حضرت مولانا مفتی رحمت اللہ صاحب ندوی
استاذ حدیث وفقہ دار العلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کامدرسہ عربیہ تعلیم القرآن سمریاواں کے جلسہ دستار بندی کے موقع پر جامع اوراہم خطاب۔
ناقل : محمد عاصم، محمد عادل عالیہ اولی شریعہ
جلسہ دستار بندی کے پروگرام سے طلبہ ،اساتذہ ،والدین اور مدرسہ میں اپنا قیمتی سرمایہ لگانے والے ان تمام احباب کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے جو اپنی محنت کی کمائی مدرسہ پر خرچ کرتے ہیں اور اہل مدارس اس کو بہترین کاموں اورنئی نسلوں کی تعلیم و تربیت ،اور دینی واصلاحی ضرورت میں صرف کرتے ہیں، تمام گارجین اور ذمہ داران سے درخواست ہے کہ وہ دینی مزاج بنائیں ،شریعت کے مطابق عمل کریں، اپنے بچوں کو دین کی راہ میں وقف کریں ،حافظ قرآن اور عالم دین بنائیں ،اور ایک کامیاب داعی بنا کر امت کے سامنے پیش کریں ۔
لائق صد مبارک باد ہیں وہ والدین جو اپنے بچوں کی صحیح تربیت کرتے ہیں ،ان کو دینی علوم سے آراستہ کرتے ہیں، حافظ قرآن بناتے ہیں، ہم نے حفظ قرآن مجید کے جو فضائل پڑھ یا سن رکھا ہے کہ حافظ قرآن کے والدین کو تاج پہنایا جائے گا، یہ برحق ہے لیکن یہ بات بھی ان والدین اور سرپرستوں کو یاد رکھنی چاہئے کہ وہ اپنے عقیدہ اور ایمان کی حفاظت کریں،ان کومضبوط ومستحکم کریں،حلال کو حلال اور حرام کو حرام سمجھیں ،محض اس بات پر تکیہ نہ کریں کہ ہمارا بچہ حافظ قرآن ہوگیا ،عالم دین بن گیا، اب تو ہمارا بیڑا پار ہے ،ہم جنت کے حقدار ہو گئے، اوراس خوش فہمی میں مبتلا ہو کر احکام شرعیہ سے غافل ہوجائیں اور عمل کرناچھوڑ دیں، یاد رکھیں ہمیں ہمیشہ اپنا محاسبہ کرتے رہناچاہئے، دینی تقاضوں کو پورا کرنا چاہئے ،اور اپنے اندر ایسی اہلیت پیدا کرنا چاہئے جس کی وجہ سے ہمارے بچوں کی سفارش ہمارے حق میں قبول کی جائے ۔
ایک بات اور ذھن نشین کرلیں حافظ قرآن بنانا بہت اچھی بات ہے لیکن ہر طالب علم اور ہر بچے کی ذہانت اور صلاحیت یکساں نہیں ہوتی، اس لیے اگر کوئی بچہ ایسا ہے جو ذہن کا کمزور ہے اور یاد کرنے میں اس کو طرح طرح کی دشواریوںکا سامنا کرنا پڑ رہا ہو، توفضیلت حاصل کرنے کے لیے کئی کئی سال اس میں لگانا کہ کسی بھی طرح وہ حافظ قرآن بن جائے، یہ مناسب نہیں ہے، کیونکہ تجربہ میں یہ بات آئی ہےکہ جن بچوں نےبہت زیادہ وقت قرآن کے حفظ میں لگایا وہ بعد میں اس کو سنبھال نہیں پائے ،اگر بچے کا ذہن نہیں چلتا ہے اور اس کے استاد نےتصدیق کر دی ہے کہ یہ بچہ کمزور ہے، اگر کسی طرح حافظ قرآن بن بھی جائے گا تو قرآن کو یاد نہیں رکھ پائے گا ، قرآن کو سنبھال کر نہیں رکھ پائے گا تو ایسے بچے کو کئی سال حفظ کی نذر کر دینا کہ کسی بھی طرح حفظ کر لے اور ہم کو یہ فضیلت حاصل ہو جائے، یہ اچھی بات نہیں ہے، کیونکہ اگر کوئی حفظ کر کے بھول گیا ہے اور حفظ کر کے قرآن کو یاد نہیں رکھ سکا ہے تو اس کے بارے میں بہت سخت وعیدیں ہیں، لہذا اگر بچے کا ذہن نہیں چلتا ہے تو اس کو ناظرہ قرآن بہتر کروادیا جائے اور اس کو عربی درجات میں یا کسی اور عصری ادارے جو تعلیم کے ساتھ ساتھ عقائد میں پختہ ہوں، ڈال دیا جائے اور ہر طرح سے بچے کی نگہ داشت کریں، اور ایسا کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے، ہر بچے کا حافظ قرآن ہونا اور ہر بچے کا ڈیڑھ دو سال کے اندر قرآن کویاد کر لینا یہ کوئی ضروری نہیں۔
اسی طرح جو حفاظ کرام اور علماء عظام ہیں ان سے درخواست ہے کہ آپ نے جو قرآن کریم حفظ کیا ہے اور آپ کو حفظ قرآن پر جو بشارتیں سنائی گئی ہیں، ان بشارتوں کے ساتھ ساتھ یہ بات بھی ذھن و دماغ میں بٹھا لیں کہ حافظ قرآن اور وں کی بنسبت زیادہ قرآن پڑھے ،قرآن پر عمل کرے، قرآن کے حلال کو حلال سمجھے ،حرام کو حرام سمجھے،فرائض اور واجبات کی پابندی کرے تو اسے اللہ کے یہاں وہ مقام ملے گا جو احادیث کے اندر آیا ہے اور جس کی بشارت دی گئی ہے۔لیکن اگرحافظ قرآن بن جائے ،عالم دین بن جائے اورخدانخواستہ اس کے عقیدے کے اندر بگاڑ آجائے اور وہ بہک کر گمراہی میں پڑ جائے اور اپنے مقصد کو بھول جائے ،وضع قطع درست نہ رہے ، اس کی سوچ اور فکر میں انحراف آجائے ، دنیا کے کاموں اور اس کی رعنائیوں میں پڑ کر وہ اپنا علم بھول جائیں اور علم کا استحضار نہ رہے تو بہت ہی خراب اور بہت ہی سنگین بات ہوگی ،لہذا میں حفاظ کرام سے عرض کروں گا جن کی دستار بندی ہونی ہے اور جو اس مجمع میں موجود ہیں ان سے کہوں گا کہ آپ نے جو قرآن کریم کی نعمت اور دولت اپنے سینے میں جمع کی ہے، اپنے ذہن و دماغ میں محفوظ کیا ہے، اس کو پڑھتے رہیے ،دہراتے رہیے اور عمل کرنے کا اپنے اندر جذبہ پیدا کیجئے اور یہ معلوم کیجیے کہ اللہ کی مرضیات کیا ہیں؟ ہم کو کیا کرنا چاہیے اور ہم کیا کر رہے ہیں ؟ کس راستے پر چلنا چاہیے اور کس راستے پر چل رہے ہیں؟ اور ہم کہاں اپنے اپ کو تباہ و برباد کر رہے ہیں ؟ صحیح کام اورصحیح راستے پر اپنے آپ کو لگا رہے ہیں یانہیں ؟اس بات کی ہم کو فکر کرنی چاہیے اور کسی بھی حافظ قرآن اورعالم دین کو جتنا حصہ اس نے علم کامحفوظ کیا ہے ،اس پر کسی بھی وقت مطمئن نہیں ہونا چاہیے، اپنے مطالعےکوجاری رکھنا چاہیے اور علم کی تجدید کرتے رہنا چاہیے، جو علم حاصل کیا ہے اس کا استحضار کرنا چاہیے،اللہ تعالی عمل کی توفیق دے۔
عوام الناس سے یہ عرض کرنا ہےکہ علماء اور حفاظ کو احترام کی نظر سے دیکھیں ،ان کی عزت اور قدر کریں ،ان کو حقیر نگاہ سے نہ دیکھیں اور نہ ان کی تذلیل کریں، کیوں کہ وہ انبیاء کرام علیہم السلام کے جانشین ہیں ،ان کے نائب ہیں اور ان کے علم کے وارث اور امین ہیں،خطبہ مسنونہ کے دوران جو حدیث پڑھی گئی ہے ،’’خيركم من تعلم القرآن وعلمه‘‘(تم میں سب سے بہترین شخص وہ ہے جو قرآن پڑھے اور پڑھائے)معلوم ہوا کہ قرآن مجید سے کسی بھی طرح کا شغف اور تعلق رکھنا بڑی فضیلت اور اہمیت ، اور سعادت و عزت اورسرفرازی کی بات ہے،خواہ الفاظ کا پڑھنا ہو،یا ناظرہ اور حفظ ہو،یا معانی کا فہم اور مطالب میں تدبر ہو،یا احکامات ،تعلیمات،اور ہدایات کی واقفیت اور ان پر عمل ہو۔علماء اور حفاظ کو دعوت دینا،ان کو اپنے گھر بلانا ،گھر اور مال کے لئے خیر و برکت کا ذریعہ ہے لیکن شادی بیاہ کے موقع پر ان کو مدعو کرکے ،اپنے یہاں بلا کر ان کے اور باراتیوں کے کھانے میں تفریق کرنا ،بھید بھاؤ کرنا انتہائی افسوس ناک اور شرمناک حرکت ہے،اور گھٹیا پن اور کمینگی کی علامت ہے ۔
مدرسہ کے اساتذہ کرام اور طلبہ کو مدعو کرکے ان کے ساتھ یہ برتاؤ اور سلوک بہت بدترین اور گھناؤنا ہے،اگر تم ان کی عزت اور ضیافت نہیں کرسکتے ہو تو مت بلاؤ ، ان کو دعوت مت دو، ان کو تمہارے پلاؤ زردے ،اور بریانی وقورمے کی قطعاً ضرورت نہیں ہے ،وہ مدرسہ کی سوکھی روٹی پر گزر بسر کرلیں گے ،لیکن ذلت کا کھانا نہیں کھائیں گے۔
شرم نہیں آتی کہ مہمانان رسول اور وارثین انبیاء کے ساتھ یہ سلوک کرتے ہو، باراتیوں کے ٹیبل پر طرح طرح کے کھانے اور وہیں دوسری طرف ان کی میز پر دوسرا کھانا ،جب کہ باراتیوں میں اکثریت بےنمازیوں کی ہوتی ہے ،ان میں بعض جواری اور شرابی ہوتے ہیں اور بعض بدکار اور بدکردار ہوتے ہیں ۔
بس اس مختصر اور محدود وقت میں یہی چند باتیں عرض کرنی تھیں ،ان فارغین سے جن کی دستار بندی ہونے والی ہے،دوسری بات ان کے والدین اورسرپرستوں سے جو یہاں اس وقت موجود ہیں اور تیسری بات عوام اور حاضرین و سامعین سے جو اپنا وقت نکال کر یہاں آئے ہیں ۔
۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰
