اٹوا(سدھارتھ نگر): بزم ارباب ادب کی 78ویں طرحی نشست جناب صغیر رحمانی کی صدارت اور جناب شکیل ضاغط صاحب کی نظامت میں جمال ٹریڈرس پر منعقد ہوٸی جس میں بطورِ مہمان خصوصی جناب عبدالاول صاحب سنگرامپوری اور جناب نسیم زاہدصاحب راماپوری تشریف لاۓ منتخب اشعار باذوق قارٸین کی نذر ہیں:

نیتا سبھاش چندر کا عبدالحمید کا

ہندوستان قرض ہے ہر اک شہید کا

برہم دیو شاستری پنکج

 

جب بک چکا ہے گھر کا مرے تار تار تک

موسم جمال آیا ہے ایسے میں عید کا

جمال قدوسی

اٹھو ایاز سورہ یٰسین دم کرو

ہے وقتِ واپسیں کسی ہجراں رسید کا

ڈاکٹر ایاز اعظمی

 

ہرگز معانقہ سے عداوت نہ ہوگی ختم

جب تک سمجھ میں آۓ نا مفہوم عید کا

عبدالاول سنگرام پوری

زندگی تو ہی بتا اس بے بسی کا کیا کریں

ہوں دیارِ غیر میں اور چاند نکلا عید کا

نسیم زاہد

 

دھڑکن ہے تیزتر ہوٸی معدوم چین ہے

نفرت کا وار دل پہ ہوا ہے شدید کا

ظہیر رحمانی

 

اک تیری بےخودی نے تماشہ بنادیا

تنکا سا ہوگیا ہوں میں چشمِ خرید کا

شکیل ضاغط

 

مرشد کی خواب گاہ میں آتے ہی دفعتا

چہرہ اتر گیا ہے جنابِ مرید کا

ارشد اقبال

 

دیدار اس کا ہوگا ضروری تو یہ نہیں

ہے آسرا ابھی بھی ہمیں اس کی دید کا

سید عزیز الرحمٰن عاجز

 

دنیا میں بے شمار کتابیں ضرور ہیں

ثانی نہیں ہے کوٸی کلامِ مجید کا

التجا حسین نور صدیقی

 

اس وقت بےبسی میں ہے غم خوار بس وہی

جس سے کوٸی بھی تھا نہیں رشتہ بعید کا

جمال اجمل

 

قلب و دماغ روح کو چین و سکوں ملے

کچھ ایسا ہے سرور کلام ِ مجید کا

ضمیرا حمد ضمیر قاسمی

 

حسن و جمال والے تو لاکھوں ہیں یاں مگر

ہے اشتیاق آج بھی تیری ہی دید کا

رحمت علی راہی

 

امید پہ ہے قاٸم و داٸم یہ کاٸنات

تم بھی کبھی نہ چھوڑنا دامن امید کا

جمال شاکر بھرتھناوی

 

یہ دور ایساہے کہ سہما ہے ہر کوٸی

آجاۓ کب کرونا دورِ وعید کا

عبدالرب جوہر

اس موقع پر عباس چودھری ، انوراگ شری واستو وغیرہ بھی موجود رہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے