جلسہ شہدائے اسلام واصلاح معاشرہ سرائے سلطان میں منعقد 

ہردوئی: ۱۹؍جولائی : گزشتہ شب تحصیل بلگرام کے موضع سرائے سلطان میں جلسہ شہدائے اسلام واصلاح معاشرہ منعقدہوا، جس میں مولانا آفتاب عالم ندوی خیرآبادی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شہیدوں کو اللہ نے انعام سے نوازاہے، شہید زندہ ہے، اس کو مردہ نہ کہو۔ انھوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے مہینے میں جوغلط رسومات اور غلط عقائد رائج ہوگئے ہیں، ان کی اصلاح بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ علماء کی ذمہ داری ہے کہ موجودہ صورت حال پر خطاب کریں اور امت کو بتائیں کہ محرم کے مہینے میں جو کچھ کیاجاتاہے اس کاتعلق شریعت سے نہیں ہے، اس ماہ میں روزے رکھنا، تلاوت کرنا، شہداء کو ایصال ثواب کرنا، یہ عبادت ہے، اللہ تعالیٰ ہمیں اچھے اعمال کی توفیق سے نوازے۔
قبل ازیں مفتی محمد جنید قاسمی استاذ مدرسہ عربیہ مفتاح العلوم گنج مرادآباد نے فتنۂ ارتداد پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ اس وقت امت مسلمہ جہاں تمام مسائل سے دوچارہے، انہیں میں ایک اہم فتنہ، ارتدادہے۔ اس وقت مسلم خواتین کی بڑی تعدادغیرمسلموں سے اپنے تعلقات کو استوار کررہی ہیں، جس سے ایمان کے بدلے کفرکو اختیارکررہی ہیں، نتیجہ یہ ہورہاہے کہ اپنے ہی ہاتھوں دین اور ایمان سے پھررہی ہیں۔
بعدازاں مولانا امین بہرائچی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرہ کی اصلاح ہراس فرد پر ضروری ہے جو باشعورہے، فکرمندہے، دیندارہے۔ ہمیں اپنے بچوں کی نگہداشت رکھنی ہوگی، ان کی نشست وبرخاست پر ہمیں نظرجمانا ہوگی، بیٹیوں اور بچیوں کو بہشتی زیور کی تعلیم سے آراستہ کرنا ہوگا۔
پروگرام کا آغاز حافظ ذیشان کی تلاوت سے ہوا، صدارت کے فرائض مولانا مختارعالم مظاہری صدر جمعیۃ علماء ضلع اناؤ نے انجام دیے۔ نظامت مولانا سفیان جامعی نے کی ،نعت کا نذرانہ قاری باطن فیض آبادی، حافظ فخرالدین ، حافظ قاسم نے مشترکہ طورپر پیش کیے۔
اس موقع پر حافظ فرقان مہتمم مدرسہ مفتاح العلوم گنج مرادآباد، مولانا سلیم مظاہری ، مفتی عبدالمتین حقی، حافظ محمد بلال کھیورئی،حافظ ریحان، ، حاجی عطاء اللہ، حاجی عتیق، منشی اسلم ،حافظ فردوس، محمد کاشف، محمد عالم، حافظ صاحب عالم ،حافظ ریحان،حافظ محسن،مولانا مجیب،حافظ ریحان احمد ۔ مولانا مختارعالم مظاہری کی دعاء پر جلسہ ختم ہوا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے