آج ہم سیکولر اصولوں پر ثابت قدمی سے وابستہ دوست سے محروم 
پوجیہ ڈاکٹر شرن بسوپا اپاجی کا حضرت ڈاکٹر سید شاہ گیسودراز خسرو حسینیؒ  کے سانحہ ارتحال پر اظہارِ تعزیت 
کلبرگی 8 / نومبر. (ڈاکٹر ماجد داغی):  مہاداسوہا ڈاکٹر شرن بسواپا اپاجی آٹھویں پیٹھادی پتی شرن بسویشور سماستھان کلبرگی اور شرن بسویشور ودیا وردک سنگھ کی چیئرپرسن محترمہ ڈاکٹر دکشینی اوواجی نے حضرت ڈاکٹر سید شاہ گیسودراز خسرو حسینیؒ سجادہ نشین بارگاہِ حضرت خواجہ بندہ نوازؒ  کے وصال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
        ایک مشترکہ تعزیتی پیغام میں ڈاکٹر اپاجی، جو شرن بسوایونیورسٹی کے چانسلر بھی ہیں اور ڈاکٹر اوواجی نے شرن بسویشور سمستھان اور درگاہ حضرت خواجہ بندہ نوازؒ  کے باہمی خوشگوار تعلقات کو قومی یکجہتی، بھائی چارہ اور اخوت کی شاندار مثال قرار دیتے ہوئے انہیں کلبرگی کی دو آنکھوں قرار دی اور حضرت ڈاکٹر سید شاہ خسرو حسینیؒ کے وصال کو ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج ہم ایک سچے دوست سے محروم ہوگئے ہیں جو سیکولر اصولوں پر ثابت قدمی سے قائم تھا۔
           ڈاکٹر اپاجی نے کہا کہ ڈاکٹر خسرو حسینیؒ نے نویں پیٹھادی پتی چرنجیوی دوڈپا اپا  کی پیدائش کے موقع پر سماستھان کا دورہ کیا تھا اور انہیں دعائیں دی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ حضرت ڈاکٹر سید شاہ خسرو حسینیؒ نے تعلیم کے میدان میں بے پناہ خدمات انجام دی ہیں اور تعلیمی اداروں کا ایک مضبوط جال بچھا کر تعلیم کے استحکام  میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے لاجواب مثال قائم کی ہے اور بنیادی طور پر خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی کا قیام انہیں کی کاوشوں کا ثمرہ ہے ۔ وہ ایک زبردست مصنف بھی تھے جنہوں نے مذہب اور سماجی موضوعات پر کئی کتابیں لکھیں ہیں۔ ودیا وردھک سنگھ کے سیکریٹری جناب بسوراج دیش مکھ، یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر انل کمار بڈوے، ڈین ڈاکٹر لکشمی پاٹل ماکا اور شرن بسوا یونیورسٹی کے دیگر عہدیداران نے بھی حضرت ڈاکٹر سید شاہ گیسودراز خسرو حسینیؒ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ حضرت ڈاکٹر سید شاہ گیسودراز خسرو حسینیؒ کی یاد میں فوری طور پر یونیورسٹی میں ایک ہنگامی تعزیتی اجلاس منعقد کر کے ان کے لئے دعائیں کی گئیں اور شرن بسوا یونیورسٹی کو تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے