بارہ بنکی(ابوشحمہ انصاری): طلبہ وطالبات کی ضرورتوں کو محسوس کرتے ہوئے امسال لکھنو شہر کے بلند باغ سی ٹی ریلوے اسٹیشن کے نزد ایک ڈیجیٹل لائبریری کا شاندار افتتاح کیا گیا۔ آج کل ڈیجیٹل لائبریری کی جانب نوجوان نسلوں کا رجحان تیزی کے ساتھ بڑھتا ہوا نظر آرہا ہے اور پڑھنے والے بچے اور بچیاں ڈیجیٹل لائبریری میں پہنچ کر اپنی ضرورتوں کے عین مطابق میٹریل سرچ کرکے اپنی تیاریاں کر سکتے ہیں۔ ہم جو میٹریل کی تلاش کرنا چاہتے ہیں وہ آسانی کے ساتھ ہمیں دستیاب ہو رہا ہے ۔ ڈیجیٹل لائبریری کے بارے میں جیسے جیسے بچوں کو معلوم ہو رہا ہے ویسے یہاں پر آرہے ہیں۔ معظم علی بتاتے ہیں کہ آج کے دور میں نیٹ پر ہر چیز آسانی کے ساتھ ہمیں دستیاب ہو جاتی ہیں ۔
پروفیسر عباس رضا نیر لکھنؤ یونیورسٹی نے اس لائبریری کا افتتاح کیا اور کہا کہ ان دنوں لکھنو شہر میں والدین اپنے بچوں کو ڈاکٹر اور انجینئر بنانے کی غرض سے شہر کی طرف بھیجتے ہیں۔ اس لئے ہم لوگوں نے سوچا کہ کوئی ایسی جگہ بنے جہاں طلبہ و طالبات سکون و اطمینان کے ساتھ پڑھائی کرسکیں ۔ ابراہیم اعظمی اور ہاشمی فاطمہ نے مزید بتایا کہ نیک نیتی کے ساتھ ہم نے یہ کام شروع کیا تھا اور وہیں سے کامیابی شروع ہوگئی ۔ کامیابی کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہوتا ہے کہ جو چاہیں وہ مکمل ہو جائے تب کامیابی ہے۔ لوگ پڑھ رہے ہیں اور کافی تعداد میں پڑھ رہے ہیں اور یہی ہمارے لئے کامیابی و کامرانی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ نئے ایڈمیشن شروع ہوگئے ہیں اور اس کی نگرانی کیلئے یہاں پر ابراہیم اعظمی اور ہاشمی ہیں جو 24 گھنٹے رہتے ہیں جنھیں ایڈمیشن چاہئے وہ ابراہیم اعظمی سے رابطہ کرکے لائبریری میں داخلہ لے سکتا ہے ۔ ہمارے یہاں لڑکیوں کے لئے علیحدہ کمرے کا معقول انتظام ہے اور ان کی آمد و رفت میں بھی کسی طرح کی کوئی مشکلات سامنے نہیں آئی ہیں ۔ انہوں نے سرپرستوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بچوں کا ایڈمیشن کرائیں ان شاءاللہ انھیں ہر طرح کی سہولیت یہاں پر ملے گی۔
لائبریری کے نگراں ابراہیم اعظمی اور ہاشمی کہتے ہیں کہ یہاں پر انٹرنیٹ کی بہتر سہولیات دستیاب ہیں اور کسی کو انٹرنیٹ سے متعلق کوئی بھی پریشانی ہوتی ہے تو ہم اس کو فوری درست کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ یہاں پر پڑھائی کیلئے بہتر ماحول ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر نیر، پروفیسر منتظر قائمی، کلب عباس، فرید احمد لکھنوی، معصوم فاطمہ، ہاشمی فاطمہ، اعجاز احمد، ابتسام ہاشمی اور فاطمہ زہرا وغیرہ موجود رہے۔
