بیدر۔ 15؍ڈسمبر (محمدیوسف رحیم بیدری): دارالعلم گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے گزشتہ سال 2023 میں شروع کیا گیا ”سِحر البیان ایوارڈ” اس سال معروف ماہر تعلیم، مصنف، قرآنی اسکالر، اور فاؤنڈر و ڈائریکٹر اے جے اکیڈمی (کرناٹک)، محترم محمد عبداللہ جاوید صاحب کو پیش کیا گیا۔ یہ ایوارڈ دارالعلم اسکول کے فاؤنڈر و چیئرمن محمد حذیفہ ہدائی سر کے دادا جان، مرحوم عبدالمجید نصیر مالیگانوی کے نام سے منسوب ہے، جو استاذ الشعراء تھے۔ شہر کے کئی معروف شعراء نے ان کے سامنے زانوئے تلمذ تہہ کیا۔ آپ صاحبِ دیوان تھے اور ”فکرِ بلند” آپ کا مجموعۂ کلام رہا۔ شہر کی ناقابلِ فراموش ادبی انجمن ”بزمِ سخن” نے مسلسل 12 سال تک آپ کو اپنا مستقل صدر تسلیم کرکے آپ کی علمی اور ادبی خدمات سے اربابِ شعر و ادب کو روشناس کرایا۔شہر کی سب سے قدیم لائبریری، اردو لائبریری، میں آپ نے 30 برس تک اپنی خدمات پیش کی۔ مرحوم کو ایک مشاعرے میں ان کے ہم عصر شاعر، ادیب مالیگانوی نے ”سِحر البیان” کا خطاب دیا تھا۔

مرحوم کے نام اور خدمات کو زندہ رکھنے اور نئی نسل تک منتقل کرنے کے لیے ”سِحر البیان ایوارڈ” کا آغاز کیا گیا۔ دارالعلم انگلش میڈیم اسکول کی مینیجمنٹ کمیٹی نے یہ فیصلہ کیا کہ یہ ایوارڈ ہر سال شہر یا بیرونِ شہر سے تعلق رکھنے والی ایسی شخصیت کو دیا جائے گا جو اپنی فیلڈ میں انتہائی قابل، مخلص، بے لوث، اور گراں قدر خدمات انجام دے رہی ہو۔ اس مقصد کے لیے ایک کمیٹی پہلے سے تحقیق کرے گی۔ گزشتہ سال پہلا ایوارڈ ماہرِ تعلیم مبارک کاپڑی صاحب (ممبئی) کو دیا گیا تھا۔ یہ نہایت خوشی کی بات ہے کہ اس سال دوسرا ایوارڈ، ”سِحر البیان ایوارڈ 2024” برائے تعلیمی، ملی و قرآنی خدمات، مورخہ 2 دسمبر بروز پیر، منعقدہ قرآنی ورکشاپ کے موقع پر محترم محمد عبداللہ جاوید صاحب کو سرفرازکیاگیا۔
موصوف نے اس ایوارڈ کو قبول کرکے اس کی قدر و قیمت میں اضافہ کیا۔ حقیقت یہ ہے کہ اس ایوارڈ کو پیش کرکے ہم نے ان کی عزت افزائی نہیں کی، بلکہ انہوں نے اسے قبول کرکے ایوارڈ کو عزت و احترام بخشا۔اس بات کی اطلاع ڈپارٹمنٹ آف میڈیا، دارالعلم انگلش میڈیم اسکول، مالیگاؤںنے دی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے