منااکھیلی۔01/فروری(عبدالقدیر لشکری): بیدر ضلع انچارج وزیرجناب ایشور کھنڈرے اور جناب رحیم خان وزیر میونسپل و حج، ریاست کرناٹک اور سابق وزیر راج شیکھر پاٹل نے آج بیدر میں کل ہفتہ کو بلاسٹ والے حادثہ میں زخمی ہوچکے افراد(طلبہ اوردیگر) سے بیدر بریمس اور گرونانک ہاسپٹل بیدر پہنچ کر ملاقات کی ۔ ضلع انچارج وزیر ایشور کھنڈرے نے زخمیوں کے والدین سے اس حادثہ پر اپنے دُکھ کا اظہار کیا اور اپنی جانب سے ذاتی مالی امداد فراہم کی ۔ وزیر رحیم خان نے بھی ذاتی مالی امداد کی۔ وزیر ایشور کھنڈرے نے بچوں کے والدین سے کہا کہ ہاسپٹل کا تمام خرچ ضلع انتظامیہ اداکرے گا۔ یہ انتہائی افسوسناک حادثہ ہے کہ بیدر ضلع کے ہمناآباد تعلقہ کے موڑکھیرا دیہات میں مندر کے روڈپر ایک مشتبہ دھماکہ میں 4 طلبہ سمیت 6 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں ۔ضلع انچارج وزیر جناب ایشور کھنڈرے نے آج جائے وقوعہ کا دورہ کرتے ہوئے دھماکہ کا معائنہ کیا۔ انہوں نے جائے وقوعہ پر اہلکاروں سے واقعہ کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کیں ۔شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دھماکہ ایک گھر کے سامنے کیمیکل ملا ہوا مواد ذخیرہ کرنے کی وجہ سے ہوا ہو گا انہوں نے اس موقع پر موڑکھیرادیہات کی عوام سے بات کرتے ہوے کہا کہ اس واقعے کی مکمل تحقیقات کی جارہی ہیں اور مکمل تحقیقاتی رپورٹ آتے ہی رپورٹ کی بنیاد پرکارروائی کی جائے گی۔ وزیر موصوف نے واضح کیا کہ اس معاملے میں جو بھی اہلکار لاپروائی یا قصوروار پائے جائیں گے، ان کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ وزیر نے دیہات والوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کے متعلقہ محکمے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایسے واقعات کو دوبارہ رونما ہونے سے روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ سدھو پاٹل ایم ایل اے ہمناآباد بھی اس دور ے میں ضلع انچارج وزیر کے ساتھ دیکھے گئے۔ دوسری طرف جناب نسیم الدین پٹیل سابق صدر ضلع پنچایت بیدر نے بھی بیدر اسپتال پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کرتے ہوئے ان کے والدین سے ملاقات کی ۔ ایک اور جانب سوشل میڈیا پرایک ویڈیووائرل ہورہاہے جس میں مول کھیرا کے لوگ تحصیلدار ہمناآباد پر اپنے غصہ کا اظہار کرتے ہوے دکھائے جارہے ہیں۔ مول کھیرا دیہات کے عوام کا کہناہے کہ پچھلے میں بھی اس طرح کے حادثات ہوئے ہیں، ہم نے تحصیلدار ہمناآباد سے اس حادثہ کے قریب موجود ٹرانسفارمر کو نکالنے کو کہا تھا لیکن انھوں نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ ایم ایل سی ڈاکٹر چندر شیکھر پاٹل بیدر ڈپٹی کمشنر شلپا شرما،سی ای او ضلع پنچایت گریش بدولے،بیدر ایس پی پردیپ گنٹی،پرکاش کدرے اے سی بسواکلیان،ہمناآباد ڈی ایس پی مروڑپا،اور تحصیلدار ہمناآباد،ای،او تعلقہ پنچایت ہمناآباد،اور دیگر افسران موجود تھے۔
