بیدر۔ 24؍فروری(محمدیوسف رحیم بیدری): ریاستی سطح کی معروف جے ایم کنسٹرکشنس کمپنی کے زیر اہتمام کل یہاں مغل گارڈن فنکشن ہال بیدر میں روزے داروں کیلئے پُر تکلف دعوت افطار کااہتمام کیا گیا۔ تفصیلات کے بموجب 4/رمضان المبارک کو بعد ادائیگی نماز عصر مولانا مفتی محمد افسرعلی نعیمی ندوی نے روزے داروں کی کثیر تعداد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ فرماتاہے کہ روزہ خالص میرے لئے ہے اور میں اس کی جزاخود ہوں۔ ماہ رمضان المبارک عظمت والا، برکت والا مہینہ ہے اللہ تعالیٰ اسی ماہ میں قرآن مجید نازل فرمایا۔ رمضان المبارک نزول قرآن مجید، روزوں کا اہتمام، تقوی و پرہیز گاری، ہمدردی و غم گساری جبر و استقامت، جذبہ حمیت و جذب اتحاد احکامات خداوندی و شریعت محمدی پر عمل پیرائی کا مہینہ ہے، رمضان المبارک میں بندگان خدا پراور اہل ایمان پر رحمتوں کی بارش ہوتی ہے، بندگان مؤمن کے حق میں مغفرت کا فیصلہ ہوتا ہے، بندگان مؤمن کو جہنم سے چھٹکارے کا پروانہ دیا جاتا ہے۔ افطار سے قبل مولانا محمد عبدالوحیدقاسمی امام و خطیب مسجد مدرسہ محمود گاواں ؒ بیدرنے پُر اثر دعاء کرتے ہوئے مر حوم جناب محمد نظام الدین موظف محکمہ آبکاری،مرحوم جناب محمد سلیم الدین سابقہ صدر بیدر اربن کریڈٹ کو آپریٹیو سو سائٹی اورمحمد جنید احمد مرحوم کے علاوہ تمام مر حومین کی مغفرت کیلئے دعاء کی گئی۔ احاطہ فنکشن ہال میں با جماعت نماز مغرب کی ادائیگی کے بعد پُر تکلف ضیافت کا اہتمام کیا گیا، جس میں ریاستی وزیر جناب الحاج محمد رحیم خان ‘محمد غوث صدر مجلس بلدیہ بیدر ،روزے داروں کے علاوہ معززین شہر، وکلاء، ڈاکٹرس، انجینئرس، صحافی، تاجرین، دینی ملی تعلیمی، علمائے دین، مشائخین، ضلع بھر کے مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین،غرباء و مساکین ودیگر ابنائے وطن کی کافی تعداد موجود رہی۔جناب محمد جاوید احمد کلاس ون کنٹراکٹر،اورمینجنگ ڈائریکٹر جے ایم کنسٹرکشنس کی نگرانی میں، جناب محمد سیف الدین سہیل صدر بیدر اربن کریڈٹ کو آپریٹیو سو سائیٹی، محمد جواد احمد سابق صدر عیدگاہ سُنی بیدر و مینجنگ پارٹنر جے ایم کنسٹرکشنس، جبران احمد عبیدڈائریکٹر بیدر اربن کریڈٹ کو آپریٹیو سو سائٹی، محمد عمران خان،محمد عرفان پٹھان نے پورے خلوص کے ساتھ اس پرتکلف دعوت افطار وطعام میں روزہ داروں کی خدمت میں لگے رہے، تمام مہمانوں کا والہانہ استقبال کیا اور انتظامات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔اس بات کی اطلاع عبدالصمد منجووالا نے دی ہے۔
