سنگاریڈی 3 /اگست (مشرقی آواز جدید): جمعیۃ علماء ضلع سنگاریڈی (ملحقہ: جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھرا) کی نئی تنظیمی مدت 2025 تا 2027 کے لیے انتخابی عمل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس ضمن میں جاری کردہ تفصیلات کے مطابق انتخابات کا آغاز 5 /اگست سے مختلف تعلقہ جات میں ہوگا، جو ریاستی جمعیۃ کی سرپرستی اور ریاستی دفتر سے مقررہ مبصرین و مشاہدین کی نگرانی میں مکمل کیے جائیں گے۔

انتخابی مرحلہ کی قیادت صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھرا حضرت مولانا حافظ پیر شبیر احمد صاحب دامت برکاتہم اور ناظم عمومی حافظ پیر خلیق احمد صابر صاحب دامت ظلالہم کی خصوصی ہدایات کے تحت کی جا رہی ہے۔

تعلقہ وار انتخابی شیڈول درج ذیل ہے:

5 اگست: پٹن چیرو، جنارم

6 اگست: سنگاریڈی (کندی)

10 اگست: سداسیوپیٹ، من پلی، کنڈا پور

12 اگست: نارائن کھیڑ اور اس سے ملحقہ پانچ منڈل

3 تا 14 اگست: ظہیرآباد، جھرہ، سنگم، کوہیر، مگڈم پلی، نیالکل

ان تمام اجلاسوں میں ضلع صدر محترم مولانا مفتی اسلم سلطان صاحب قاسمی اور جنرل سکریٹری مفتی عبدالصبور قاسمی بنفس نفیس بحیثیت مبصر و مشاہد شریک رہیں گے۔

ضلعی سطح کا انتخاب تعلقہ جاتی انتخابات کے بعد

تعلقہ جات اور منڈل سطح کے انتخابات مکمل ہونے کے بعد ضلع سطح کا مرکزی انتخاب منعقد ہوگا، جس میں ضلع بھر کے منتخب نمائندگان اور ارکانِ منتظمہ حصہ لیں گے۔

20 ہزار ارکان پر مشتمل تاریخ ساز تنظیم

واضح رہے کہ موجودہ میعاد کے انتخابات سے قبل ضلع سنگاریڈی میں جمعیۃ علماء کی تنظیم ایک فعال اور منظم قوت بن کر ابھری ہے، جس کے تحت:

20,000 ابتدائی ممبران (آن لائن و آف لائن)

1,000 ایکٹیو ممبران

200 ضلعی ارکانِ منتظمہ

42 ریاستی ارکانِ منتظمہ

اپنی رکنیت درج کروا چکے ہیں، جو کسی بھی ضلع میں جمعیۃ کی ایک بڑی تنظیمی موجودگی کو ظاہر کرتا ہے۔

جنرل سکریٹری مفتی عبدالصبور قاسمی نے تمام نظماء، صدور اور کارکنان سے اپیل کی ہے کہ وہ اس تنظیمی مرحلہ کو ایک دینی، ملی اور تحریکی فریضہ سمجھتے ہوئے پوری دلچسپی اور سنجیدگی کے ساتھ مکمل کریں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ انتخابات ملت اسلامیہ کے لیے اتحاد، استحکام اور اصلاحِ معاشرہ کا زینہ ثابت ہوں گے۔۔۔۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے