26 فروری 2025 بروز بدھ المجد ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سینٹر، تنہوا، لمبنی سانسکرتک نگر پالیکا، روپندیہی نیپال کے زیر اہتمام اور حافظ نعیم الرحمن سنابلی و حافظ اظہر عثمانی صاحبان کی نگرانی میں استقبالِ رمضان کے موضوع پر ایک عظیم الشان علمی و روحانی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جو کہ المجد ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سنٹر کا افتتاحی پروگرام تھا نیز اس سینٹر کا پہلا پروگرام بھی تھا، یہ بامقصد اور انتہائی مفید اجتماع جامع مسجد لوکھڑیا چوک، لمبنی سانسکرتک نگر پالیکا، تنہوا میں منعقد ہوا،جس میں ملک اور بیرون ملک کے نامور علمائے کرام اور کثیر تعداد میں عوام الناس نے شرکت کی۔
یہ بابرکت محفل شیخ ابو سعید فیضی حفظہ اللہ (استاد جامعہ عالیہ عربیہ، سابق استاد جامعہ فیضِ عام مئو) کی صدارت میں منعقد ہوئی، جب کہ نظامت کے فرائض مشہور ناظم اجلاس شیخ خالد رشید سراج صاحب(استاد جامعہ سراج العلوم السلفیہ، جھنڈا نگر نیپال) نے بہ حسن و خوبی انجام دیے۔
پروگرام کا آغاز حافظ و مولانا توصیف الرحمن سنابلی صاحب کی پُرسوز تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا، اس کے بعد حافظ فضل الرحمن فرقانی صاحب نے بارگاہِ الٰہی میں حمدیہ کلمات پیش کیے۔ مولانا صفی الرحمن سراجی صاحب نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں نعتِ مبارکہ پیش کرکے حاضرین کے دلوں کو مسحور کیا۔
اس کے بعد سنٹر کے ذمہ دار مولانا نعیم الرحمن سنابلی صاحب نے نہایت ہی شان دار خطبہ استقبالیہ پیش کیا جس میں اس سنٹر کے پس منظر و پیش منظر کی وضاحت فرمائی اور لوگوں کے سامنے اس کے اغراض و مقاصد کو رکھا، اللہ کے شکریہ کے ساتھ سب کا استقبال کیا اور اپنے اس مشن کو بہ حسن وخوبی نیک نیتی کے ساتھ آگے بڑھانے کا عہد لیا۔
خطبہ استقبالیہ کے بعد پروگرام میں مختلف موضوعات پر ملک اور بیرونِ ملک کے جید علمائے کرام نے نہایت ہی مدلل خطاب فرمایا:
پروگرام کے پہلے خطیب ہند ونیپال کے معروف خطیب و صحافی، جامعہ سراج العلوم السلفیہ،جھنڈا نگر کے مؤقر و محترم استاد اور جامعہ سراج العلوم کے نقیب و ترجمان مجلہ السراج کے مدیر مولانا سعود اختر عبدالمنان سلفی صاحب تھے، آپ نے حمد و صلاۃ کے بعد اس طرح کے دعوتی ورفاہی اداروں کی تحسین فرمائی، لوگوں سے اس کو مزید فعال اور مستحکم بنانے اور اسے آگے بڑھانے اور ہر ممکن تعاون پیش کرنے کی اپیل کی، اس کے بعد استقبالِ رمضان کے موضوع پر بصیرت افروز گفتگو فرمائی، جس میں انہوں نے رمضان کی تیاری کیسے کریں؟ اور خود کو رمضان کی عبادات کے لیے تیار کریں، وقت کی قدر و قیمت اور اسے منظم کرنے کی تلقین کی، اسی طرح سےآپ نے رمضان کے فضائل پر روشنی ڈالتے ہوئے زیادہ سے زیادہ اس سے استفادہ کرنے اور فضائل وبرکات سمیٹنے پر ابھارا۔ خطاب کے آخر میں آپ نے سامعین سے عاجزانہ درخواست کی کہ آپ اپنے بچوں کو زمانے کے دست و برد سے بچائیں اور اپنے ساتھ انہیں بھی اعمال خیر میں شریک کریں،بچوں کو اوراد و اذکار اور مسنون دعاؤں کو سکھلا کر انہیں اس کا پابند بنائیں۔
افتتاحی خطاب کے بعد ملک نیپال کے شعلہ بیاں خطیب اور باکمال مدرس شیخ عتیق الرحمن ریاضی صاحب ( پرنسپل کلیہ سمیہ للبنات بلکڈہوا کپل وستو نیپال) نے "رمضان: خیر و برکت اور نجات کا مہینہ” کے عنوان پر ایمان افروز خطاب کیا،جس میں آپ نے روزے کی روحانی و اخلاقی اہمیت کو اجاگر کیا اور اپنے دلوں کو رمضان کے آنے سے پہلے صاف و پاک رکھنے کی تلقین کی اور لوگوں کو رمضان میں عبادات کے انجام دینے پر ابھارا۔
بعدہ جماعت کے مشہور عالم دین، شہرۂ آفاق، انتہائی سنجیدہ اور باکمال اور محبوب خطیب مولانا پرویز عالم ریاضی حفظہ اللہ (استاد جامعہ فیض الاسلام، پڑریا روپندیہی نیپال) نے "رمضان اور تقویٰ” کے موضوع پر مدلل اور اثر انگیز گفتگو فرمائی، جس میں رمضان کے ذریعے تقویٰ کے حصول کی اہمیت کو واضح کیا گیا۔
اس کے بعد پروگرام کے مہمانِ خصوصی علمی و ادبی شخصیت، جامعہ عالیہ عربیہ مئوناتھ بھنجن کے پرنسپل ڈاکٹر حفیظ الرحمن سنابلی صاحب نے اپنے تاثراتی کلمات میں المجد ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سینٹر کے قیام کو ایک خوش آئند اقدام قرار دیا اور اس کے تعلیمی و فلاحی مقاصد کو سراہا۔ انہوں نے اس ادارے کے منتظمین کو مبارکباد پیش کی اور عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ اس کارِ خیر میں بھرپور تعاون کریں اور مزید اچھی نصیحتوں سے نوازا، اسی طرح سے آپ نے علماء کرام کو بھی مشورے سے نوازا کہ جماعت کے اچھے خطباء کو ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے اپنے مواعظ حسنہ کو سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرنا چاہیے تاکہ حق اور سچ باتیں لوگوں تک پہنچ سکیں اور ہمارے بچے جو سوشل میڈیا پر شارٹ ویڈیوز دیکھتے ہیں ان کے سامنے ہماری چھوٹی چھوٹی ویڈیوز آسکیں اور اس کے مثبت نتائج ہمارے سامنے آسکیں۔
پروگرام کے اختتام پر صدر مجلس شیخ ابو سعید فیضی حفظہ اللہ نے اپنا وقیع اور علمی صدارتی خطاب پیش فرمایا اور اجتماع میں شریک تمام شرکاء کو اپنے قیمتی نصائح سے آراستہ کیا۔
آخر میں سنٹر کے دوسرے ذمہ دار حافظ اظہر عثمانی صاحب نے کلمۂ تشکر پیش کرتے ہوئے مہمانانِ گرامی، علمائے کرام اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔
پروگرام کے اختتام پر المجد ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سینٹر کی جانب سے تمام معزز علمائے کرام کو یادگاری مومنٹوز پیش کیے گئے۔ اس کے ساتھ ساتھ، تنہوا، لمبنی سانسکرتک نگر پالیکا کے اُن حفاظ کرام کی بھی حوصلہ افزائی کی گئی،جو امسال حفظِ قرآن کی سعادت سے سرفراز ہوئے۔ان حفاظ کو انعامی کتب، نقدی رقم اور دیگر تحائف سے نوازا گیا۔
یہ عظیم الشان اجتماع اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے دینی و علمی لحاظ سے بے حد کامیاب، بابرکت اور منظم و مرتب رہا، جس میں علماء کی رہنمائی سے عوام کو رمضان کی تیاری کا درس ملا۔ اختتام پر دعا کی گئی کہ المجد ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سینٹر علم و عمل کی روشنی پھیلانے میں کامیاب ہو اور رمضان المبارک کی برکتیں امتِ مسلمہ کو نصیب ہوں۔ ناظم اجلاس کے کلمات تشکر اور دعائے کفارہ مجلس کے ساتھ پروگرام کے اختتام کا اعلان کیا گیا۔
