جماعتِ اسلامی ہند کی ہفتۂ انقاق مہم سے محمد آصف الدین ودیگر کاخطاب
بیدر۔ 6؍جنوری (پریس نوٹ): جماعت اسلامی ہند کی ہفتہ ء انفاق مہم سے خطاب کرتے ہوئے جناب محمد آصف الدین رکن شوریٰ جماعت اسلامی ہند (حلقہ ء کرناٹک) نے کہاکہ ’’دنیا میںایک طرف باطل ہے ، طاغوت ہے جنہیں دنیا بھر کے مالی ذرائع ووسائل میسر ہیں۔ دوسری جانب اسلام کے نام لیوا مسلمان ہیں،اسلامی جماعتیں اور تنظیمیں ہیں جن کے ذریعہ اسلام کاتعارف(دعوتِ دین ) اسلام اور مسلمانوں سے متعلق غلط فہمیوں کاازالہ، اور خدمتِ خلق کا کام منظم طورپر انجام دیاجارہاہے۔ انھیں دستیاب مالی وسائل محدود اور بہت کم ہیں۔ لہٰذا مذکورہ کام کے لئے وسائل وذرائع کی آج بھی سخت ضرورت ہے اور وہ ضرورتیں خود مسلمانوں کواپنے مال سے پوری کرنی پڑتی ہیں۔ ‘‘ وہ جامع مسجد بیدر میں 4؍جنوری اتوار کومنعقدہ خصوصی اجتماع برائے انفاق سے خطاب کررہے تھے۔جناب آصف الدین نے مزید کہاکہ ’’نبی ﷺ شروع ہی سے دینِ اسلام کی دعوت اور خدمت خلق کاکام کیاکرتے تھے۔ آپ ﷺ کاگھر شروع ہی سے بیت المال کامرکز بناہواتھا۔ انھوں نے زور دے کر کہاکہ ’’ہماری زندگی اقامتِ دین جیسے عظیم مقصد کے لئے وقف ہونا چاہیے، اور دلوں میں خلق ِ خدا کے لئے محبت کاایک سمندر موجزن رہے۔انھوں نے صحابہ کرامؓ خصوصاً حضرت ابوبکر ؓ، حضرت عمرفاروق ؓ اور حضرت عثمان ؓرضوان اللہ تعالیٰ اجمعین کے انفاق کی مثالیں بھی پیش کیں۔ 1948ء میں جماعت اسلامی ہند کی تشکیل نوکے بعد جماعت اسلامی ہند کے سابقون الاولون نے اس دور میں ایثاروقربانی پیش کیں۔ جس وقت جماعت اسلامی قائم ہورہی تھی ، اس وقت منشی ہدایت علی صاحب ملیح آباد لکھنؤ نے اپنے باغات جماعت کے لئے وقف کردئے تھے۔ابتداء میں جناب محمد اکرم علی رکن جماعت JIHبیدر نے سورہ منافقون کی منتخب آیات( 9تا11) کادرس دیتے ہوئے کہاکہ مادہ پرستی ، شرک اور نفاق (منافقت ) کا علاج انفاق (یعنی اللہ کے دین کے لئے مخلصانہ طورپر مال خرچ کرنا) ہے۔ محترمہ نجمہ فریس معاون ناظمہ JIHشعبۂ خواتین بیدر نے ’’انفاق فی سبیل اللہ اور تزکیۂ نفس‘‘ عنوان پر تقریر کی ۔ اور بتایاکہ انفاق کے معنی خرچ کرنے کے ہیں۔اور اللہ کی راہ میں خرچ کرنا سعادت مندی کی علامت ہے جس پر قرآن اور احادیث میں زور دیاگیاہے۔‘‘آخر میںجناب محمد معظم امیرمقامی JIHبیدرنے ہفتہ ٔ انفاق کا تعار ف کراتے ہوئے کہاکہ پوری ریاست کرناٹک میں یکم جنوری سے 7؍جنوری 2026ء تک ’’ہفتہ ٔ انفاق مہم ‘‘چلائی جارہی ہے۔ لہٰذا مسلمانانِ بیدر سے اپیل کی جاتی ہے کہ جماعت کی مالی مدد کرنے کے لئے آگے بڑھیں۔ اسی تعاون کی بدولت JIHبیدر، دعوتِ دین، خدمت خلق اور اپنے دیگر تنظیمی کام انجام دیتی ہے۔ موصوف نے بیدر کے مسلمانوں سے گزارش کی کہ وہ اپنی اعانتیں (یعنی انفاق، ڈونیشنز) جناب محمدعارف الدین صاحب معاون امیرمقامی بیدر کے فون نمبر 9448812003 پرآن لائن اور آف لائن جمع کراسکتے ہیں۔ اس اجتماع میں جماعت اسلامی ہند کے ارکان وکارکنان، ایس آئی او، جی آئی او، ایس وائی ایم، ادارۂ ادبِ اسلامی، ایچ آرایس، اے پی سی آر، آئیٹا سے وابستہ افراد، معززین شہر اور مسلمانان بیدر (مردوخواتین ) کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اسٹیج پرپروفیسر صلاح الدین (فارمیسی) معاون امیرمقامی، حافظ قاری انجینئر سید عتیق اللہ معاون میڈیا انچارج JIHبیدر بھی موجودتھے۔ اس بات کی اطلاع محترم محمد ظفر اللہ خان میڈیا ٹیم ممبر نے ایک پریس ریلیز کے ذریعہ دی ہے۔
