سنت کبیر نگر: مقامی جمعیت اہل حدیث کرن جوت بازار سنت کبیر نگر کے زیر اہتمام ضلع سنت کبیر نگر کے طلبا و طالبات کے مابین دو زمروں پر مشتمل مسابقہ حفظ حدیث برائے کتاب اربعین نووی 4 جون 2025ء کوجامع مسجد اہلحدیث کرن جوت بازار میں معزز شخصیات کی موجودگی میں منعقد کیا گیا. یہ مسابقہ جماعت رابعہ تک طلباء و طالبات کے لیے خاص تھا. پہلے زمرے میں مکمل کتاب حفظ حدیث مع ترجمہ شامل تھی جبکہ دوسرے زمرے میں شروع کی نصف کتاب سے 21 احادیث مع ترجمہ شامل تھیں۔ واضح رہے کہ اس مسابقے میں 82 بچوں نے رجسٹریشن کرایا تھا اور 31 بچے شریک مقابلہ ہوئے۔ پہلے زمرے میں پہلی پوزیشن محمد بن مطیع اللہ، دوسری پوزیشن عدنان عمران بن عمران احمد اور تیسری پوزیشن محمد اسعد بن شہاب الدین نے حاصل کی جبکہ دوسرے زمرے کے مسابقے میں فرحین ضياء بنت ضیاء اللہ ، ناصر پرویز بن پرویز اختر اور فرحان اللہ بن ثناء اللہ نے بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی. پہلے زمرے میں 3000 روپئے (اول) 2500 روپئے (دوم) 2000 روپئے (سوم) مع توصیفی سند، جبکہ دوسرے زمرے میں 2000 روپیے (اول) 1700روپیے (دوم) 1500روپیے (سوم) مع توصیفی سند پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کے درمیان بطور انعامات تقسیم کیے گئے۔ اس کے علاوہ تمام شرکاء کو نقدی انعام کے ساتھ توصیفی سند بطور تشجیع پیش کیا گیا، حکم کے فرائص شیخ عمران احمد ریاضی (استاذ جامعہ اسلامیہ دریاباد)، شیخ ابو القاسم سلفی (استاذ جامعہ اسلامیہ دریاباد) اور شیخ ارشاد الحق اثری(امام و خطیب جامع مسجد اہل حدیث جیتارن، راجستھان) نے انجام دیے، جبکہ شیخ مشتاق احمد ریاضی (استاد جامعہ اسلامیہ دریاباد) نے بطور مشاہد (Observer) شرکت فرمائی.
 مقامی جمعیت سے وابستہ شیخ مطیع اللہ محمد نذیر سلفی نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔ نتائج کے اعلان کے بعد شیخ ابوالقاسم سلفی اور ڈاکٹر سلمان فیصل نے اظہار خیال کرتے ہوئے طلبا و طالبات کو ان احادیث پر عمل پیرا ہونے کی تلقین فرمائی۔اس موقع پر معزز شخصیات مولانا عبداللہ فیضی، محمد علی فیضی، مولانا عبد الرؤف، مولانا شمیم احمد سنابلی، مولانا شمس الہدی، مولانا شمشیر احمد، مولانا نصر اللہ، مولانا پرویز اختر، حافظ ضیاء اللہ ایوبی، جناب سہیل انجم، جناب عبدالمنان، جناب قمر جمال انجم وغیرہ نے شرکت فرمائی۔ واضح رہے کہ یہ مسابقہ بلا قید مسلک و مذہب ضلع کے تمام طلبا و طالبات کے خاص تھا، دعاؤں اور نیک تمناؤں کے ساتھ پروگرام بحسن وخوبی اختتام کو پہونچا.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے