سہارنپور 23 ، اکتوبر(احمد رضا): ملک کے مختلف علاقوں میں سرگرم معروف فعال تعلیمی اور اصلاحی تحریک ملی تعلیمی ٹرسٹ کی جانب سے لگا تار تیس سال سے جاری شاندار علمی اور فکری تحریک” تعلیم کو عام کیجئے” کے تحت مقامی مسجد عیدی شاہ رائے والا میں کل اسلامی مفکر عالم دین مولانا محمد یعقوب بلند شہری’ناظم جامعۃ الطیبات’ کی جانب سے عام لوگوں کے لئے ایک خصوصی تعلیمی اور اصلاحی بیان ہوا۔
اس موقع پر مولانا محمد یعقوب بلند شہری نے حالات حاضرہ پر ملت اسلامیہ کے لئے نہایت پراثر گفتگو کرتے ہوئے بیان کیا کہ زندگی ایک امانت ہے، جسے اللہ تعالیٰ نے انسان کے سپرد فرمایا ہے، اور ہر ایک شخص کو اپنے اعمال کا حساب دے کر روز حشر اپنے رب کے سامنے حاضر ہونا ہوگا مولانا نے فرمایا کہ انسان کی زندگی مختلف منازل پر مشتمل ہے بچپن، جوانی اور بڑھاپا ، لیکن سب سے اہم سوال یہ ہے کہ ہم نے اپنے قیمتی وقت کو کس مقصد کے لئے اور کہاں کہاں کیسے کیسے استعمال کرتے ہیں زندگی گزارنے کے دوران ہم سبھی کو یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ کیا ہم نے آخرت کی تیاری کی یا صرف دنیا کے پیچھے بھاگتے بھاگتے اپنی زندگی گزار دی ؟ مولانا محمد یعقوب بلند شہری نے قرآن کریم اور احادیثِ نبویہ ﷺ کی روشنی میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ جس نے دنیا میں تقویٰ، ایمان اور نیک اعمال کی بنیاد ڈالی، وہی قبر میں سکون اور آخرت میں عزت پائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قبر کی تنہائی، حشر کا ہولناک منظر اور پل صراط کی آزمائشیں محض کہانیاں نہیں بلکہ یقینی حقائق ہیں، اور دانشمندی اسی میں ہے کہ انسان اپنی آخرت بہتر بنانے کیلئے پہلے سے تیاری کر ے تاکہ اللہ رب العزت کے سامنے شرمندہ ہونے سے بچے رہیں۔
مولانا نے نوجوانوں کو خصوصی طور سے نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ جوانی کا دور سنہرے موقعوں کا دور ہے۔ اگر یہ وقت اللہ کی اطاعت، علم دین، خدمتِ والدین اور دین کی نشر و اشاعت میں لگایا جائے تو یہی جوانی قیامت کے دن سایہ اور بخشش کا ذریعہ بنے گی لیکن اگر اسے بے مقصد تفریح، موبائل فون، فلموں اور سوشل میڈیا میں ضائع کر دیا گیا تو یہی جوانی حسرت اور ندامت میں بدل جائے گی۔
مولانا یعقوب بلند شہری نے سیرتِ طیبہ ﷺ کے روشن پہلؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے ہماری ہر میدان میں رہنمائی فرمائی۔انہوں نے کہا کہ آپ ﷺ کی سادگی، راست بازی، منصفانہ روش، رحم دلی اور صبر و تحمل پوری انسانیت کے لئے مشعل راہ کی اور باوقار زندگی گزارنے کے لئے لازوال نظیر ہے اسلامی مفکر اور اصلاحی تحریک کے سربراہ مولانا محمد یعقوب بلند شہری نے کہا کہ جب تک ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کو سیرتِ نبوی ﷺ کے مطابق نہیں ڈھالیں گے، نہ دنیا سنورے گی نہ آخرت۔انہوں نے اپنے بیان میں مزیدکہا کہ اسلام صرف مسجد اور مدرسے تک محدود نہیں بلکہ زندگی کے ہر پہلو میں ہماری رہنمائی کرتا ہے۔ ایک مسلمان جب تک نماز، زکوٰۃ، امانت داری، اخوت، حقوق العباد اور حسنِ اخلاق کو اختیار نہیں کرے گا تب تک وہ مکمل مسلمان نہیں کہلا سکتا۔
خطاب کے اختتام پر مولانا نے نہایت رقت انگیز دعا فرمائی کہ یا اللہ! ہمیں دین کی صحیح سمجھ عطا فرما، ہمارے دلوں کو ہدایت سے منور فرما، ہماری کوتاہیوں کو معاف فرما، ہمارے گھروں میں محبت، رزق میں برکت، بچوں میں خیر و صلاح عطا فرما اور ہمیں دنیا و آخرت میں کامیابی نصیب فرما۔ آمین مقامی ذمہ داران نے مولانا یعقوب بلندشہری کا شکریہ ادا کیا اور آئندہ بھی ایسے روحانی اجتماعات کا سلسلہ مسلسل جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا!
