بیدر، 22 جون (محمدیوسف رحیم بیدری): محلہ گلشن باغ، نزد منگل پیٹھ پانی کی ٹانکی بیدر میں واقع مسجد نور میں 8 محرم الحرام 1448ھ بمطابق 24 جون 2026ء بروز چہارشنبہ بعد نماز عشاء ایک عظیم الشان جلسۂ شہادتِ امام حسینؓ کا انعقاد عمل میں آئے گا۔ اس روحانی و اصلاحی اجتماع میں واقعۂ کربلا، سیرتِ سید الشہداء حضرت امام حسینؓ اور امت مسلمہ کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی جائے گی۔
جلسے سے حضرت علامہ مولانا مفتی محمد خواجہ معین الدین نظامی صاحب بانی و ناظم معہد انوار القرآن فیض پورہ بیدر خصوصی خطاب فرمائیں گے، جبکہ حضرت علامہ مولانا حافظ و قاری مفتی محمد فیاض الدین نظامی صاحب صدر نائب قاضی و خطیب جامع مسجد بیدر بھی اپنے فکر انگیز خطاب سے سامعین کو مستفید کریں گے۔
منتظمین کے مطابق جلسے کا بنیادی موضوع "سیرتِ سید الشہداء حضرت امام حسینؓ، واقعۂ کربلا کے اسباب اور امت مسلمہ کی ذمہ داریاں” رہے گا۔ مقررین اپنے خطابات میں حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی، حق و صداقت کے لیے جدوجہد اور اسلامی تعلیمات کی روشنی میں موجودہ دور کے تقاضوں پر روشنی ڈالیں گے۔
مسجد کمیٹی اور نوجوانانِ محلہ کی جانب سے تمام عاشقانِ اہلِ بیتؓ، علماء کرام، معززینِ شہر اور عامہ المسلمین سے کثیر تعداد میں شرکت کی اپیل کی گئی ہے تاکہ واقعۂ کربلا کے پیغام کو سمجھتے ہوئے اپنی دینی و اخلاقی زندگی کو سنوارا جا سکے۔ منتظمین نے کہا کہ یہ جلسہ ایمان و عمل کی تازگی اور سیرتِ حسینیؓ سے رہنمائی حاصل کرنے کا بہترین موقع ثابت ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے