بیدر۔ 29؍اپریل (محمدیوسف رحیم بیدری): شہر بیدر کے معروف تعلیمی ادارے گرو نانک پبلک اسکول کی دسویں جماعت کی طالبہ اندرا کھوبا نے ایک نفسیاتی فنتاسی تھرلر ناول تحریر کر کے ادبی حلقوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا ہے۔ ان کی اس کتاب کا عنوان The Bound by a Silent Thread ہے، جو کہ اسرار و رموز اور گہرے انسانی جذبات کی عکاسی کرتی ہے۔ یہ کتاب اب عالمی آن لائن پلیٹ فارم ایمیزون پر بھی دستیاب ہے۔اس شاندار کامیابی پر اسکول انتظامیہ کی جانب سے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کامیاب طالبہ کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ادارے کی نائب صدر ڈاکٹر ریشما کورنے طالبہ کو اس بہترین ادبی کارنامے پر تہہ دل سے مبارکباد پیش کی اور اس کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اندرا کے والدین کے علاوہ ڈین بی ہنومان، پرنسپل نلنی ڈی جی اور امجد علی نے شرکت کی اور طالبہ کی محنت کو سراہا۔اپنی کامیابی پر گفتگو کرتے ہوئے اندرا کھوبا نے کہا’’گرو نانک پبلک اسکول کا تعلیمی ماحول انتہائی دوستانہ اور سازگار ہے۔ یہاں کے اساتذہ طلباء کی چھپی ہوئی صلاحیتوں کو نکھارنے میں بھرپور تعاون اور حوصلہ افزائی کرتے ہیں، جس کی بدولت میں یہ سنگِ میل عبور کرنے میں کامیاب ہوئی‘‘۔پرنسپل نلنی ڈی جی نے اس موقع پر کہا کہ اسکول کے لیے یہ فخر کی بات ہے کہ اس کی طالبہ نے اتنی کم عمری میں ایک سنجیدہ موضوع پر کتاب لکھ کر ادارے کا نام روشن کیا ہے۔اس بات کی اطلاع جی این ڈی اسکول کے ذرائع نے دی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے