از:۔ محمدیوسف رحیم بیدری، بیدر، کرناٹک
ڈاکٹر آرعبدالحمید عوام میں گھل مل جانے اور ان کے مسائل حکومتی سطح پر حل کرنے والے افسر کی حیثیت سے مشہور رہے۔ اور اسی دوران انھوں نے کرناٹک کی عوام کے اندرون سے ’’عوامی ادب‘‘ ڈھونڈ نکالا۔اور کئی ایک دشواریوں کے باوجود ’’لوک گیتوں‘‘ کی روایت کو ہم تک پہنچانے میں کامیابی حاصل کی ۔ جس کی ایک شکل ڈاکٹر آر عبدالحمید کی کتاب ’’کرناٹک میں عوامی ادب اور لوک گیتوں کی روایت ‘‘ہے۔
172صفحات کی یہ کتاب سال 2013ء کو عزم اکادمی ، آرٹی نگر بنگلورنے شائع کی۔وہ لوک گیت کاتعارف کراتے ہوئے لکھتے ہیں’’فنون لطیفہ میں شاعری کودیگر فنون پر فوقیت حاصل ہے اور چوں کہ لوک گیت بھی شاعری کاایک روپ ہے ، اسلئے لوک گیت کو بھی لوک ناچ (Folk Dance)، لوک سنگیت (Folk Music)لوک آرٹ اور دیگر عوامی فنون پر برتری حاصل ہے ‘‘(صفحہ 10) آگے
’’کرناٹک میں عوامی ادب اور لوک گیتوں کی روایت ‘‘کے نام سے 26صفحات پرمشتمل ایک مضمون ہے۔ جس میں موصوف نے سلطان محمد قلی قطب شاہ کو اردو کا پہلا صاحب ِ دیوان شاعر لکھاہے ۔بید رسے تعلق رکھنے والے سابق ایم ایل اے جناب محسن کمال مرحوم فیروزشاہ کو اردو کاپہلا صاحب دیوان شاعر کہتے تھکتے نہ تھے ۔ ان کا دعویٰ تھاکہ چوں کہ سلطان محمد قلی قطب شاہ کااستاد فیروزشاہ تھا۔ اس لئے پہلا صاحب دیوان شاعر فیروز شاہ ہوا۔ خیر ، ڈاکٹر عبدالحمید نے اردو کاپہلا نثر نگار ملاوجہی (سب رس کامصنف) کو بتایاہے۔ مرثیہ کی ابتداء بھی دکن میں ہوئی ۔ اس طرح کئی ایک باتوں کے علاوہ یہ بھی لکھاہے کہ ’’سلطنت ِ بہمنیہ کی تقسیم کے بعد گولکنڈہ اور بیجاپور کے ساتھ اردو کے دیگر مراکز میں گلبرگہ ، بیدراور احمد نگر کو بھی اہمیت خاص حاصل ہے ‘‘ (صفحہ 29) یہ دراصل موصوف کامعرکہ آراء مضمون ہے جس میں انھوں نے ٹیپوسلطان شہید سے متعلق بھی لوک گیتوں کے کئی ایک نمونیپیش کئے ہیں جس میں ہندومسلم بھائی چارہ اورآپسی محبت نمایاں ہوکر سامنے آتی ہے۔

لوک گیتوں کی ایک تعریف یہ ہے کہ ایسے گیت جس کی مالک عوام ہو۔ شاعر نامعلوم ہو۔ ڈاکٹر آرعبدالحمید نے لکھاہے کہ ’’کرناٹک میں امام بیگ تراب کے بعد لوک گیتوں کی شمع کو عبدالرحیم ممتا ز، قادرشریف صابر اور رشید ناصر صاحبان نے روشن رکھا۔ ممتاز اور صابر دونوں حضرت امیرمینائی کے شاگردتھے۔ اور ناصر کو تو میر فیاض علی لکھنوی سے شرف تلمذحاصل تھا‘‘ (صفحہ 52)
ایک اور مضمون ’’کرناٹک کے عوامی لوک گیت‘‘ میں موصوف نے مذہبی گیت ، جھولانامہ ، شادی بیاہ کے گیت، منگنی کی رسم، چوک (نامے ) بھراتی کے گیت ، ہلدی ، مہندی ، دلہن کی آرائش وزیبائش کے گیت ، بری کی رسم، دولہاکے متعلق چند لوک گیت ، منڈوے کے گیت ، مبارک بادی کے گیت، رخصتی ، جلوہ ،بہوکے گیت، ساس بہو کاجھگڑا کے گیت ، سمدھن کاگیت ، بہن کاگیت ، سہیلی کاگیت ، سیاں کاگیت ، پریم گیت ، گودبھرائی ، زچہ گیریاں ، چھٹی کے گیت ، جھولا، بسم اللہ خوانی اور عقیقہ کے گیت ، قومی یکجہتی کے گیت ،مزاحیہ لوک گیت پیش کئے ہیں اور آخر میں ’’کرناٹک کے لوک گیتوں کاتجزیہ اور لسانی خصوصیات‘‘ عنوان سے موصوف نے اپنے ریسرچ کئے ہوئے گیتوں کاتجزیہ بھی کیاہے اور کہاہے کہ ’’کرناٹک کے لو ک گیت کرناٹک کے عوام کے گیت ہیں۔ ان میں کرناٹک کے عوام کی تہذیبی ، ثقافتی ، تاریخی اور روزمرہ کی زندگی کی بھرپور عکاسی ملتی ہے۔ ان گیتوں کی زبان سیدھی سادی ، عام فہم اور دلکش ہے ۔ ان میں کسی قسم کی بناوٹ یا تصنع نہیں ملتا۔۔۔۔۔۔ یہ گیت کرناٹک کے عوام کاتہذیبی سرمایہ ہیں۔۔۔۔۔۔ ان گیتوںمیں اہل کرناٹک کے عام عوام کی محدسے لحدتک تمام تفاصیل شامل ہیں جو ان اردو لوک گیتوں کو ایک دستاویزی حیثیت دلاتی ہیں (صفحہ 171,170)
ڈاکٹرآرعبدالحمید بنیادی طورپر تحقیقی مزاج رکھتے ہیں۔ لوک گیتوں پر ان کاکام تین دہائیوں پر مشتمل ہے۔ جو حیرت میں مبتلا کردیتاہے۔ اگر ان کی تحقیق کاسارامواد شائع کرنا پڑا تو تقریباً ہزار صفحات صرف ہوں گے۔ان کے اس کام کی تعریف ڈاکٹر ماہر منصور ، پروفیسر سی سید خلیل احمدنے بھی کی ہے۔ ڈاکٹر داؤ دمحسن ایڈیٹر ’’اذکار‘‘ بنگلو رنے بھی ان کے کام کو سراہا ہے۔ ڈاکٹر عبدالحمید آج کل عزم اکادمی کے تحت مختلف کام انجام دے رہے ہیں۔ سنا ہے موصوف کی لائبریری دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے۔ ہماری دعائیں ڈاکٹر عبدالحمید صاحب کے ساتھ ہیں۔
ہمارے خیال میں’’ کنڑی لوک ادب‘‘ میں ہندومسلم بھائی چارہ اور ہندومسلم اٹوٹ دوستی سے متعلق جو لوک گیت ملتے ہیں ، ان کاترجمہ اردو زبان میں کیاجانا چاہیے تاکہ ہم کرناٹک کے مختلف علاقوں کے لوک ادب سے بھی واقف ہوسکیں۔ اور یہ کام ڈاکٹر آرعبدالحمید سے ہی ممکن ہے اور ڈاکٹر ماہر منصوربھی یہ فریضہ انجام دے سکتے ہیں ، اس کے لئے کرناٹک اردو اکادمی کو آگے آنا ہوگا۔یادیگر NGOsبھی اس طرف متوجہ ہوتی ہیں تو ایک بڑا کام عین ممکن ہے۔ ڈاکٹر آرعبدالحمید سے 7829383438 پررابطہ کیاجاسکتاہے۔
