مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ دیویندر فڈنویس نے کیا افتتاح، اردو سمیت ہندوستان کی مختلف زبانوں کی کتابوں کے اسٹال قائم؛ این سی پی یو ایل کے اسٹال پر بھی خریداروں کی آمد

جاوید جمال الدین

ممبئی، 24 نومبر: سوشل میڈیا اور موبائل فون کے بڑھتے ہوئے غلبے کے دور میں کتابوں سے محبت اور مطالعے کا شوق آج بھی برقرار ہے۔ اس کا خوشگوار نظارہ منگل کو ممبئی یونیورسٹی کے کالینہ کیمپس، سانتا کروز میں قومی کتاب میلے کے افتتاحی دن دیکھنے کو ملا، جہاں طلبہ و طالبات سمیت کتاب دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے کتابوں میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔ مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ دیویندر فڈنویس نے اس کتاب میلے کا افتتاح کیا۔ نیشنل بک ٹرسٹ (این بی ٹی) کے زیر اہتمام یہ میلہ 29 نومبر تک جاری رہے گا۔
کتاب میلے میں مراٹھی، ہندی، انگریزی، اردو اور ملک کی دیگر زبانوں کے ساتھ جاپانی زبان کی کتابوں کے اسٹال بھی قائم کیے گئے ہیں۔ پہلے دن انگریزی کتابوں کے اسٹالوں پر خاصی بھیڑ دکھائی دی، تاہم مجموعی طور پر مختلف زبانوں اور موضوعات کی کتابوں میں لوگوں کی دلچسپی قابل دید رہی۔ اس موقع پر اردو کتابوں کے شائقین بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ بعض اردو دوستوں کے مطابق اردو کتابوں کے اسٹالوں، خصوصاً جے قطار میں، خریداروں کی اچھی خاصی آمد دیکھی گئی۔ قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان (این سی پی یو ایل) اور نامک پبلیکیشنز کے اسٹالوں پر بھی کتابیں خریدنے والوں کی موجودگی حوصلہ افزا رہی۔
اردو کتابوں کے لیے قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کا اسٹال نمبر I-12 خصوصی اہمیت رکھتا ہے، جہاں ادب، تاریخ، سیاست، ثقافت، لسانیات، لغات، انسائیکلوپیڈیا، قواعد، فلسفہ، تعلیم، نفسیات، سماجیات، معاشیات، تجارت، سائنس و ٹیکنالوجی اور بچوں کے ادب سمیت مختلف موضوعات پر کتابیں دستیاب ہیں۔ اسٹال پر کونسل کے نمائندے ذاکر صاحب موجود تھے۔ ابتدائی سیشن میں یہاں خریداروں کی آمد نسبتاً کم رہی، تاہم دن کے دوران اردو کتابوں کے دیگر اسٹالوں پر بھی شائقین کی دلچسپی دیکھنے کو ملی۔
بچوں کے ادب کے حصے میں محمد اسلم پرویز، صادقہ نواب سحر، اقبال برکی، شاہ تاج خان، توصیف بریلوی، شجاع الدین شاہد، نیہاں رباب، سراج عظیم، انیس اعظمی، شہناز رحمٰن، خورشید اکرم، غضنفر اور رمیشا قمر سمیت متعدد قلم کاروں کی کتابیں موجود ہیں۔ اسی حصے میں راقم الحروف کی بچوں کے لیے تحریر کردہ کتاب ’’ریان کا سورج اور نانی‘‘ بھی دستیاب ہے۔
کتاب میلے میں ایک دلچسپ اور خوش آئند منظر مولانا عارف مسعود قاسمی کے دینی کتابوں کے اسٹال پر بھی دیکھنے کو ملا، جہاں غیر مسلم افراد انگریزی زبان میں اسلام سے متعلق کتابیں تلاش کرتے نظر آئے۔ یہ منظر اس بات کا مظہر ہے کہ کتابیں مختلف مذاہب، زبانوں اور ثقافتوں کے درمیان مکالمے اور ایک دوسرے کو سمجھنے کا اہم ذریعہ ہیں۔
واضح رہے اردو شعبے کے عہدیداران غائب تھے،حالانکہ ایسے موقع پر شعبہ کے ذمہ داران کو حاضر رہناچاہیئے ۔طلبہ کی بڑی تعداد پہلے دن نظر نہیں آئی۔ یونیورسٹی کے اردو شعبہ جات، شہر کے اردو اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ و طالبات بھی کتاب میلے کا بدھ کورخ کریں گے۔
ممبئی کے اردو داں طبقے، بالخصوص اردو اسکولوں کے منتظمین، اساتذہ، طلبہ اور والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے اسٹال نمبر I-12 سمیت دیگر اردو کتابوں کے اسٹالوں کا دورہ کرکے اپنی پسند کی کتابیں خریدیں۔ کتاب میلے میں اردو کی موجودگی اور مختلف موضوعات پر کتابوں کی دستیابی کو دیکھتے ہوئے یہ ضروری ہے کہ اردو کے قارئین محض شرکت تک محدود نہ رہیں بلکہ کتابوں کی خریداری کے ذریعے زبان و ادب کی ترویج میں بھی اپنا حصہ ادا کریں۔
قومی کتاب میلہ 29 نومبر، اتوار تک روزانہ صبح 11 بجے سے رات تک ممبئی یونیورسٹی کے کالینہ کیمپس میں جاری رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے