از: محمد شمیم احمد نوری مصباحی
خادم:دارالعلوم انوارِ مصطفیٰ، سہلاؤ شریف، باڑمیر (راجستھان)
اسلام میں اعتکاف ایک نہایت بابرکت اور فضیلتوں والا عمل ہے، جو بندے کو دنیاوی مشاغل سے نکال کر اللہ تعالیٰ کی عبادت میں مکمل طور پر مصروف ہونے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ یہ عبادت روحانی تربیت، تقویٰ، اخلاص اور تزکیۂ نفس کا بہترین ذریعہ ہے، جس کا مقصد اللہ تعالیٰ کی قربت حاصل کرنا اور دنیا کی فتنہ انگیزیوں سے نجات پا کر دل کو ذکرِ الٰہی سے منور کرنا ہے۔
رمضان المبارک کے بابرکت ایام خصوصاً آخری عشرہ اس عبادت کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ انہی مبارک دنوں میں شبِ قدر جیسی عظیم رات بھی پوشیدہ ہے جس کی تلاش کے لیے رسول اکرم ﷺ اعتکاف فرمایا کرتے تھے۔
اعتکاف کی تعریف:
لفظ اعتکاف عربی زبان سے ماخوذ ہے جس کے معنی ہیں:
ٹھہرنا، رک جانا یا خود کو کسی چیز کے لیے مخصوص کر دینا۔
شرعی اصطلاح میں اعتکاف سے مراد یہ ہے کہ ایک مسلمان نیتِ عبادت کے ساتھ مسجد میں قیام کرے اور اپنے آپ کو مکمل طور پر اللہ تعالیٰ کی عبادت، ذکر، تلاوتِ قرآن، دعا اور نیکی کے کاموں میں مشغول کر دے۔
درحقیقت اعتکاف بندے کا اپنے رب کے دربار میں حاضر ہو کر عاجزی کے ساتھ یہ عرض کرنا ہے کہ:
"اے میرے رب! میں تیرے در پر حاضر ہوں، جب تک تو مجھے بخش نہ دے میں یہاں سے اٹھنے والا نہیں۔”
اعتکاف کی فضیلت:
اعتکاف کی فضیلت قرآن و حدیث میں بڑی وضاحت کے ساتھ بیان ہوئی ہے۔
حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا فرماتی ہیں:
"نبی کریم ﷺ رمضان کے آخری عشرے میں اعتکاف فرمایا کرتے تھے یہاں تک کہ آپ کا وصال ہو گیا، پھر آپ کے بعد آپ کی ازواجِ مطہرات بھی اعتکاف کرتی رہیں۔”(بخاری، مسلم)
اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ اعتکاف رسول اللہ ﷺ کی دائمی سنت ہے۔
اعتکاف کے مزید فضائل:
1۔ دو حج اور دو عمرے کا ثواب:
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
"جس شخص نے رمضان المبارک میں دس دن کا اعتکاف کیا اسے دو حج اور دو عمرے کا ثواب ملتا ہے۔”
(بیہقی)
یہ حدیث اعتکاف کی عظمت کو واضح کرتی ہے کہ یہ عبادت کتنی بڑی فضیلت رکھتی ہے۔
2۔ جہنم سے دوری:
حضور نبی اکرم ﷺ نے فرمایا:”جو شخص اللہ کی رضا کے لیے ایک دن کا اعتکاف کرے، اللہ تعالیٰ اس کے اور جہنم کے درمیان تین خندقیں پیدا کر دیتا ہے جن میں سے ہر خندق کا فاصلہ مشرق و مغرب کے برابر ہوتا ہے۔”(طبرانی)
3۔ گناہوں سے حفاظت:
نبی کریم ﷺ نے فرمایا:
"معتکف گناہوں سے رکا رہتا ہے اور اس کے لیے وہ تمام نیکیاں لکھی جاتی ہیں جو نیک اعمال کرنے والوں کے لیے لکھی جاتی ہیں۔”(ابن ماجہ)
یعنی معتکف گویا گناہوں سے محفوظ ہو جاتا ہے اور مسلسل ثواب کماتا رہتا ہے۔
4۔ شبِ قدر کی تلاش:
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
"میں نے شبِ قدر کی تلاش کے لیے پہلے عشرے کا اعتکاف کیا، پھر دوسرے عشرے کا، پھر مجھے بتایا گیا کہ وہ آخری عشرے میں ہے، لہٰذا جو اعتکاف کرنا چاہے وہ آخری عشرے کا کرے۔”(مسلم)
اس سے معلوم ہوا کہ اعتکاف شبِ قدر کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے۔
5۔ اللہ کے دربار میں حاضری:
علمائے کرام فرماتے ہیں کہ معتکف گویا اللہ تعالیٰ کے دربار میں بیٹھ کر عاجزی کے ساتھ دعا کرتا ہے اور اپنی بخشش کی درخواست کرتا رہتا ہے۔
اعتکاف کی قسمیں:
فقہ اسلامی میں اعتکاف کو تین اقسام میں تقسیم کیا گیا ہے:
1. اعتکافِ مسنون:
یہ اعتکاف رمضان المبارک کے آخری عشرے میں کیا جاتا ہے، جو 20 رمضان المبارک کی مغرب سے لے کر شوال کا چاند نظر آنے تک ہوتا ہے۔
اس اعتکاف کی ادائیگی نبی کریم ﷺ کی سنتِ مؤکدہ ہے، جسے ترک نہیں کرنا چاہیے۔
2. اعتکافِ واجب:
یہ وہ اعتکاف ہے جو کسی نذر یا منت کی وجہ سے لازم ہو جائے۔
مثال کے طور پر، اگر کوئی شخص یہ نیت کرے کہ "اگر میرا فلاں کام ہو گیا تو میں اللہ تعالیٰ کے لیے تین دن کا اعتکاف کروں گا”، تو یہ اعتکاف اس پر واجب ہو جاتا ہے۔
اس میں روزہ رکھنا بھی ضروری ہوتا ہے۔
3. اعتکافِ نفل:
یہ وہ اعتکاف ہے جو بغیر کسی شرط کے کیا جائے، یعنی جب چاہا اور جتنے دن چاہا، اعتکاف کر لیا۔
اس میں روزہ رکھنا ضروری نہیں ہوتا، اور نہ ہی کسی مخصوص وقت کی قید ہوتی ہے۔
جو شخص جب بھی مسجد میں عبادت کی نیت سے داخل ہو، وہ جتنی دیر وہاں ٹھہرے گا، اسے نفل اعتکاف کا ثواب ملے گا۔
معتکف کے لیے ضروری ہدایات:
1. اعتکاف کی نیت:
نیت اخلاص کے ساتھ ہونی چاہیے کہ یہ عمل محض اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے کیا جا رہا ہے۔
اعتکاف کے دوران دنیاوی باتوں سے اجتناب اور عبادت میں مشغول رہنا ضروری ہے۔
2. مسجد میں قیام:
مردوں کے لیے مسجد میں اعتکاف کرنا ضروری ہے، جبکہ خواتین اپنے گھروں میں کسی مخصوص جگہ کو عبادت کے لیے مختص کر کے اعتکاف کر سکتی ہیں۔
مسجد میں بیٹھنے کا مطلب یہ نہیں کہ وہاں دنیاوی باتیں کی جائیں، بلکہ عبادت، ذکر، تلاوتِ قرآن اور دعا وغیرہ میں مشغول ہونا چاہیے۔
3. اعتکاف کے دوران ممنوع امور:
★بلا ضرورت مسجد سے باہر نکلنا۔
★فضول گفتگو کرنا، دنیاوی مشاغل میں مشغول ہونا، اور اعتکاف کے مقصد سے غافل ہو جانا۔
★جھوٹ، غیبت اور دیگر گناہ کے کاموں میں مبتلا ہونا۔
★وہ اعمال جو مسجد کے آداب کے خلاف ہوں، جیسے زور سے باتیں کرنا یا مسجد کو دنیاوی معاملات میں استعمال کرنا۔
مساجد میں دنیاوی باتوں کی ممانعت:
آج کل ایک بڑی خرابی یہ پیدا ہو گئی ہے کہ مساجد میں بھی دنیاوی باتیں عام ہو گئی ہیں، حالانکہ رسول اللہ ﷺ نے اس سے سختی سے منع فرمایا ہے۔
حضرت جابر بن عبد اللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا:
"لوگوں پر ایک زمانہ ایسا آئے گا کہ مساجد میں دنیا کی باتیں ہوں گی، تم ان کے ساتھ مت بیٹھو کہ اللہ عزوجل کو ایسے لوگوں کی کوئی حاجت نہیں۔” (شُعَبُ الایمان، ج۳، ص۸۶، حدیث ۲۹۶۲)
حکیمُ الْاُمَّت مفتی احمد یار خان نعیمی رحمۃ اللہ علیہ اس حدیثِ پاک کے تحت فرماتے ہیں:
"یعنی اللہ ان پر کرم نہ کرے گا، ورنہ رب کو کسی بندے کی ضرورت نہیں، وہ ضرورتوں سے پاک ہے۔” (مراٰۃ المناجیح، ج۱، ص۴۵۷)
یہی وجہ ہے کہ معتکف کو چاہیے کہ وہ دنیاوی باتوں سے پرہیز کرے اور خود کو صرف عبادت میں مشغول رکھے۔
اعتکاف کا روحانی اثر:
اعتکاف دراصل ایک روحانی تربیت گاہ ہے۔ جب بندہ چند دنوں کے لیے دنیا کی مصروفیات سے الگ ہو کر صرف اللہ تعالیٰ کی عبادت میں مشغول ہو جاتا ہے تو اس کا دل نرم ہو جاتا ہے، ایمان تازہ ہو جاتا ہے اور اللہ تعالیٰ کی محبت اس کے دل میں راسخ ہو جاتی ہے۔
یہ عبادت ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ انسان کبھی کبھی دنیا کی بھیڑ سے نکل کر اپنے رب کے سامنے بیٹھے، اپنے گناہوں پر نادم ہو اور نئی زندگی شروع کرنے کا عزم کرے۔
حاصلِ کلام یہ ہے کہ اعتکاف محض ایک عبادت نہیں بلکہ ایک روحانی تربیت گاہ ہے جو بندے کو اللہ تعالیٰ کے قریب کرتی ہے۔ یہ نبی کریم ﷺ کی محبوب سنت ہے جس میں دنیا کی فکریں ماند پڑ جاتی ہیں اور بندہ اللہ تعالیٰ کی رضا میں کھو جاتا ہے۔
ہمیں چاہیے کہ اس سنتِ مبارکہ کو زندہ کریں، مساجد کے احترام کو برقرار رکھیں اور اپنے دلوں کو اللہ تعالیٰ کی محبت سے منور کریں۔
اللہ تعالیٰ ہمیں رمضان المبارک کے آخری عشرے کی قدر کرنے، اعتکاف کی سنت پر عمل کرنے اور اس کے فیوض و برکات سے مستفیدومستفیض ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔
آمین یا رب العالمین بجاہ سیدالمرسلین(ﷺ)

