ظہیرآباد 29/ جون(مشرقی آواز جدید): جماعت اسلامی ہند ظہیرآباد جنوبی کے زیراہتمام چلڈرن اسلامک آرگنائزیشن (CIO)کی ملک گیر مہم”مٹی میں ہاتھ، دل وطن کے ساتھ” 25/جون تا 25/جولائی کا اسلامک سنٹر شانتی نگر میں طالبہ سیدہ ارم ایمن کی تلاوت و ترجمانی سے مہم کا آغاز ہوا۔ اس پروگرام کا مقصد "ہر بچہ ایک درخت ہے” کے نعرے کو حقیقت میں عملی جامہ پہنانے کے ساتھ ساتھ بچوں میں درخت لگانے کی اہمیت اور ضرورت کو بھی پہنچانا ہے۔ "مٹی میں ہاتھ، دل وطن کے ساتھ” کے نعروں کے ساتھ اس افتتاحی تقریب میں ظہیر آباد ساؤتھ کے طلباء کی بڑی تعداد نے جوش و خروش سے شرکت کی۔ مہمان خصوصی محمد ناظم الدین غوری ناظم ضلع سنگا ریڈی مغربی جماعت اسلامی ہند نے آل انڈیا ٹری پلانٹیشن موؤمنٹ کے لوگو کا رسم اجراء کیا۔ بعد ازاں سی آئی او کے شریک طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے درخت لگانے کی مذہبی، اخلاقی اور ماحولیاتی اہمیت کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں اورکہا کہ درخت نہ صرف آکسیجن فراہم کرتے ہیں بلکہ ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے اور عالمی درجہ حرارت کو کم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہند اور چلڈرن اسلامک آرگنائزیشن کی طرف سے شروع کیا گیا یہ پروگرام ملک میں درخت لگانے کی ثقافت کو فروغ دینے اور آنے والی نسلوں میں فطرت سے محبت پیدا کرنے کی ایک بامعنی کوشش ہے انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو شجرکاری کی طرف راغب کریں تاکہ وہ بچپن سے ہی اپنے طرز عمل کے ذریعے ماحولیاتی تحفظ کا پیغام عام کر سکیں۔

 پروگرام کی صدارت جماعت اسلامی ہند ظہیرآباد جنوبی کے مقامی امیر جناب سید عبدالرؤف نے کی جبکہ پروگرام کی نظامت بحسن وخوبی سیدہ مہناز نے کی۔اس پروگرام میں ہاجرہ بیگم ناظمہ شعبئہ خواتین جماعت اسلامی ضلع سنگا ریڈی، منہاج ناظمہ شعبئہ جنوبی جماعت اسلامی ظہیرآباد، سی آئی او انچارج نجمہ بیگم اور جماعت اسلامی ہند کے دیگر اراکین اور کارکنان موجود تھے۔۔۔۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے