عبد الرحیم ندوی
استاذ دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ
مولانا سعید الرحمٰن اعظمی ندوی کا سانحۂ ارتحال محض ایک عالم دین کی رحلت نہیں، بلکہ ایک پورے عہد کا خاتمہ اور ایک صدی پر محیط جہد مسلسل کا رک جانا ہے۔ یہ ایک ایسی ہمہ گیر شخصیت کی جدائی ہے جو علم و ادب، تقویٰ و طہارت، معمولات کی پابندی، غیر معمولی احساسِ ذمہ داری اور عشقِ قرآن کا پیکر تھی، اور جس نے ہزارہا شاگردوں کی زندگیوں کو سنوارا۔ ان کے اوصاف و کمالات کا احاطہ کرنا دشوار ہے؛ وہ بیک وقت ایک شفیق معلم، باصلاحیت منتظم اور ایک عظیم ادارے کے مہتمم تھے، تو دوسری طرف ایک سماجی کارکن بھی، جو ہر طرح کے علمی، سماجی، رفاہی اور سیاسی و غیر سیاسی اجلاس میں شریک ہو کر پوری قوت و جرات کے ساتھ اپنی بات رکھتے تھے۔ بلاشبہ وہ اپنی وضع داری اور روایات کے اعتبار سے اسلاف کی یادگار تھے۔
میں دار العلوم ندوۃ العلماء سنہ ۱۹۹۲ء میں آیا، ہشتم (معہد) میں داخلہ ملا۔ اس وقت جن چند اساتذہ کے نام طلبہ کی زبان پر تھے اور جن کا علمی و انتظامی رعب قائم تھا، ان میں ایک نمایاں نام ہمارے حضرت مہتمم صاحب کا بھی تھا۔ اس وقت یہ جملہ بہت معروف تھا: ’’اسد الندوہ‘‘ یعنی ندوہ کا شیر۔
دراز قد، توانا جسم، گندمی رنگت جس پر علم و عمل کا نور ہویدا، موزوں ناک، کشادہ پیشانی، بڑے بڑے کان، گہری بڑی آنکھوں کی کٹوری اور اس میں دوربین جڑی ہوئی آنکھیں، آنکھوں پر قدرے چوڑی گولائی والے فریم کی عینک، حلق کے قریب قریب ترشی ہوئی مونچھیں، نفاست سے بنی ہوئی بھری بھری گول یک مشت داڑھی جس میں سیاہی و سفیدی کی آمیزش، اور سر کے بیشتر بال سیاہ، سر پر دوپلی شیروانی ٹوپی۔ تعلیمی اوقات میں شیروانی میں ملبوس، کلی دار کرتا، علی گڑھی پاجامہ، سردیوں میں تعلیمی اوقات کے علاوہ بغیر کالر کی ڈھیلی ڈھالی گول گلے کی صدری، پاؤں میں قیمتی جوتا، اور گرمیوں میں لیدر کی معیاری چپل۔ سخت سردی میں فجر کی نماز میں اونی چادر جو کندھے سے اوڑھتے، کان ہمیشہ کھلے رکھتے۔
باوقار، بارعب، سخت کوش، محنت کش، دھن کے پکے، لگن کے سچے، پابندِ اوقات، شب زندہ دار، قرآن کے عاشقِ زار، بلند پایہ ادیب و صحافی، عالمِ باعمل، صاف گو، پاک طینت اور معمولات کے سخت پابند۔ مشکل سے مشکل کام کو اپنی لگن اور جہدِ مسلسل سے سر کرنے والے، اپنے فیصلوں پر اٹل رہنے والے، ندوہ کے عربی ترجمان ’البعث الاسلامی‘ کے چیف ایڈیٹر اور روزِ اول سے اس کے شریکِ کار، عربی و اردو زبان پر یکساں عبور رکھنے والے، دار العلوم ندوۃ العلماء کے مہتمم، انٹیگرل یونیورسٹی کے چانسلر، دینی تعلیمی کونسل کے صدر، اور اسی طرح کے درجنوں مناصب پر فائز، منبر و محراب کی زینت، ندوہ کی جامع مسجد کے امام و خطیب، بہت سی کتابوں کے مصنف، زبان و ادب کے رمز شناس اور کئی نسلوں کے مربی و استاد، استاذ الاساتذہ حضرت مولانا ڈاکٹر سعید الرحمان اعظمی ندویؒ، جن کے نام کے ساتھ اب ’’رحمۃ اللہ علیہ‘‘لکھا جائے گا۔
خاندانی پس منظر، تعلیم:
حضرت مہتمم صاحب مئو ناتھ بھنجن کے ایک متوسط، دیندار اور علمی گھرانے میں ۱۴؍ مئی ۱۹۳۴ء کو پیدا ہوئے۔ آپ کے والدِ ماجد حضرت مولانا ایوب اعظمیؒ صاحب دار العلوم دیوبند کے فاضل، جامعہ اسلامیہ تعلیم الدین ڈابھیل کے شیخ الحدیث اور علامہ انور شاہ کشمیریؒ کے ارشد تلامذہ میں سے تھے۔ آپ کے دادا بھی متقی اور دیندار بزرگ تھے۔ آپ کے بڑے بھائی حکیم عزیز الرحمان صاحب طبیہ کالج دیوبند میں استاد تھے؛ جب خانوادے میں ایسے اہلِ علم موجود ہوں تو ایک ہونہار بچے کو بلندیوں تک پہنچنے سے کون روک سکتا ہے۔
چنانچہ آپ نے اپنے علاقے کے معروف مدرسہ مفتاح العلوم میں درسِ نظامی کے مطابق عالمیت تک تعلیم حاصل کی، جس کے بعد آپ کو دار العلوم دیوبند بھیجا گیا؛ لیکن وہاں کا ماحول آپ کے مزاج کو موافق نہ آیا اور آپ اپنے وطن واپس آ گئے۔ کچھ مدت اپنے وطن ہی میں والد صاحب کے پاس رہ کر تعلیم میں مشغول رہے؛ اس کے بعد والدِ محترم حضرت مولانا ایوب صاحب نے مفکرِ اسلام حضرت مولانا سید ابوالحسن علی حسنی ندوی رحمۃ اللہ علیہ کی خدمت میں خط لکھ کر دار العلوم ندوۃ العلماء بھیجا اور آپ نے دار العلوم ندوۃ العلماء میں’’تخصص فی الادب‘‘ میں داخلہ لیا۔ ندوہ کی فضا آپ کو خوب راس آئی اور یہاں کے اساتذہ، بالخصوص حضرت مولانا سید ابوالحسن علی حسنی ندوی (علی میاںؒ) سے ایسا قلبی و روحانی تعلق قائم ہوا کہ آپ ندوہ ہی کے ہو کر رہ گئے؛ ندوہ اور ندویت کا رنگ آپ پر ایسا غالب آیا کہ وہ ندوی روایات کے حقیقی پاسبان اور امین بن گئے۔ وضع قطع، نشست و برخاست، رکھ رکھاؤ؛ کسی ادا سے یہ گمان بھی نہیں گزرتا تھا کہ آپ کی ابتدائی تعلیم ندوہ سے کہیں باہر ہوئی ہے۔
ندوۃ العلماء اور خدمات:آپ۱۹۵۵ء میں دار العلوم ندوۃ العلماء میں مدرس مقرر ہوئے، تدریس کے فرائض انجام دینے کے ساتھ ساتھ صحافت و ادارت کے میدان سے بھی وابستہ رہ کر گراں قدر خدمات انجام دیں۔ آپ ۱۹۵۵ء میں ندوۃ العلماء کے عربی ماہنامہ البعث الاسلامی‘‘ اور۱۹۵۹ء میں پندرہ روزہ "الرائد” کے اجراء کے وقت شریکِ ادارت رہے۔ ۱۹۹۳ء سے۱۹۹۹ء تک دار العلوم ندوۃ العلماء میں عمید کلیۃ اللغۃ العربيہ وآدابہا (شعبۂ عربی زبان و ادب کے ڈین) کے منصب پر فائز رہے۔
عالمی سطح پر آپ کی ادبی و فکری وابستگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ آپ۱۹۸۶ء میں عالمی رابطہ ادبِ اسلامی کے تاسیسی اراکین میں شامل ہوئے۔ اس کے علاوہ آپ۲۰۰۰ء سے ۲۰۲۶ء تک دار العلوم ندوۃ العلماء کے اہتمام کے منصبِ عالی پر فائز رہ کر طویل عرصے تک ادارے کی تعلیمی و انتظامی سرگرمیوں کی نگرانی فرماتے رہے۔
معمولاتِ زندگی:
مولانا کی پوری شخصیت دراصل ایک کسبی شخصیت” تھی، یعنی وہ اپنی بے مثال محنت، ریاضت اور لگن کے بل بوتے پر اس مقام تک پہنچے تھے۔ وہ اپنے کام کے تئیں بے حد مخلص تھے۔ جس کام کا بیڑا اٹھایا، اسے پایۂ تکمیل تک پہنچا کر ہی دم لیا۔ معمولات کی ادائیگی میں کوئی عذر حائل نہیں ہو سکتا تھا؛ شاید ان کی لغت میں لفظ "عذر” تھا ہی نہیں۔ سفر ہو یا حضر، کام سے کام؛ سفر سے واپس آتے تو وہیں سے معمول شروع ہو جاتا۔ اگر دار العلوم کا وقت ہوتا تو گھر پر آرام کے بجائے سیدھے دفتر یا کلاس کا رخ کرتے؛ تہجد کے وقت پہنچتے تو مصلے پر، نماز کے وقت پہنچتے تو مسجد میں، اور تدریس کے وقت پہنچتے تو درسگاہ میں۔ الغرض، ہر کام کا ایک وقت اور ہر وقت کے لیے ایک کام متعین تھا۔
صبح کے وقت جب کلاس کے لیے گھر سے نکلتے تو رواقِ عبد الحئی کے پاس چھوٹے دروازے سے داخل ہوتے، اور مسجد کے سامنے سے گزرتے ہوئے فیلڈ کے بیچ سے گزر کر دار العلوم میں آتے۔ جیسے ہی آہٹ ملتی کہ حضرت احاطے میں داخل ہو چکے ہیں، راستہ فوراً خالی ہو جاتا اور سناٹا چھا جاتا تھا۔ کوئی طالب علم ان کے سامنے پڑنے کی ہمت نہیں کرتا تھا۔ آخری دور میں جب چلنے پھرنے سے معذور ہو گئے اور موٹر کار سے آنے لگے، تو ایک چپراسی مقرر تھا جو ان کی آمد کے وقت راستے پر کھڑا ہو کر اشارہ کرتا تاکہ راستہ صاف رہے؛ کیوں کہ اگر کسی وجہ سے گاڑی سست کرنی پڑتی تو پھر اس کی شامت آ جاتی تھی۔
مولانا ایک طویل عرصے تک مشرفِ اداری” (ناظمِ امورِ طلبہ /انتظامی نگران) رہے۔ اس وقت اس منصب کی حیثیت وہی تھی جو آج کارگزار مہتمم کی ہے۔ طلبہ کے تمام امور، بالخصوص داخلے کا مرحلہ، انھیں کے زیرِ نگرانی طے پاتا تھا۔ ہر طالب علم کو ان کے سامنے سے گزرنا ہوتا تھا اور وہ خود دستخط فرماتے تھے۔
طرزِ تدریس:
مولانا سے میں نے دو سال عربی انشا پڑھی؛ رابعہ (الف) اور فضیلت اول میں۔ ان کے انشا پڑھانے کا انداز بالکل منفرد تھا۔ درسگاہ میں تشریف لاتے، اپنی نشست سنبھالتے اور خود حاضری لیتے۔ اس کے بعد اپنے مخصوص لہجے میں فرماتے: "نعم!” اور اردو بولنا شروع کر دیتے۔ تقریباً ایک صفحے کے بقدر املا کرانے کے بعد خاموش ہو جاتے اور طلبہ سے فرماتے: عربی بناؤ!”۔ تھوڑی دیر بعد پھر آواز گونجتی: "نعم!”۔ اگر کسی طالب علم نے جملے بنائے ہوتے تو وہ سناتا، ورنہ پھر خود ہی روانی سے فصیح عربی بولنا شروع کر دیتے۔ طلبہ اسے قلم بند کر لیتے، پھر ایک ایک کر کے کاپیاں پیش کی جاتیں جن پر وہ بڑی باریک بینی سے نظر ڈالتے پھر دستخط فرماتے، اور باقی ماندہ کاپیاں نمازِ عصر کے بعد مسجد میں بیٹھ کر جانچتے۔
وہ صرف زبان و قواعد پر ہی نگاہ نہیں رکھتے تھے بلکہ عربی املا پر حد درجہ زور دیتے تھے۔ ہمزۂ اصلی اور ہمزۂ وصلی کے فرق کا بے حد التزام تھا۔ اگر کسی سے اصلی ہمزہ پر علامت (الف پر چھوٹا ء) چھوٹ جاتی تو فوراً کاپی دور نظر آتی۔ اسی طرح شوشوں اور نقطوں کی باریکیوں پر کڑی نظر رکھتے۔
مجھے مولانا سے ادبِ عربی پڑھنے کا بھی موقع ملا؛ آپ عبارت فہمی اور نحوی و صرفی تحلیل پر زور دیتے تھے؛ فاعل، مفعول اور تراکیب کی کڑی جانچ کرتے اور درس کا بیشتر حصہ عربی ہی میں ہوتا تھا۔ کلاس میں ایسا جلال اور سکوت ہوتا تھا کہ ورق پلٹنے کی آواز بھی بمشکل سنائی دیتی تھی۔
حضرت مہتمم صاحب بے شمار خوبیوں کے مالک تھے اور انہوں نے اپنی حیاتِ مستعار انتہائی منظم، کامیاب اور مثالی انداز میں گزاری۔ آنے والی نسلوں کے لیے ان کی زندگی میں عبرت اور رہنمائی کے بے شمار پہلو موجود ہیں۔ اس مختصر خاکے میں ان کی تصنیفی، انتظامی اور دیگر مساعی کا صرف ذکر آیا ہے جو مستقل تفصیلی مضامین کے طالب ہیں۔ امید ہے کہ اہلِ قلم ان شاء اللہ ان کی حیات کے مختلف پہلوؤں پر خامہ فرسائی کریں گے اور ان کا حق ادا کریں گے۔ان صدہا خوبیوں کے حامل، جہدِ مسلسل اور عملِ پیہم سے متصف شخصیت ۷؍اکتوبر ۲۰۲۶کو ہم سے رخصت ہو گئی۔
ظہر کے بعدکھانے سے فارغ ہو کر لیٹا ہی تھا کہ برادرم عامر بیگ کا فون آیا اور انھوں نے خبر کی تصدیق کرنی چاہی۔ میں نے فون کاٹ کر واٹس ایپ کھولا تو خبر کا یقین کرنا پڑا۔ پھر میں نے بلا تاخیر گاڑی نکالی اور حضرت مہتمم صاحبؒ کے مکان واقع ’مکارم نگر‘ چل پڑا۔ وہاں پہنچا تو دیکھا طلبہ کا تانتا لگا ہوا ہے۔ اندر گیا تو حضرت ناظم صاحب دامت برکاتہم اور نائب مہتمم دار العلوم مولانا عبد العزیز صاحب جسدِ خاکی کے پاس کرسیوں پر تشریف فرما تھے۔ تھوڑی دیر کھڑا رہا، زیارت کر کے باہر نکل آیا اور حضرت مہتمم صاحب کے صحن میں رکھی ایک کرسی پر بیٹھ کر آنے جانے والوں کو دیکھتا رہا، پھر سیدھے گھر واپس آ گیا۔
