بیدر۔ 20؍ستمبر (محمدیوسف رحیم بیدری): ہمناآباد میں عیدمیلادالنبی کے حوالے سے سوشیل میڈیا پر غلط اطلاع دیتے ہوئے لوگوں کواکسانے والے کے خلاف محکمہ پولیس نے اپنے طورپر ایف آئی آر درج کیاہے۔ تفصیلات کے بموجب 19؍ستمبر کی شب 10:30 بجے ہمناآباد پولیس اسٹیشن کے اسٹاف میں سے جناب منجوناتھ ریڈی سی پی سی 1867 نے اسٹیشن حاضر ہوکر بتایا کہ ایک خبرملی ہے۔ خبرکی تفصیل یہ ہے کہ میں پولیس اسٹیشن کی خفیہ اطلاع کا فریضہ انجام دیا کرتا ہوں۔ 19؍ستمبر کو دوپہر اطلاع ملی کہ مسلم بھائیوں نے عید میلادالنبی ﷺ کے ضمن میں ہمناآباد میں ایک جلوس نکالا۔ اس ضمن میں ہمناآباد کے چوک پر تمام پولیس افسران اور اسٹاف بندوبست کا فریضہ انجام دے رہے تھے۔

شام 6بجے کسی نے عید میلاد تہوار کے جلوس کی ویڈیو سوشیل میڈیا پر ڈال کرلکھا کہ ’’جئے سنہا نگر (ہمناآباد) میں بھارت دیش کے پرچم کا اپمان کرنے والے مسلمان ہیں۔ حکومت اور افسران کدھر ہیں؟ یہ کہہ کر ویڈیو اپلوڈ کیا گیا۔ جس کو میں نے دیکھا جب کہ بھارت کے پرچم کا اپمان کرنے کی واقعی کوئی خبر نہیں تھی۔ کسی نے خواہ مخواہ کے ہمناآباد شہر کا نام لے کر جعلی خبرسوشیل میڈیا پر ڈال دی ہے۔ لہٰذا اس کا پتہ لگا کراس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرنے کی میں اپیل کرتاہوں۔

اس اپیل پر ہمناآباد پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر 145/2024درج کرتے ہوئے دفعہ 353 بی این ایس کے تحت تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ یہ اطلاع پولیس ذرائع نے دی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے