ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شیوکمار شیلونت نے امتحان کو آسانی سے منعقد کرنے کی ہدایت دی
بیدر ۔23 ؍مئی(محمدیوسف رحیم بیدری): ایس ایس ایل سی امتحان-سکنڈ(ٹو) ضلع میں 26؍ مئی سے 2 ؍جون تک منعقد ہوگا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شیوکمار شیلونت نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ امتحان کو بغیر کسی خامی کے آسانی سے منعقد کیا جائے۔ انہوں نے جمعہ کو ڈپٹی کمشنر دفتر ہال میں ایس ایس ایل سی امتحان-2 کی ابتدائی تیاری کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مذکورہ بات کہی۔ضلع بیدر میں منعقدہ ایس ایس ایل سی امتحان-1 میں فیل ہونے والے کل 13632 طلباء نے امتحان-2 لکھنے کے لیے رجسٹریشن کرائی ہے، اور یہ امتحان کل 566 امتحانی مراکز میں منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر امتحانی مرکز میں سی سی ٹی وی نصب کئے گئے ہیں اور ضلع سطح کی ویب کونسلنگ کو دیکھنے کے انتظامات کئے گئے ہیں۔محکمہ ا سکول ایجوکیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر سلیم پاشا نے بتایا کہ امتحانی مراکز میں موبائل فون لے جانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور امتحانی مراکز کے اردگرد 200 میٹر کے علاقے کو ممنوعہ علاقہ قرار دیا گیا ہے اور امتحانی مراکز کے قریب زیراکس اور سائبر سنٹرز کو امتحانات کے دوران بند کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ ضلع میں کل 47 امتحانی مراکز ہیں ۔ تعلقہ اوراد (05)، بسواکلیان (09)، بھالکی (08)، بیدر (15)، ہمنا آباد (10) سمیت کل (47) امتحانی مراکز میں طلبہ امتحان لکھیں گے۔اجلاس میں ایس ایس ایل سی نوڈل آفیسرس، تعلقہ نوڈل آفیسرس، ضلع کے تمام امتحانی مراکز کے چیف سپرنٹنڈنٹ، ڈپٹی چیف سپرنٹنڈنٹس سمیت مختلف عہدیداروں نے شرکت کی۔اس بات کی اطلاع ایک پریس نوٹ کے ذریعہ دی گئی ہے۔
