عبدالرحمن عمری کی خصوصی رپورٹ
ریاض(سعودی عرب): اترپردیش اوورسیز ویلفیئر ایسوسی ایشن (اپووا) نے معروف صحافی اشرف علی بستوی کا خیر مقدم کیا جو ان دنوں سعودی عرب کی راجدھانی ریاض میں صحافتی دورے پر ہیں- آپ نے عرض کیا کہ میں نے صحافت کا میدان منتخب کیا جو شاخ گل بھی ہے اور شمشیر بے نیام بھی- صحافت مردہ قوموں کو بیدار کرنے کا ہنر بھی جانتی ہے نیز دلوں میں ولولہ اور حوصلہ بھی پیدا کرتی ہے۔ اپنی گفتگو کو مزید بڑھاتے ہوئے عرض کیا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ ہوتا ہے نیز حکمرانوں اور عوام کے درمیان پل کا کام کرتا ہے۔
اشرف علی بستوی نے مزید کہا کہ ہمیں حکمت عملی اور پوری بصیرت کے ساتھ صحافت کے میدان میں کام کرنا ہے اس لیے کہ تاريخ گواہ ہے کہ قلم کو ہمیشہ فتح ملی ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اس کی باگ ڈور باکردار ، بااخلاق اور حق گو افراد کے ہاتھ میں ہو۔
اپووا کے حالیہ صدر حافظ زہیر احمد کی قرأت كلام پاک سے پروگرام کا آغاز ہوا۔ جنرل سکریٹری عبدالرحمن عمری نے اپووا کا تعارف پیش کرتے ہوئے بتایا کہ یہ اپنے قیام 2009 سے اپنے مشن میں رواں دواں ہے اور اس کا علمی ، ثقافتی ، سماجی اور رفاہی مزاج برقرار ہے۔ اپووا احباب میں یہ فکر پیدا کرتی ہے کہ
ہے پیش نظر تیرے جو انسانی مفادات
قدرت سے تری اور شناسائی بڑھے گی
نیز
اگر تو نے نکالا ہے کسی کے پاؤں کا کانٹا
تو یہ طے ہے ترے دل میں کوئی انسان رہتا ہے
تعارف کے آخری حصہ میں عمری نے مزید کہا کہ ہمارے افراد ایمبیسی، اسکول، یونیورسٹی، کمپنی نیز اموبا اور جامعہ ملیہ اسلامیہ الومنائی ریاض میں کلیدی رول ادا کر رہے ہیں۔

سابق صدر اپووا عرفان احمد نے مہمان صحافی کا مختصر تعارف پیش کرتے ہوئے عرض کیا کہ آپ کا تعلق یوپی کے ضلع سنت کبیر نگر سے ہے۔ ترکی، سعودی عرب اور ایران سمیت متعدد صحافتی و علمی کانفرنسوں میں آپ کی شرکت رہی ہے۔ فی الحال نیوز پورٹل ایشیاء ٹائمز کے چیف ایڈیٹر ہیں جو آپ کی نگرانی میں گذشتہ آٹھ سال سے بحسن و خوبی جاری ہے۔
اس موقع پر صدر جامعہ ملیہ اسلامیہ الومنائی ریاض انجینئر غفران احمد نے مملکت میں تجارت کے فروغ پر روشنی ڈالی نیز احباب کو یہ پیغام دیا کہ تجارت پر فوکس کرکے اپنے آپ کو مضبوط کریں۔

اپووا کے سرپرست انجینئر عبدالمعین خان ، سابق جنرل سکریٹری ڈاکٹر عبدالاحد چودھری اور اپووا کے فعال ممبر عبدالمبین ندوی نے سماجی اور ملی مسائل پر مہمان سے تبادلہ خیال کیا۔
پروگرام کے اختتام پر اشرف علی بستوی کو تہنیت پیش کرتے ہوئے یادگاری میمنٹو پیش کیا گیا۔
