’’عالمی یومِ اردو‘‘ پر ڈاکٹر رنجنا پاٹل پرنسپل، ڈاکٹر محمد منہاج الدین اورڈاکٹر پروین کمار کمٹھانے کا خطاب

بیدر۔ 9؍نومبر (محمدیوسف رحیم بیدری): اکامہادیوی ویمنس ڈگری کالج بیدر میں آج 9؍نومبرکو ’’عالمی یومِ اردو ‘‘ کے موقع پر ایک خصوصی تقریب کاانعقاد عمل میں آیاجس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمدمنہاج الدین صدرشعبہ ء اردو نے کہاکہ ’’اُردو ایک قدیم تہذیب سے جڑی ہوئی زبان ہے۔ امیرخسرو، کبیر ، پریم چند ، رگھوپتی سہائے فراقؔ نے اسی زبان کے سہارے اپناادبی سرمایہ اُردو زبان میںمحفوظ کررکھاہے۔ اولیائے کرام نے بھی اپناپیغام اسی اردو زبان کے ذریعہ دیا جس کو پہلے ریختہ کہا جاتاتھا۔ اردو زبان ہندوستان میں پیدا ہوئی ، اسی آنگن میں بڑی اور پھلی پھولی ۔ اردو زبان کاخمیرہندوستان کی سرزمین سے نکلاہے۔ یہ بھی سچ ہے کہ اگر ہندوستان نہ ہوتا تواردو زبان بھی نہ ہوتی ۔

بزم ِ اردو کی جانب سے منعقدہ اس تقریب کی صدارت کررہیں ڈاکٹر رنجنا پاٹل پرنسپل اکامہادیوی ویمنس ڈگری کالج بیدر نے اپنے صدارتی خطاب میں کہاکہ انسان کی پہچان اس کی زبان سے ہوتی ہے۔ زبان چاہے جو بھی ہو، انسان کی اپنی بولی کے ذریعہ اسکی تہذیب کی عکاسی ہوتی ہے۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر پروین کمار کمٹھانے صدرشعبہ ء انگلش نے کہاکہ اردو ایک شیریں زبان ہے ۔ شاعری اردو کی شان ہے۔ اوراس کی نمایاں خصوصیات میں سے ایک ہے۔

بزم اردو کی اس تقریب کاآغاز طالبہ مہرالنساء کی قرأت کلام ِ پاک سے ہوا۔ بی ایس سی کی طالبات لبنیٰ بیگم اور عالیہ بتول نے ترانۂ اردو پیش کیا۔ تقی النساء بی ایس سی سال ِ اول کی طالبہ نے اُردو کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔ عثمیرہ بی ایس سی سال دوم کی طالبہ نے نظامت کافریضہ انجام دیا۔ بزم کے آخر میں پھول اور چاکلیٹ تقسیم کئے گئے ۔ بزم کااختتام قومی ترانہ پرہوا۔ لیکچررس ڈاکٹر ششی کانت بڈیگیر ، ودیاساگر اور دیگر موجودتھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے