بیدر۔ 26؍اپریل (محمدیوسف رحیم بیدری): کرناٹک اسٹیٹ حج بورڈ کے سابق صدر رؤف الدین کچہری والے کو بھارتیہ جنتا پارٹی سے 6 سال کے لیے نکال دیا گیا ہے، یہ بات بھارتیہ جنتا پارٹی کے ضلع صدر سومناتھ پاٹل نے ایک پریس ریلیز میں بتائی۔کہاکہ پارٹی نے 18-04-2025 کو رؤف الدین کچہری والے کو ایک نوٹس جاری کیا تھا جس میں ان سے پوچھا گیا تھا کہ انہوں نے مرکزی حکومت کے تاریخی وقف ترمیمی بل کے خلاف کانگریس اور کچھ مسلم لیڈروں کے ساتھ سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج میں کیوں شرکت کی۔ چونکہ ابھی تک دیے گئے نوٹس کی وضاحت ہونا باقی ہے۔
ضلع صدر سومناتھ پاٹل نے اعلان کیا ہے کہ 25-04-2025 کو ریاستی تادیبی کمیٹی کے چیئرمین لنگ راج پاٹل نے فوری اثر کے ساتھ رؤف الدین کچہری والے کو 6 سال کے لیے پارٹی سے نکالا جارہاہے۔ اس کو نافذ کرناضلع صدر کی ذمہ داری ہے لہٰذا اس کی اطلاع دی جارہی ہے۔ یہاں اس بات کا ذکر ضروری ہے کہ رؤف الدین کچہری والے نے بی جے پی کے لئے کافی محنت کی ، امکان تھاکہ وہ MLCبن جائیں گے۔ ایسے وقت میں ان کابھاجپا سے نکالاجانا بھاجپا کے لئے نقصان دہ ثابت ہوگا۔ لیکن یہ بات بھی ہے کہ سیاست میں کون کب نکالاجائے اور کون کب واپس ہوجائے، اس کاپتہ نہیں چلتا۔ جن لوگوں کوپہلے کانگریس سے نکالاگیاتھا، وہ آج اسی کانگریس پارٹی میں موجود ہیں۔ کب پارٹی میں آئے اس کی کوئی اطلاع مقامی پریس کو نہیں ہوتی ۔

