا ذکر فرمایا گیا تاکہ دین میں نماز کی جو اہمیت ہے وہ متحضر رہے اور ایک مرد مؤمن جان لے کہ تعمیر سیرت کا اہم ترین عامل نماز کی حفاظت ہے ۔ چنانچہ فرمایا: ﴿وَالَّذِينَ هُمْ عَلَى صَلَاتِهِمْ يُحَافِظُونَ آخر میں ان لوگوں کو جو اپنے اندر یہ اوصاف مستقل طور پر پیدا کر لیں اور ان اساسیات پر اپنی سیرت و کردار کی تعمیر کر لیں، بشارت دی گئی ہے کہ یہی لوگ جنت الفردوس کے وارث ہوں گے، جس میں وہ ہمیشہ رہیں گے : (أُولَئِكَ هُمُ الْوَارِثُونَ * الَّذِينَ يَرِثُونَ الْفِرْدَوْسَ هُمُ فِيهَا خَلِدُونَ )( مطالعہ قرآن حکیم کا منتخب نصاب،جلد اول،ص، ۳۰۵-۳۰۷
خلاصہ کلام یہ ہے کہ سورۃ المؤمنون کی ابتدائی گیارہ آیات درحقیقت ایک مکمل ایمانی، اخلاقی اور عملی دستور پیش کرتی ہیں۔ کامیابی کا پیمانہ مال و دولت، عہدہ و منصب اور شہرت و ناموری نہیں بلکہ اللہ تعالی کی رضا اور آخرت کی سرخروئی ہے۔ حقیقی کامیاب وہی شخص ہے جو دنیا میں ایمان و عمل صالح کے ساتھ زندگی گزارے اور آخرت میں جنت الفردوس کا مستحق بنے۔آج کے مادی دور میں جب کامیابی کا معیار مال و دولت، منصب و اقتدار، شہرت و ناموری اور ظاہری آسائشوں کو سمجھ لیا گیا ہے تو ان قرآنی آیات کی اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے۔ انسان دنیاوی ترقی کی دوڑ میں اس قدر مصروف ہوگیا ہے کہ اسے اپنے اخلاقی و روحانی تعمیر کی فکر کم ہوتی جارہی ہے، کردار کی پختگی کمزور پڑتی جارہی ہے، ایثار و محبت کی روح کم ہوتی جارہی ہے، باہمی اتحاد و اتفاق، خلوص اور وفاداری کا دائرہ سکڑتا جارہا ہے۔ ایسے حالات میں سورۃ المؤمنون کی یہ آیات ہمیں دعوت فکر دیتی ہیں کہ ہم کامیابی کے اپنے پیمانوں پر نظرثانی کریں اور انہیں قرآن کے بتائے ہوئے معیار کے مطابق استوار کریں۔ ان آیات کو اپنی زندگی کا عملی دستور بنائیں۔ ان آیات کا انفرادی اور اجتماعی پیغام یہی ہے کہ ہم اپنی انفرادی زندگی کے ساتھ ساتھ اپنی اجتماعی زندگی بھی بہتر کریں تاکہ ایک صالح معاشرہ کی تعمیر و ترقی ہوسکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے