جامعہ دار الہدی یوسف پور ضلع سدھارتھ نگر حلقہ نوگڈھ کا ایک قدیم ادارہ ہے جو اپنی پونے دو سو برس کی تعلیمی و تدریسی نیز دعوتی خدمات کی بناں پر سلفیان ہند و نیپال کے دلوں کی دھڑکن رہا ہے، ادارے کی شہرت اور اس کی نیک نامیوں کے تذکرے ہر زمانے میں ہوتے رہے ہیں جس کی وجہ سے جماعت اہل حدیث کے اکابرین اور علمائے کرام کی مختلف مواقع سے یہاں تشریف آوری ہوتی رہی ہے۔

فخر سلفیت حضرت مولانا ثناء اللہ امرتسری یہاں کے دینی جلسوں کی زینت ہوئے ہیں، گزشتہ سال أستاذ الاساتذہ فضیلۃ الشیخ محفوظ الرحمن فیضی حفظہ اللہ اور ان کے ساتھ مولانا عبد الحمید فیضی حفظہ اللہ اور مولانا ابو سعید فیضی حفظہ اللہ نے ادارے کی زیارت فرمائی اور اپنے تاثرات قلمبند فرمائے۔

ہندوستان کی عہد ساز شخصیت مولانا عبد الحمید رحمانی رحمہ اللہ (بانی جامعہ اسلامیہ سنابل دہلی) دار الہدی یوسف پور میں دو بار تشریف لا چکے ہیں، نور اللہ مرقدہ و ادخله فسیح جناتہ۔

آج مورخہ ١٣ فروری ٢٠٢٥ء بروز جمعرات علامہ رحمانی رحمہ اللہ کے خلف الرشید فضیلۃ الشیخ مولانا محمد رحمانی حفظہ اللہ ناظم جامعہ اسلامیہ سنابل دہلی اور جامعہ ھذا کے مؤقر أستاذ فضیلۃ الشیخ حضرت مولانا وسیم احمد ریاضی حفظہ اللہ کی ہمارے جامعہ دار الہدی یوسف پور میں آمد ہوئی ، حضرات شیوخ اور مہمانانِ جامعہ کی تشریف آوری یقینا ادارے کے لئے فرحت بخش اور نیک فال ہے، ہم تمام اہالیان جامعہ آپ مہمانان کا تہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔

شیوخ نے تقریباََ ایک گھنٹہ تک مہمان خانے میں اپنا قیمتی وقت گذارا اس دوران جامعہ دار الہدی یوسف پور کے با وقار استاد حضرت مولانا محمد ابراہیم رحمانی حفظہ اللہ کے سامنے حدیث بخاری پڑھ کر شیخ محترم سے دونوں مہمانوں نے سند اجازہ بھی حاصل کیا۔

شیخ محمد رحمانی حفظہ نے اپنے قیمتی تاثرات تحریر فرمائے۔ آپ نے لکھا کہ جامعہ دار الہدی یوسف پور کا فیض ساری دنیا میں عام ہوا ہے اور جامعہ سلفیہ بنارس کے قیام کی تاریخ بھی یہاں سے وابستہ ہے۔

چائے ناشتہ سے فارغ ہو کر اگلی منزل کی طرف چلنے کے لئے اجازت چاہی لیکن ہم لوگوں نے دستر خوان سجا دیا اور ماحضر تناول فرمانے کی گزارش کی، شیوخ نے بسر و چشم قبول فرما کر ضیافت کی سعادت بخشی ہم آپکے بے حد ممنون و مشکور ہیں۔

جامعہ دار الہدی یوسف پور کے شیخ الجامعہ فضیلۃ الشیخ عبد الصمد سلفی حفظہ اللہ نے بڑے کم وقت میں سامان ضیافت تیار کر لیا تھا اور مہمانوں کی تواضع میں کوئی کمی نہیں ہونے دی ہم آپ کے بھی شکر گزار ہیں۔

شیخ رحمانی کی آمد کی اطلاع پاکر علاقے کی مشہور و معروف علم دوست اور علماء نواز شخصیت مولانا عظیم اللہ بھائی کی تشریف آوری سے ہم میزبانان جامعہ کو کافی حوصلہ ملا آپ محترم نے شیخ رحمانی کے بغل والی کرسی پر بیٹھ کر اپنی مفید گفتگو سے مجلس کے حسن کو دوبالا کیا اور مہمانوں کو اپنی گاڑی سے بڑھنی نیپال بارڈر تک چھوڑنے کے لئے زحمت فرمائی ہم ہمارے مہمانوں کی عزت افزائی کو ادارے کی خدمت کے نقطۂ نظر سے دیکھتے ہیں۔

جامعہ سنابل کے فارغ التحصیل ہمارے فاضل دوست مولانا اعجاز سنابلی صاحب کی اس موقعے سے حاضری پر ہم دلی مسرّت کا اظہار کرتے ہیں اور ساتھ ہی مولانا الیاس سلفی کی آمد اور مولانا عیسیٰ بلال کی آمد پر بھی ہم آپ سب کا شکریہ اداکرتے ہیں۔

جامعہ دار الہدی یوسف پور کے استاد مولانا صھیب حسن سنابلی نے اپنے مادر علمی جامعہ سنابل کے مؤقر أستاذ فضیلۃ الشیخ وسیم ریاضی سے شرفِ ملاقات پر اپنی دلی مسرّت کا اظہار فرمایا اور مہمانوں سے پر تپاک انداز میں ملاقات کی ، مولانا افضل احسان اثری حفظہ اللہ نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ، خادمین جامعہ فرش راہ بنے رہے ، ماسٹر فیروز صاحب نے ضیافت میں خوب تعاون دیا ، مولانا عبد الطیف صاحب اور مولانا شفیق رحمانی صاحب نے ضیافت میں خوب سلیقہ مندی کا مظاہرہ کیا ، ماسٹر ظفر صاحب مولانا ابو آصف صاحب کی موجودگی نے مہمانوں کو عزت بخشی اللہ تعالیٰ آپ سب کو جزائے خیر عطا فرمائے آمین۔

جاتے ہوئے شیخ محمد رحمانی حفظہ اللہ نے رمضان المبارک کے بعد جامعہ میں دوبارہ تشریف آوری کی یقین دہانی کرائی، اللہ رب العزت آپ کے دامن کو خوشیوں سے بھر دے۔

اس موقع پر جامعہ کے تمام اساتذہ و طلباء موجود رہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے