بارہ بنکی (ابوشحمہ انصاری): کسانوں کے مسائل کو لے کر کانگریس ایک بار پھر میدان میں سرگرم نظر آئی۔ اتر پردیش کانگریس کمیٹی کی ہدایت پر آج تحصیل سرولی غوث پور میں کسانوں کی بدحالی اور حکومتی لاپرواہی کے خلاف کانگریس کارکنان نے پرامن مگر پُراثر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس مظاہرے کی قیادت بلاک کانگریس صدر مرلی راؤت نے کی، جبکہ ضلع جنرل سکریٹری امت کمار ترویدی، ضلع نائب صدر سوشل میڈیا محمد اویس انصاری، بدروالدین وارثی، شیو کمار ورما، راجو پانڈے، انیتا گوتم، امر سنگھ ورما، سنجے راؤت سمیت متعدد پارٹی کارکنان بھرپور طریقے سے شریک رہے۔
اس موقع پر کانگریس وفد نے ایس ڈی ایم کو ایک مفصل یادداشت پیش کی، جس میں خاص طور پر درج ذیل مسائل کو اجاگر کیا گیا دھان کی فصل کے دوران یوریا کھاد کی شدید قلت، آبپاشی کے لیے بجلی کی غیر یقینی فراہمی، اور کھاد کی کھلی کالابازاری۔ یادداشت میں مطالبہ کیا گیا کہ کسانوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ زرعی نظام کو بحران سے بچایا جا سکے۔
یہ احتجاجی پروگرام ضلع کانگریس صدر محمد محسن کی سرپرستی، سابق رکن پارلیمان پی۔ ایل۔ پونیا اور موجودہ رکن پارلیمان تنوج پونیا کی رہنمائی میں کامیابی کے ساتھ مکمل ہوا۔ پروگرام کے اختتام پر کارکنان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کانگریس کسانوں کے ہر درد کی آواز بنے گی اور زمین سے جڑی اس لڑائی کو ہر سطح پر مضبوطی سے لڑے گی۔
