بیدر۔ 24؍جنوری (پریس نوٹ): ’’ اللہ وہی ہے جس نے آسمانوں اورزمین کو چھ دن میںبنایاپھر وہ عرش پر قائم ہوا۔ وہ جانتاہے جو چیززمین میں داخل ہوتی ہے اور جو اس سے نکلتی ہے‘‘سورہ ء حدید کی یہ اور دوسری آیتوں کی تلاوت نومنتخب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی حلف برداری تقریب میں کی گئی۔ اور پھر اذاں دی گئی جس کو غیرملکی میڈیا نے نشر کیا۔ امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونالڈٹرمپ سمیت تمام شرکاء نے خاموشی اور احترام کے ساتھ تلاوتِ قرآن پاک اور اذان کوسماعت کیا۔ ہمیں بھی چاہیے کہ اللہ اور رسول اللہ ﷺ کاپیغام ِ امن ہر کسی کو بتائیں کیوں کہ ہدایت کا دینے والا اللہ ہے اور اسلام امن وسلامتی کامذہب ہے ۔ نبی کریم ﷺ کو اللہ نے تمام انسانیت کے لئے معلم بناکر بھیجا اور آپ ﷺ نے علم حاصل کرنے اور اس کو دوسروں تک پہنچانے کی تعلیم دی۔ ان خیالات کا اظہار تربیتی اجتماع منعقدہ مسجد قباء بیدر سے اقبال الدین انجینئر نے کیااور کہاکہ اللہ کو یہ پسند ہے کہ ہم دوسروں سے وہی سلوک کریں جس سلوک کا اپنے لئے دوسروں سے توقع رکھتے ہوں۔ مخلوقات سے بقدر استطاعت احسان کریں تب ہی ہمیں امن وسکون نصیب ہوسکتاہے۔نبی کریم ﷺ نے بچوں کوجنت کے پھول کہاہے اور اسقاط ِ حمل کوگناہ کبیرہ قرار دیاہے۔ جن کے گھر لڑکیاں پیداہوتی ہیں،ان کی پرورش پر جنت کی بشارت دی ہے۔ لڑکیوں کو خوش آمدید کہنا اور ان کاتحفظ کرنا تمام انسانیت کی ذمہ داری ہے۔ آج نیشنل گرل چائلڈ ڈے ہماری ریاست میں بھی دھوم دھام سے منایاجارہاہے۔ جناب اقبال الدین انجینئر نے بتایاکہ شب معراج النبی ﷺ کی آمد آمد ہے۔ ہمیں اس واقعہ کو بھی اپنے ذہن میں تازہ رکھناہے۔ آنحضرت ﷺ کو اس رات مسجد الحرام سے لے کر بیت المقدس تک براق پر سوار ہوکر حضرت جبرئیل کی رفاقت میں سفرکرایاگیا۔ پھر اسی رات بیت المقدس سے آسمان دنیا کی طرف تشریف لے گئے۔ وہاں آپ ﷺ نے ابوالبشر حضرت آدم ؑ سے ملاقات کی ۔ پھر بالترتیب ساتویں آسماں تک لے جایاگیااور ہر آسمان پر آپ ﷺ کی مختلف انبیاء سے ملاقات کرائی گئی۔ پھر آپ ﷺ کو سدرۃ المنتہیٰ اور بیت المعمور تک اٹھالیاگیا۔ اللہ سے ملاقات ہوئی اور اللہ تعالیٰ نے پانچ وقت فرض نماز پڑھنے کے احکامات دئے۔ ہمیں چاہیے کہ نماز پابندی سے پڑھنے کی عادت ڈالیں ۔ تب ہی ہم دنیاوآخرت میں سرخرو ہوسکتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے