سہارنپور 28 نومبر(احمد رضا): پوری دنیا خوب واقف ہو چکی ہے کہ کلام اللہ شریف پوری دنیا کی واحد آسمانی کتاب ہے کہ جو روز اول سے آج تک اور تا قیامت اسی شکل صورت میں موجود رہے گی اور اس کلام کے ذریعہ جو ہمکو بتایا اور کہا گیا ہے وہ لفظ بہ لفظ سچ اور ثابت ہو رہا ہے اس لئے لازم ہے کہ ہم سر بلندی اور نجات کے لئے اللہ تعالیٰ کے مقدس اور با حکمت کلام سے فیض حاصل کریں یہی ملت اسلامیہ کے لئے سب سے بہتر ہوگا ! ملی تعلیمی ٹرسٹ مسلسل 25 سال سے تعلیمی بیداری مہم چلا رہی ہے اور چاہتی ہے کہ ملت اسلامیہ کو علم کے زیور سے آراستہ کیا جائے اسی کڑی میں یہاں ملی ٹرسٹ کے زیر اہتمام جامعۃ الطیبات حبیب گڑھ میں "مسلمانوں کے تعلیمی، سماجی مسائل اور ان کا حل” کے عنوان پر ایک روزہ پر وقار سیمینار منعقد ہوا، جس کی صدارت آل انڈیا دینی مدارس بورڈ کے چیئرمین و جامعۃالطیبات کے ناظم حضرت مولانا محمد یعقوب بلند شہری صاحب نے کی۔
سیمنار کا آغاز جامعہ کی طالبہ بشری نعمان نے قرآن پاک کی تلاوت سے کیا اور جامعہ کی طالبہ ادیبہ عالمگیر نے بارگاہ رسالت میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔ سیمنار کی صدارت فرما رہے حضرت مولانا محمد یعقوب بلند شہری نے اپنے خطاب میں کہا کہ اے لوگو اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف متوجہ ہو جاؤ کامیاب ہو جاؤ گے انہوں نےکہا کہ جو لوگ نیک نیت اور پختہ ارادوں کے ساتھ اللہ تعالٰی کے احکامات کی طرف چلتے ہیں اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر صدق دل سے عمل کرتے ہیں تو اللہ تعالٰی انھیں اپنا محبوب بنا لیتا ہے اور ان کی ساری منزلیں آسان کردیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج مسلم معاشرہ انتہائی غفلت اور غیر سماجی کاموں مصروف ہے اور اپنے بچوں کی بیاہ شادیاں غیروں کے طریقوں پر کر رہے ہیں اور بے تحاشا فضول خرچی کر رہے ہیں جو ایک لمحۂ فکریہ ہے انہوں نےکہا کہ جو حالات ہمارے اوپر آرہے ہیں وہ ہماری ہی بد اعمالیوں کا نتیجہ ہے۔ مولانا موصوف نے کہا کہ ہمارے تعلیمی اور سماجی مسائل بغیر دینی تعلیم کے حل نہیں ہو سکتے انہوں نے کہا کہ ہمارے تمام مسائل کا حل قرآن کریم میں موجود ہے۔انہوں نےکہا کہ اپنے بچوں کی بیاہ شادیاں سادگی کے ساتھ مسجدوں میں کریں اور اپنے بچوں کو قران کریم کی تعلیم سے ضرور آراستہ کریں۔
مفکر اسلام عالم دین مولانا محمد یعقوب بلند شہری نے کہا کہ قرآن کریم پڑھنے سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی اشد ضرورت ہے بس اگر قرآن کریم سے وابسطہ ہو گئے تب دنیا میں ہمکو کسی سفارش کی ضرورت نہیں ہوگی کیونکہ اللہ بڑی عظمت اور قدرت والا ہے سیمینار میں جامعۃالطیبات کے استاد حدیث مفتی مجیب الرحمن مظاہری، جامعہ کے استاد حدیث مولانا محمد ذاکر مظاہری کے علاوہ جامعہ کی دیگر معلمات و طالبات نے بھی خطاب کیا جامعہ کے ناظم مولانا محمد یعقوب بلند شہری کی دعا پر سیمینار اختتام پذیر ہوا۔
اس تقریب میں شرکت کرنے والوں میں مولانا سعود الظفر مظاہری، قاری عبدالسبحان رحمانی، قاری شاہ جہاں، جامعہ کی پرنسپل محترمہ کریم بانو، محترمہ عائشہ صدیقہ صاحبہ، محترمہ عادلہ راشد، شبنور ارم، رابعہ افتخار، ثناء جبیں، نبیلہ جمال، ناظرین نسیم، عافیہ رحمان، علمہ مہردین، زینب اسلام، عافیہ رمضانی، دانشتہ عاقل وغیرہ کے علاوہ تمام معلمات وطالبات موجود گی قابل ذکر رہی!
