بیدر۔ 13؍ستمبر (محمدیوسف رحیم بیدری): مولانا وحیدالدین خان سکریڑی جماعت اسلامی ہند کرناٹک نے بنگلور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ، جماعت اسلامی ہند، کرناٹک، 13 سے 22 ستمبر 2024 تک ’’حضرت محمد۔ پیکراخلاق‘‘ کے نام سے دس روزہ مہم پورے کرناٹک میں چلا نے جارہی ہے، جس کے مقاصد میں 1) نبی کریم ﷺ کو تمام انسانیت کے رہنما کے طور پر متعارف کرانا۔(2) آپ کی انسانیت نواز اور عظیم تعلیمات کو وسیع پیمانے پر پھیلانا اور غلط فہمیوں کا ازالہ کرنا۔3) معاشرتی مسائل کا حل پیغمبرانہ تعلیمات کی روشنی میں پیش کرنا۔اور(4) مسلمانوں کو اس بات کی یاد دہانی کرانا تا کہ وہ انسانیت کے سامنے حق کے گواہ بنیں۔
اس مہم کے تحت مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ لاکھوں افراد تک پیغمبر اسلام کی سیرت اور ان کے پیغام کو پہنچا یاجا سکے، جس میں انفرادی ملاقاتیں، اجتماعات، تقاریر، مضمون نویسی کے مقابلے، سیمینارز، عوامی خطبات، اور پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا اور سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں تک پیغام پہنچاناشامل ہے۔ نبی کریم ﷺ کی سیرت اور تعلیمات پر مشتمل کتابچے اور کتب وسیع پیمانے پر تقسیم کئے جائیں گے۔ امید ہے کہ اس مہم کے ذریعے معاشرے میں محبت،  یگانگت اور اعتماد کا ماحول پیدا ہوگا اور معاشرے میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور پیغمبرانہ اخلاق کی ترویج میں مدد ملے گی۔
کنڑ زبان میں وسیع پیمانے پر تقسیم کے لیے کتابیں:(1) حضرت محمد ﷺ کی زندگی اور تعلیمات(2)  رسول اللہ ﷺ دنیا کے رہنما(3) عظیم شخصیات کی رائے نبی کریم ﷺ کے بارے میںدی جارہی ہیں۔ اس موقع پر کنڑی کتاب کی رسمِ اجراء بھی انجام دی گئی۔ مولانا وحیدالدین خان سکریڑی JIHکرناٹکا کے ساتھ دیگرسکریڑی اور ذمہ داران جناب سید اکبرعلی ، جناب طلحہ ، جناب ریاض رون اور دیگر موجودتھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے