عوام کو خون عطیہ کے تئیں بیدار کرنا الفلاح فاؤنڈیشن کا مقصد: ذاکر حسین

 

اعظم گڑھ، 29 ستمبر (عقیل احمد خان): خون عطیہ کی تنظیم الفلاح فاؤنڈیشن نے اپنا پانچواں یومِ تاسیس بطور یومِ مدد بڑی دھوم دھام سے منایا۔ اس موقع پر اعظم گڑھ کے سنجر پور میں واقع ہاشم سنجری کے اے ایچ کمپیوٹر انسٹیٹیوٹ سنجر پور میں شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں بطور مہمان خصوصی الفلاح فاؤنڈیشن کے نعمان سنجری اور حبیب سنجری شامل ہوئے۔

پروگرام کی صدارت الفلاح فاؤنڈیشن کے رکن اور الفاروق پبلک اسکول کے مینیجر ڈاکٹر ذیشان نے کی۔ پروگرام کے مہمان ذی وقار معروف نوجوان شاعر شارق انعامی، الفلاح فاؤنڈیشن شاہ گنج یونٹ کے اسمعیل شیخ اور حافظ عبداللہ رہے۔ پروگرام کا آغاز عبدالعظیم اصلاحی کے تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا۔ تنظیم کا تعارف مقرر خاص نصیب یزدانی نے پیش کیا۔ حاجی ٹینٹ ہاؤس سنجر پور کے مالک اور پروگرام کے روح رواں ظفر سنجری نے پروگرام منعقد کرانے میں اپنا اہم رول ادا کیا اور تنظیم کو اپنا مکمل تعاون دیا۔ پروگرام کے میزبان اور الفلاح فاؤنڈیشن کے ستون معاذ سنجری، ارحم سنجری اور ان کے ساتھیوں نے پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔

پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے الفلاح فاؤنڈیشن کے بانی ذاکر حسین نے شرکاء سے خطاب میں خون عطیہ کرنے کی اپیل دہرائی۔ انہوں نے کہا کہ خون عطیہ کے تئیں عوام کو بیدار کرنا الفلاح فاؤنڈیشن کا مقصد ہے۔ پروگرام کے تعلق سے گفتگو میں مسٹر ذاکر نے کہا کہ ہمارے سامنے عبدالعظیم اصلاحی نے قرآن کی سورہ حمزہ اور سورہ ماعون کی تلاوت کی۔ دونوں سورہ سے ہمیں اخلاق کا درس ملتا ہے۔ ہمیں غیبت، طعنے کی برائی سے خود کو بچانا ہوگا، ہمیں اپنی دولت کو جمع کرنے کے علاوہ اللہ کی راہ میں خرچ کرنا ہوگا، ہمیں یتیموں اور مسکینوں کا خیال رکھنا ہوگا۔ ہم سب کو اپنے اخلاق کو بہترین بنانے کی کوشش کرنی ہوگی۔ وہیں ڈاکٹر ذیشان نے تعلیم پر توجہ دینے کی بات کہی۔ پروگرام میں اپنی دلکش آواز سے شارق انعامی نے سامعین کو مسحور کر دیا۔ پروگرام میں مفت بلڈ کی جانچ حبیب پیتھالوجی سنجر پور کی طرف سے کی گئی۔ پروگرام کے آخیر میں معاذ سنجری نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر الفلاح فاؤنڈیشن کے اسامہ، مقیم، ویبھو کمار، باسط، توصیف علیگ، زید، تابش، عثمان، جمال، ذیشان، احمد اللہ سمیت دیگر معزز فراد موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے