ظہیرآباد 11/ جنوری (مشرقی آوازجدید): ظہیرآباد میونسپلٹی کے وارڈ نمبر 21 میں کانگریس پارٹی کے ٹکٹ کو لے کر عوامی حلقوں میں سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ مقامی عوام کی بڑی تعداد کی خواہش ہے کہ اس بار کانگریس پارٹی عمران عبدالغفار کو وارڈ 21 سے امیدوار بنائے، تاکہ وارڈ کی مجموعی ترقی کو نئی رفتار مل سکے۔عوام کا کہنا ہے کہ عمران عبدالغفار نے ہمیشہ خدمتِ خلق کو سیاست پر ترجیح دی ہے۔ انہوں نے ٹکٹ کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پارٹی قیادت نے ان پر اعتماد کیا تو وہ وارڈ کی ہمہ جہت ترقی کو اپنی اولین ترجیح بنائیں گے۔ ان کے مطابق سیاست اقتدار کے حصول کا نہیں بلکہ عوام کی خدمت اور ان کے اعتماد پر پورا اترنے کا نام ہے۔

عمران عبدالغفار نے واضح کیا کہ وارڈ میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی، سڑکوں کی تعمیر، نکاسیٔ آب کے مسائل کا حل، پینے کے صاف پانی، اسٹریٹ لائٹس اور دیگر انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے وہ مسلسل جدوجہد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک حقیقی عوامی نمائندہ وہی ہوتا ہے جو ہر وقت عوام کے درمیان رہے اور ان کی آواز بنے۔عوام اس بات کو بھی یاد کر رہے ہیں کہ عمران عبدالغفار نے بے روزگار نوجوانوں کے لیے جاب میلہ منعقد کروا کر کئی نوجوانوں کو روزگار سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس کے علاوہ کورونا وباء کے دوران ان کی بے لوث سماجی خدمات کو آج بھی لوگ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ وباء کے مشکل دنوں میں انہوں نے دن رات متاثرہ خاندانوں کی مدد کی، خوراک، ادویات اور ہنگامی امداد فراہم کر کے انسانیت کی عملی مثال پیش کی۔مقامی عوام کا کہنا ہے کہ مشکل حالات میں عمران عبدالغفار نے لوگوں کے درمیان رہ کر جو کردار ادا کیا، وہ ناقابلِ فراموش ہے۔ آج بھی وہ ایک ایسے عوامی لیڈر کے طور پر پہچانے جاتے ہیں جو ہر وقت خدمت کے لیے تیار رہتے ہیں اور وارڈ کے کسی بھی مسئلے پر فوری توجہ دیتے ہیں۔ذرائع کے مطابق وارڈ 21 میں عوامی سطح پر یہ مطالبہ زور پکڑ رہا ہے کہ کانگریس پارٹی اس بار عمران عبدالغفار کو ٹکٹ دے، تاکہ ان کی قیادت میں وارڈ کی ترقی کا نیا باب رقم ہو اور عوامی امنگوں کی تکمیل ممکن ہو سکے۔۔۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے