حافظ صفی الرحمن فرقانوی

 اٹوا بازار سدھارتھ نگر: مسجد ابوبکر صدیقؓ راماپور، اٹوا بازار، ضلع سدھارتھ نگر (یوپی) میں منعقدہ خطبۂ جمعہ سے خطاب کرتے ہوئے معروف عالمِ دین فضیلۃ الشیخ عبدالحکیم مدنی حفظہ اللہ نے کہا کہ تمام تعریفیں کبریائی بزرگی اور پاکیزگی صرف اللہ رب العالمین کے لیے ہیں کائنات کی ہر مخلوق خواہ جاندار ہو یا بے جان اپنے رب کی حمد و ثنا اور تسبیح میں مصروف ہے اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے ﴿وَإِنْ مِّنْ شَيْءٍ إِلَّا يُسَبِّحُ بِحَمْدِهِ وَلَٰكِن لَّا تَفْقَهُونَ تَسْبِيحَهُمْ (سورۂ الإسراء 44) انہوں نے کہا کہ انسان کو بھی چاہیے کہ ہر حال میں اللہ تعالیٰ کا ذکر، تسبیح استغفار اور شکر ادا کرتا رہے۔

خطیب نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان اور جنات کو عبادت اور آزمائش کے لیے پیدا فرمایا ہے انسان کے اندر خواہشات رکھی گئی ہیں اسی لیے اسے ہر قدم پر تقویٰ صبر اور اللہ کے خوف کی ضرورت ہے انہوں نے خطبۂ جمعہ میں پڑھی جانے والی آیاتِ تقویٰ کی تشریح کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی صرف تقویٰ سچائی اور اللہ و رسول ﷺ کی اطاعت میں ہے جبکہ جھوٹ گناہ اور نافرمانی انسان کو ہلاکت کی طرف لے جاتے ہیں۔

فضیلۃ الشیخ عبدالحکیم مدنی نے قرآن کریم کی آیت ﴿قُلْ إِن كُنتُمْ تُحِبُّونَ اللَّهَ فَاتَّبِعُونِي يُحْبِبْكُمُ اللَّهُ وَيَغْفِرْ لَكُمْ ذُنُوبَكُمْ (آل عمران 31) کی تلاوت کرتے ہوئے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کی محبت کا حقیقی معیار رسول اللہ ﷺ کی مکمل اتباع ہے جو شخص سنتِ نبوی پر عمل کرتا ہے اللہ تعالیٰ اس سے محبت فرماتا ہے اور اس کے گناہوں کو معاف فرما دیتا ہے۔

انہوں نے توبہ و استغفار کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کی سچی توبہ کو پسند فرماتا ہے بندہ جب اخلاص کے ساتھ اپنے گناہوں پر نادم ہو کر آئندہ گناہ نہ کرنے کا پختہ ارادہ کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس کی توبہ قبول فرما لیتا ہے انہوں نے مسلمانوں کو نصیحت کی کہ گناہوں پر اصرار نہ کریں بلکہ ہر وقت اللہ تعالیٰ سے مغفرت طلب کرتے رہیں۔

اپنے خطاب کے اہم حصے میں خطیب نے محبتِ رسول ﷺ کی حقیقت بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ ایمان کی تکمیل اسی وقت ہوتی ہے جب رسول اکرم ﷺ انسان کو اپنی جان والدین اولاد مال و دولت اور دنیا کی ہر محبوب چیز سے زیادہ عزیز ہوں انہوں نے صحیح بخاری کی حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایاتم میں سے کوئی شخص اس وقت تک کامل مومن نہیں ہوسکتا جب تک میں اسے اس کے والد اس کی اولاد اور تمام لوگوں سے زیادہ محبوب نہ ہوجاؤں۔

اسی مناسبت سے انہوں نے حضرت عمرؓ کا ایمان افروز واقعہ بیان کیا کہ جب انہوں نے عرض کیایارسول اللہ آپ مجھے ہر چیز سے زیادہ محبوب ہیں سوائے میری جان کے تو آپ ﷺ نے فرمایا اس وقت تک نہیں جب تک میں تمہیں تمہاری جان سے بھی زیادہ محبوب نہ ہوجاؤں اس پر حضرت عمرؓ نے فوراً عرض کیا کہ اب آپ ﷺ مجھے میری جان سے بھی زیادہ محبوب ہیں تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایااے عمر! اب تمہارا ایمان کامل ہوگیا۔

فضیلۃ الشیخ عبدالحکیم مدنی نے واضح کیا کہ محبتِ رسول ﷺ کا مطلب ہرگز غلو نہیں، بلکہ وہی عقیدہ اختیار کرنا ہے جو قرآن و سنت نے سکھایا ہے انہوں نے حدیث مجھے اس طرح حد سے نہ بڑھاؤ جیسے نصاریٰ نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے بارے میں غلو کیا میں اللہ کا بندہ اور اس کا رسول ہوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ رسول اللہ ﷺ کو اللہ کا بندہ اور آخری رسول ماننا ہی صحیح عقیدہ ہے انہوں نے مسلمانوں کو شرک، بدعات جھوٹے عقائد اور غیر ثابت روایات سے بچنے اور خالص توحید پر قائم رہنے کی تلقین کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ دعا فریاد امید اور استعانت صرف اللہ تعالیٰ سے ہونی چاہیے کیونکہ عبادت کی تمام اقسام صرف اسی ذات کے لیے خاص ہیں رسول اللہ ﷺ کی سچی محبت کا تقاضا یہی ہے کہ آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل کیا جائے سنت کو زندہ کیا جائے اور دین میں اپنی طرف سے نئی باتیں شامل نہ کی جائیں۔

خطیب نے درود شریف کی فضیلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ اور اس کے فرشتے نبی کریم ﷺ پر درود بھیجتے ہیں اس لیے ہر مسلمان خصوصاً جمعہ کے دن کثرت سے درود و سلام کا اہتمام کرے۔ انہوں نے صحیح احادیث بیان کرنے جھوٹی اور من گھڑت روایات سے بچنے اور دین کی صحیح تعلیمات کو عام کرنے کی بھی تاکید کی۔

خطبے کے اختتام پر فضیلۃ الشیخ عبدالحکیم مدنی حفظہ اللہ نے امتِ مسلمہ کی اصلاح ملک میں امن و امان مسلمانوں کے اتحاد بارش کسانوں کی خوش حالی کھیتوں کی شادابی بیماروں کی شفایابی اور تمام مرحومین کی مغفرت کے لیے رقت آمیز دعا کرائی انہوں نے حاضرین کو نصیحت کی کہ قرآن و سنت کو مضبوطی سے تھامیں سچائی کو اختیار کریں بدعات اور گمراہ کن عقائد سے بچیں اور اپنی زندگی رسول اللہ ﷺ کے اسوۂ حسنہ کے مطابق گزارنے کی بھرپور کوشش کریں کیونکہ دنیا و آخرت کی حقیقی کامیابی اسی میں ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے