گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیر آباد میں یوم دستور تقریب سے شرکا کا خطاب
ظہیرآباد 26نومبر(نمائندہ۔جی۔یم): ہندوستان دنیا کی سب سے بڑی اور مثالی جمہوریت ہے اور اس جمہوریت کی شان اس کا عظیم الشان دستور ہے۔ یہ ایک ایسا قانون ہے جو ملک کی سالمیت بقا تحفظ اور ترقی کے لیے ملک کے سبھی شہریوں کو تحفظ اور یکساں مواقع فراہم کرتا ہے۔ دنیا کے کسی کام کے لیے ایک اصول اور قانون کی ضرورت ہوتی ہے اسی طرح کثرت میں وحدت کی عظیم مثال والے ملک ہندوستان کی تعمیر اور ترقی کے لیے ہمارے ملک کے قائدین نے دستور ساز اسمبلی کے صدرنشین ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی قیادت میں تحریری دستور بنایا جس کا نفاذ 26نومبر 1950سے عمل میں آیا اور پارلیمنٹ کے ذریعے مختلف اوقات میں اس میں ضروری ترمیم کرتے ہوئے اسے اس ملک کے تمام شہریوں کے لیے قابل قبول اور قابل عمل بنایا گیا۔ دستور کے تحفظ کے لیے ہماری عدالتیں ہیں۔ موجودہ زمانے کے ملک کے شہریوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ دستور میں فراہم کردہ حقوق اور فرائض سے واقفیت رکھیں ملک میں قانون کی حکمرانی کے لیے اپنا تعاون پیش کریں اور زندہ رہنے کا حق،تعلیم کا حق،اظہار خیال کا حق سے استفادہ کریں اور دستوری فرائض کے ضمن میں ہم اپنے ملک کی سالمیت کا سودا نہ کریں اور ملک کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچائیں۔
ان خیالات کا اظہار پروفیسر محمد اسلم فاروقی نے آج کالج میں شعبہ سیاسیات کے زیر اہتمام منعقدہ یوم دستور تقریب سے کیا۔ اس تقریب میں بہ طور مہمان ڈاکٹر اشوک صاحب ایڈوکیٹ و سابق لیکچرر گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیر آباد۔ مسٹر اسماعیل اپا ایڈوکیٹ مسٹر نرسمہلو فزیکل ہینڈی کیپ اسوسی ایشن سکریٹری ظہیر آباد نے شرکت کی۔ مسٹر اسماعیل اپا نے کہا کہ وہ بھی گورنمنٹ ڈگری کالج کے تعلیم یافتہ ہیں انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ یوم دستور کے موقع پر عہد کریں کہ ملک کے قانون کا احترام کریں گے اور ملک کی ترقی کے لیے کام کریں گے۔
ڈاکٹر اشوک صاحب نے تاریخ کو دہراتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی دور اندیشی اور ملک کے رہنمائوں کی کوشش سے ایک سیکولر ملک میں سیکولر دستور بنایا گیا دنیا کے دیگر ممالک میں مذہب کی بنیاد پر دستور ہوتا ہے جب کہ ہندوستان نے غیر مذہبی سیکولر ملک کے لیے سیکولر دستور کا انتخاب کیا گیا جہاں بلا لحاظ ذات پات مذہب و ملت سب کو یکساں مواقع دستیاب ہیں ۔ نرسمہلو نے گیت گا کر قومی یکجہتی کا پیغام پیش کیا۔ تقریب سے شعبہ سیاسیات کے صدر ڈاکٹر پی سریندر ، صدر شعبہ انگریزی ڈاکٹر نرہری مورتی، ایس راملو، عشرت سلطانہ نے خطاب کیا۔
اس موقع پر ظہیر آباد وکلا کی جانب سے تحریری مقابلوں میں حصہ لینے والے طلبا کو نقد انعام اور ڈکشنری و توصیف نامہ انعام میں پیش کیا گیا۔ طلبا کو پارلیمنٹ کے چار ستون مقننہ عدلیہ عاملہ اور صحافت کے ماڈل پیش کرنے پر انعام دیا گیا۔ کالج میں منعقدہ سائبر سیکیوریٹی سرٹفکیٹ کورس کے شرکا میں اسنادات تقسیم کیے گئے ۔ اس تقریب میں کالج کے دیگر لیکچررز ڈاکٹر محمد تنویر۔ مظفر علی۔ سدپا۔ پولس پروین۔ محمد معراج الدین۔ محمد مبین۔ڈاکٹر مدن راتھوڑ۔ ڈی پریتی۔ایس بھوانی۔ مسرت بیگم۔ نیہا، فاطمہ، فائزہ، امرین، عرفانہ۔ اسما۔ نے شرکت کی۔۔۔۔