تھوڑی دیر بعد یہ بھی طے ہو گیا کہ کل صبح یعنی ۸؍ اکتوبر کو صبح آٹھ بجے نمازِ جنازہ ہوگی۔ جنازے کو باہر لا کر برآمدے میں رکھ دیا گیا اور زیارت کرنے والوں کا تانتا بندھ گیا۔ رات تقریباً ۱۱؍ بجے دوبارہ گیا تو دیکھا حضرت ناظم صاحب مدظلہ العالی پھر حاضر ہیں اور مولانا عبد العزیز صاحب تو سہ پہر چار بجے سے ہی وہیں بیٹھے رہ گئے تھے؛ اس وقت بھی ہجوم اسی طرح تھا اور بھیڑ کا احساس برقرار تھا۔
صبح فجر کے بعد مہمان خانہ کی طرف گیا کہ شاید جنازہ آ گیا ہو، لیکن ابھی نہیں لایا گیا تھا؛ لہٰذا میں گھر واپس آ گیا۔ پھر صبح فیلڈ میں نمازِ جنازہ میں شرکت کے لیے نکلا تو فیلڈ دو تہائی بھر چکی تھی۔ جیسے ہی آٹھ بجے، حضرت ناظم صاحب نے تکبیر کہی اور نمازِ جنازہ آٹھ بج کر چار منٹ پر مکمل ہو گئی۔ ایسی وقت کی پابندی شاید ہی کسی کے جنازے میں دیکھی گئی ہو۔ شاید اس میں بھی حضرت مہتمم صاحب کی اپنی وقت کی پابندی کا اثر تھا؛ جو شخص زندگی بھر ایسا پابندِ وقت رہا کہ اس کی ذات ضرب المثل بن گئی تھی اور لوگ اپنی گھڑیاں ملاتے تھے، ایسے شخص کے جنازے میں تاخیر کسی طرح زیب بھی نہیں دیتی تھی۔
پھر جنازے کو طلبہ نے کاندھا دیا اور ڈالی گنج قبرستان تک لے گئے۔ پولیس انتظامیہ نے نظم و نسق بہت عمدہ سنبھال رکھا تھا، ہر موڑ اور چوراہے پر اہلکار تعینات تھے اور کہیں سے کوئی بدنظمی یا جام نہ لگنے دیا۔ قبرستان میں تدفین اور مٹی دینے کے وقت شدید ازدحام ہوا۔ وہاں عدمِ توجہی کے باعث قدرے پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ میں تو دو مرتبہ ہجوم سے باہر نکل آیا اور گمان ہونے لگا کہ شاید مٹی نہ دے سکوں۔ اسی دوران ہلکی پھوار بھی پڑنے لگی جس سے بھیڑ منتشر ہونے لگی۔ برادر نجیب الحسن بضد تھے کہ اب رہنے دیں، مٹی نہیں دیں گے، لیکن میں نے کہا تھوڑی ہمت کیجیے ورنہ زندگی بھر یہ خلش ستاتی رہے گی۔ بہرحال، جب اس مرتبہ ہم قبر کے قریب پہنچے تو بیشتر لوگ جا چکے تھے اور گنتی کے چند احباب باقی تھے، چنانچہ بڑی سہولت سے مٹی دی۔ پھر یہ طے پایا کہ کچھ دیر اور رک جائیں تاکہ آخری دعا میں بھی شرکت ہو جائے۔ اس طرح حضرت مہتمم صاحب کی وفات و تدفین کے مراحل انجام پائے اور آخری شرکت کی سعادت ملی۔ اللہ تعالیٰ ان کی بال بال مغفرت فرمائے، درجات بلند کرے اور لغزشوں سے درگزر فرمائے، آمین
