سنگاریڈی، 17 جنوری(مشرقی آوازجدید): ریاست اور ضلع کی ساکھ کو مزید مستحکم کرنے کے مقصد سے ساؤتھ انڈیا سائنس فیئر (SISF)–2026 کے انعقاد کے لیے تمام تر انتظامات مؤثر اور منظم انداز میں مکمل کرنے کی ہدایت ڈائریکٹر محکمۂ تعلیم نکولس نے متعلقہ عہدیداروں کو دی۔
ڈائریکٹر تعلیم نے ہفتہ کے روز رام چندر پورم منڈل کے کوللور میں واقع گاڈیم انٹرنیشنل اسکول میں 19 جنوری سے منعقد ہونے والے ساؤتھ انڈیا سائنس فیئر–2026 کے انتظامات کا موقع پر جا کر معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اسکول کے پورے احاطے کا دورہ کرتے ہوئے سائنس فیئر سے متعلق کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انہوں نے بالخصوص داخلی و خارجی راستوں، رہنمائی کے لیے نصب کیے گئے سائن بورڈز، برقی کنکشنز، حفاظتی انتظامات، رہائشی سہولیات، صفائی و ستھرائی اور پینے کے پانی کی فراہمی جیسے امور کا معائنہ کیا۔
سائنس فیئر میں شرکت کرنے والے طلبہ، اساتذہ اور معزز مہمانوں کے لیے رہائش، طعام اور ٹرانسپورٹ کے انتظامات سے متعلق متعلقہ حکام سے تفصیلات حاصل کیں اور کئی اہم ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر ڈائریکٹر تعلیم نکولس نے کہا کہ ساؤتھ انڈیا کے مختلف حصوں سے طلبہ، اساتذہ، سائنس داں اور مہمان اس سائنس فیئر میں شرکت کریں گے، لہٰذا پیشگی منصوبہ بندی کے ساتھ ایسے انتظامات کیے جائیں کہ کسی کو بھی کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نمائشوں کے لیے آنے والے طلبہ، اساتذہ اور زائرین کو کسی بھی مرحلے پر پریشانی نہ ہو۔
انہوں نے سائنس فیئر دیکھنے کے لیے آنے والے عام زائرین کے لیے بھی آسان رسائی، واضح رہنمائی بورڈز، مناسب حفاظتی اقدامات اور پارکنگ کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ اس سلسلے میں تشکیل دی گئی تمام کمیٹیوں کے اراکین کو چوکنا رہتے ہوئے باہمی تال میل کے ساتھ اپنے فرائض انجام دینے کا حکم دیا۔
سائنس فیئر کے انعقاد کے تحت تشکیل دی گئی رہائش، طعام، ٹرانسپورٹ، سیکیورٹی، صفائی، طبی خدمات، بجلی اور پینے کے پانی سے متعلق کمیٹیوں کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دیں اور اعلیٰ حکام کی ہدایات کے مطابق اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ چھ ریاستوں سے شرکت کرنے والے طلبہ خوشگوار اور پُر جوش ماحول میں سائنس فیئر میں حصہ لیں، اس بات کو یقینی بنایا جائے۔
اس معائنہ پروگرام میں ایس سی ای آر ٹی کے ڈائریکٹر رمیش، ضلع تعلیمی افسر وینکٹیشورلو، ضلع سائنس افسر سدھاریڈی، نوڈل افسر لمباجی، پرنٹ و میڈیا کمیٹی کے کنوینر ایم ڈی ذاکر حسین، منڈل تعلیمی افسران ناگیشور نائک، راملو، ودیاساگر، وجئے کمار، وینکٹ نرسمولو، انوراڌا اور مختلف کمیٹیوں کے اراکین سمیت دیگر عہدیدار شریک تھے۔۔۔
