• تاریخی کارنامہ پر تعلقہ جیورگی میں جشن کا خوشگوار ماحول 
  • طلبہ کا شہر میں پروقار، پُرجوش اور شاندار استقبال
جیورگی 7 جنوری.(ڈاکٹر ماجد داغی): جیورگی کے لیے یہ لمحہ بے حد فخر، مسرت اور تاریخی اہمیت کا حامل ہے، کہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام انگلش میڈیم ہائی اسکول، جیورگی نے محکمہ اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی، حکومتِ کرناٹک بنگلور اور ڈائریکٹوریٹ آف مائنارٹی لینگویج اسکولز، آفس آف دی کمشنر، بنگلور کے علاوہ اردو اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ، بنگلور کے زیرِ اہتمام ڈسٹرکٹ انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ، دھارواڑ میں منعقدہ ریاستی سطح کے سائنس نمائش مقابلہ 2025-26  میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انعامِ اول حاصل کیا ہے ۔ اس عظیم کامیابی سے نہ صرف اسکول بلکہ پورے شہر کا نام ریاست بھر میں روشن ہو گیا ہے۔ اس تاریخی کامیابی کے معمار اسکول کے باصلاحیت اور محنتی طلبہ مسکان محمد محمود صاحب، سیدہ زویا طیبہ سید ضمیر حسین صاحب ، صدیقہ ابراہیم پٹیل صاحب ، عبدالعزیز محمد رفیق صاحب ، پریانک سومشیکھر اور حسنین محمد پاشاہ جماعتِ دہم کے نام شامل ہیں، جنہوں نے اپنی غیر معمولی ذہانت، تخلیقی سوچ اور سائنسی مہارت سے ججوں کو بےحد متاثر کیا۔ طلبہ کے پیش کردہ ماڈلز میں جدت، سماجی افادیت اور جدید سائنسی فکر کی واضح جھلک نظر آئی، جس کے باعث مقابلے میں انہیں سبقت حاصل ہوئی۔ اس کامیابی کے پس منظر میں اسکول کے اساتذہ کی مخلصانہ رہنمائی، والدین کی دعائیں اور اسکول انتظامیہ کی بصیرت افروز قیادت شامل ہے۔ اس موقع پر اسکول کے ایڈمنسٹریشن جناب احتشام الحسن پٹیل صاحب نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ کامیابی طلبہ، اساتذہ اور والدین کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے اور ادارہ مستقبل میں بھی معیاری تعلیم کے ساتھ سائنسی شعور کو فروغ دیتا رہے گا۔ شہر کے تعلیمی، سماجی اور عوامی حلقوں نے اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے جیورگی کے لیے ایک سنگِ میل قرار دیا ہے۔ ماہرینِ تعلیم کے مطابق یہ کامیابی ثابت کرتی ہے کہ اگر درست رہنمائی اور مواقع فراہم کیے جائیں تو چھوٹے شہروں کے طلبہ بھی ریاستی سطح پر نمایاں مقام حاصل کر سکتے ہیں۔ آخر میں اسکول انتظامیہ کی جانب سے کامیاب طلبہ، اساتذہ اور والدین کو دلی مبارکباد پیش کی گئی اور امید ظاہر کی گئی کہ مستقبل میں بھی ایسے ہی کارنامے انجام پاکر شہر کا وقار مزید بلند ہوتا رہے گا۔ الحاج محمد غوث انعامدار کی اطلاع کے مطابق ریاستی سطح پر شاندار کامیابی حاصل کرنے والے ہونہار طلبہ کے اعزاز میں اسکول انتظامیہ کی جانب سے آج ایک پروقار اور پُرجوش استقبال کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر ریلائنس پیٹرول پمپ ترکاری مارکیٹ اکنڈیشور چوک ڈاکٹر بی آر امبیڈکر سرکل بسویشور سرکل سے اسکول تک طلبہ کا ریلی کی صورت میں استقبال کیا گیا، جس نے پورے علاقے کو خوشی اور فخر کے جذبات سے بھر دیا اور ساتھ ہی باغبان برادری کی جانب سے ان بچوں کو شال وہ گل پوشی کی گئی، اس موقع پر اسکول کے صدر جناب ابراہیم پٹیل صاحب ، ایڈمنسٹر جناب احتشام الحسن پٹیل ، عبدالرحمن پٹیل صاحب ، سید ماجد علی پٹیل ، احمد حسین باغبان ، رکم تولہ مرچی ، یوسف صاحب بڑا گھر ، رکن بلدیہ محمد غوث صاحب،سید ضمیر حسین صاحب ، الحاج محمد داؤد صاحب ، مفتی عبدالمجید صاحب ، محمد صوفی جمعدار ، عبدالقادر صاحب باغبان، بھیمو سر ، چنو پٹیل صاحب،محمد یونس تیسری بلڈنگ کے علاوہ طلبہ وہ والدین کی کثیر تعداد موجود تھی ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے