اقلیتی طبقات کے مسائل کے حل اور فلاح و بہبود پر محمد آفاق و شہزاد قریشی نے سید محسن رضا سے کی ملاقات
سرکاری اسکیموں کا فائدہ آخری فرد تک پہنچنا چاہیے: شہزاد قریشی
لکھنؤ: 16 ستمبر (پریس ریلیز): آل انڈیا جمعۃ القریش کے ضلعی صدر شہزاد قریشی اور راشٹریہ سماجک کاریہ کرتا سنگٹھن کے کنوینر محمد آفاق اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اندرا بھون پہنچے، جہاں انہوں نے جناب سید محسن رضا سے ملاقات کی اور انہیں اقلیتی کمیشن کا چیئرمین بنائے جانے پر گلدستہ پیش کرکے مبارک باد دی۔ اس موقع پر محمد آفاق نے کہا کہ سید محسن رضا کو اقلیتی کمیشن کے چیئرمین کی ذمہ داری سونپا جانا ایک اہم ذمہ داری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی ذمہ داری کو پوری سنجیدگی، شفافیت اور عوامی مفاد کے جذبے کے ساتھ انجام دیں گے اور اقلیتی طبقات سے متعلق مسائل کو مؤثر انداز میں متعلقہ حکام کے سامنے رکھیں گے۔محمد آفاق نے کہا کہ اقلیتی طبقے کے سامنے تعلیم، روزگار، صحت، معاشی ترقی اور سرکاری فلاحی اسکیموں سے متعلق کئی اہم مسائل ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ان مسائل کو زمینی سطح پر سمجھا جائے اور مستحق افراد تک حکومتی منصوبوں کا فائدہ پہنچانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
اس موقع پر شہزاد قریشی نے بھی سید محسن رضا کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتی طبقات کی ترقی کے لیے تعلیم اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے ساتھ ساتھ سرکاری اسکیموں کے بارے میں عوام میں بیداری پیدا کرنا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی منصوبے حکومت کی جانب سے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بنائے جاتے ہیں، ان کا فائدہ آخری فرد تک پہنچنا چاہیے۔ ملاقات کے دوران اقلیتی طبقات کی سماجی، تعلیمی اور معاشی صورتحال سمیت مختلف عوامی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
محمد آفاق اور شہزاد قریشی نے امید ظاہر کی کہ سید محسن رضا اپنی نئی ذمہ داری کے دوران عوامی مسائل کو ترجیح دیتے ہوئے اقلیتی طبقات کے مفادات اور فلاح و بہبود کے لیے مؤثر کردار ادا کریں گے۔ملاقات کے اختتام پر محمد آفاق اور شہزاد قریشی نے ایک بار پھر سید محسن رضا کو نئی ذمہ داری کے لیے نیک خواہشات پیش کیں اور ان کی کامیابی کے لیے دعا کی۔
مذکورہ اطلاع محمد شمیم اختر نے جاری ایک پریس ریلیز کے ذریعہ دی ہے۔
