سدھارتھ نگر (پریس ریلیز): ضلعی جمعیت اہلِ حدیث، سدھارتھ نگر کے ناظم مولانا وصی اللہ مدنی کی قیادت میں ایک چار رکنی موقر وفد نے بزرگ عالمِ دین،زبان وقلم کے دھنی اور علمی وفکری شخصیت مولانا عبدالروف ندوی سے ان کے دولت کدہ، بمقام تلسی پور میں ملاقات و زیارت کی سعادت حاصل کی۔

وفد میں مولانا رفیع احمد ندوی (لوی) نائب ناظم ضلعی جمعیت اہلِ حدیث سدھارتھ نگر و رئیس مرکز آفاق لتحفیظ القرآن الکریم، مہدئیا، مولانا سعود اختر سلفی نائب ناظم ضلعی جمعیت اہلِ حدیث،سدھارتھ نگر اور مولانا جمشید عالم عبد السلام سلفی ناظم جمعیت اہلِ حدیث، حلقہ شہرت گڑھ شامل تھے۔

مولانا عبدالروف ندوی نے اپنے ان عزیزوں اور جمعیت کے ذمہ داران کا والہانہ استقبال کیا اور اپنی مسرت و شادمانی کا بھرپور اظہار کرتے ہوئے اپنے فرزندِ عزیز برادرم محمد ظفر خان محمدی کو ضیافت کا حکم دیا۔ چائے نوشی اور کچھ دیر راحت کے بعد مولانا ندوی نے مجھ سے مخاطب ہوکر دریافت فرمایا: "میری کتاب لائے ہو؟”

میں نے فوراً کتاب "علامہ محمد رئیس ندوی رحمہ اللہ: حیات و خدمات” ان کی خدمت میں پیش کر دی۔ انہوں نے کتاب کے دیدہ زیب ٹائٹل، سرسری مطالعہ اور ضخامت کو دیکھ کر بہت خوشی کا اظہار کیا اور ڈھیروں دعائیں دیں۔ فرمایا:

"تم نے ضلعی جمعیت اہلِ حدیث، سدھارتھ نگر کے سر سے قرض اتار دیا۔”

اسی موقع پر سیال قلم کےمالک، سنجیدہ اور باصلاحیت عالمِ دین مولانا جمشید عالم عبد السلام سلفی نے بھی اپنی بعض تصنیفات بطور خاص "ضیائے نبوی”, "اسلام کی نظر میں برے لوگ”، "معاشرے میں پھیلے فواحش ایک جائزہ” اور "مختصر سیرتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم” پیش کیں اور دعائیں حاصل کیں۔

تقریباً ڈیڑھ گھنٹے یہ بابرکت مجلس جاری رہی جس میں جماعت و جمعیت کے نشاطات اور بعض احبابِ جماعت کی علمی سرگرمیوں پر مفید گفتگو ہوئی۔ جماعت کے معروف کہنہ مشق صحافی جناب سہیل انجم اور ادیب و قادر الکلام شاعر جناب مولانا عبدالرحیم امینی صاحبان کا ذکرِ خیر بھی آیا۔

اس موقع پر جماعت کی علمی و عبقری اور دعوتی شخصیت مولانا عبد المنان سلفی رحمہ اللہ کی تابناک زندگی اور قابلِ رشک خدمات پر بھی گفتگو ہوئی۔ مولانا عبد المنان سلفی رحمہ اللہ کے بارے میں مولانا ندوی صاحب سے ان کی یادداشتوں کو قلم بند کرنے کی گزارش کی گئی، جسے آپ نے بخوشی قبول فرمایا۔

برادرِ مکرم مولانا رفیع احمد ندوی (لوی) ہمیشہ آپ کی علمی صلاحیت، تقویٰ، طہارت اور جماعتی خدمات کے پیش نظر بےلوث محبت، ادب و احترام کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

جب ضلعی جمعیت اہلِ حدیث، سدھارتھ نگر کے اس وفد کی آمد کی اطلاع جامعہ اسلامیہ مدینہ طیبہ کے فیض یافتہ، معروف عالمِ دین اور ضلعی جمعیت اہلِ حدیث، بلرام پور کے ناظمِ اعلیٰ مولانا زبیر احمد مدنی صاحب کو ملی، تو آپ بھی اپنے عمِ گرامی اور خسرِ محترم، مولانا عبدالروف ندوی کے دولت کدہ پر تشریف لائے۔ان سے بھی کچھ دیر استفادہ کا موقع نصیب ہوا۔

واپسی کا وقت قریب آیا تو ہم نے مولانا ندوی صاحب سے اجازت طلب کی، مگر اجازت سے پہلے آپ نے اپنے فرزند محترم محمد ظفر خان محمدی سے کہا:

"میرے ان عزیزوں کو میری بعض مؤلفات؛ کاروانِ سلف کی مختلف جلدیں، رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز، اور اسلامی آدابِ معاشرت بطورِ ہدیہ پیش کر دو۔”

وفد کے ارکان نے پرتکلف عشائیہ مولانا رفیع احمد ندوی (لوی) کے سسرال، جناب افتخار احمد مینیجر اور عزیز مکرم وقار احمد کے گھر تناول فرمایا۔

اللہ تعالیٰ ہمارے محترم مولانا عبدالروف ندوی کو صحت و عافیت کے ساتھ اپنے حفظ و امان میں رکھے اور ان کی متنوع علمی و جماعتی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے۔ آمین۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے