سدھارتھ نگر/جھنڈا نگر نیپال: بڑے رنج و غم کے ساتھ احبابِ، علمائے کرام اور قارئین کرام کو یہ اطلاع دی جارہی ہے کہ پیکر حسن اخلاق، جماعت کے معروف و سنجیدہ عالم دین. مادرعلمی جامعہ سراج العلوم السلفیہ، جھنڈا نگر، نیپال کے سابق سینئر استاد جناب مولانا فضل حق مدنی، مبارک پوری رحمہ اللہ کا طویل علالت کے بعد کل گذشتہ رات بتاریخ:11/فروری 2025ء بروز منگل بہ وقت تقریباً 11:30 بجے شب بہ مقام دہلی بقضائے الہی انتقال ہوگیا ہے۔
انا لله وانا اليه راجعون۔ تغمده الله بواسع رحمته ورضوانه۔
میرے استاد گرامی، انتہائی نیک سیرت، وجیہ و خوب صورت، پابند احکام شریعت، تقوی شعار، باوقار، حلیم و بردبار، خلیق و ملنسار، عمدہ سیرت و کردار کے حامل اور اپنے خاندان کے محترم انسان تھے۔
شیخ کے ہونہار نور نظر اور جماعت کے لعل و گہر عزیز مکرم شیخ راشد حسن مبارک پوری کی اطلاع کے مطابق موصوف کی نعش کو دلی سے مبارک پور لایا جارہا ہے، نمازجنازہ اور تدفین آج بتاریخ:12/فروری 2025ء بعد نماز عشاء بہ وقت 9:00 بجے رات ان کے آبائی قصبہ مبارک پور کے قبرستان میں ادا کی جائے گی، إن شاء الله تعالى۔
آپ تمام حضرات سے گزارش ہے کہ بشرط سہولت و فرصت زیادہ تعداد میں شریک ہو کر ثواب حاصل کریں۔ اللہ تعالی موصوف کی نیکیوں، طاعات و عبادات، تدریسی و دعوتی اور سماجی و انسانی خدمات کو شرفِ قبولیتِ سے نوازے۔ بشری لغزشوں کو درگذر کرتے ہوئے جنت الفردوس کا مکین بنائے اور تمام لواحقین و پسماندگان اور اہل خانہ کو صبر جمیل کی توفیق ارزانی عطا کرے، آمين۔
مذکورہ اطلاع وصی اللہ عبدالحکیم مدنی ناظم ضلعی جمعیت اھل حدیث، سدھارتھ نگر، یوپی نے دیتے ہوئے قارئین کرام سے پرخلوص دعائے مغفرت کی درخواست کی ہے۔
إِنَّ لِلَّهِ مَا أَخَذَ، وَلَهُ مَا أَعْطَى، وَكُلٌّ عِنْدَهُ بِأَجَلٍ مُسَمًّى، فَلْتَصْبِرْ وَلْتَحْتَسِبْ "۔
اللهم اغفر له وارحمه واسكنه فسيح جناته والهم أهله وذويه الصبر والسلوان۔
