1۔ مولانا شفیع اللہ مدنی

امیر جمعیت اہلِ حدیث، حلقہ شہرت گڑھ

 

2۔ مولانا جمشیدعالم سلفی

ناظم جمعیت اہلِ حدیث،حلقہ شہرت گڑھ۔

شہرت گڑھ، سدھارتھ نگر: جمعیت اہل حدیث حلقہ شہرت گڑھ، سدھارتھ نگر کے امیر مولانا شفیع اللہ مدنی نے حرمین شریفین، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے تقدس، حرمت اور امن کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حرمین شریفین پوری امتِ مسلمہ کے ایمان، عقیدت اور روحانی وابستگی کے عظیم مراکز ہیں۔ ہر مسلمان کے دل میں ان مقدس مقامات کی محبت اور عظمت موجود ہے، اس لیے ان کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انتہائی احتیاط، ادب اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں سوشل میڈیا کے ذریعے حرمین شریفین، سعودی عرب اور وہاں کے انتظامی امور سے متعلق مختلف خبریں اور تبصرے گردش کرتے رہتے ہیں۔ ایسے حالات میں مسلمانوں کو جذباتی ردِعمل کے بجائے تحقیق، دیانت، حکمت اور شرعی اصولوں کو ملحوظ رکھنا چاہیے۔ کسی بھی غیر مصدقہ خبر یا افواہ کو آگے بڑھانا نہ صرف غیر ذمہ دارانہ عمل ہے بلکہ قرآنِ کریم کی ہدایت کے بھی خلاف ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:

﴿يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِن جَاءَكُمْ فَاسِقٌ بِنَبَإٍ فَتَبَيَّنُوا﴾

’’اے ایمان والو! اگر کوئی فاسق تمہارے پاس کوئی خبر لائے تو تحقیق کرلیا کرو۔‘‘

مولانا شفیع اللہ مدنی نے مزید کہا کہ حرمین شریفین کا احترام کسی حکومت یا سیاسی جماعت کی حمایت کا نام نہیں، بلکہ یہ اللہ تعالیٰ کے شعائر اور رسول اللہ ﷺ سے ہماری محبت وعقیدت کا تقاضا ہے۔ حکمرانوں اور انتظامی امور کے بارے میں کسی کو اختلاف یا اصلاحی رائے ہو تو اسے بھی عدل، دلیل اور شرعی آداب کے دائرے میں بیان کیا جانا چاہیے۔ حرمین شریفین کو سیاسی، فرقہ وارانہ یا باہمی نفرت کی کشمکش کا میدان بنانا امت کے مفاد میں نہیں۔

انہوں نے کہا کہ حج کے موقع پر دنیا بھر سے مسلمان رنگ، نسل، زبان اور قومیت کے امتیازات سے بالاتر ہوکر ایک ہی لباس میں اللہ کے گھر کے گرد جمع ہوتے ہیں۔ حرمین شریفین امتِ مسلمہ کے اتحاد اور اخوت کی عظیم علامت ہیں۔ اس لیے آج ضرورت ہے کہ مسلمان باہمی انتشار کے بجائے اتحاد، افواہوں کے بجائے تحقیق اور نفرت کے بجائے خیرخواہی کو فروغ دیں۔

جمعیت اہل حدیث حلقہ شہرت گڑھ، سدھارتھ نگر اور اس کے جملہ اراکین وذمہ داران تمام مسلمانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ حرمین شریفین کے تقدس وحرمت کا خیال رکھتے ہوئے غیر مصدقہ اطلاعات کو نشر نہ کریں، حقائق کی تحقیق کریں اور مکہ مکرمہ ومدینہ طیبہ کے امن وسلامتی کے لیے خصوصی دعا کریں۔

ایک ہوں مسلم حرم کی پاسبانی کے لیے

نیل کے ساحل سے لے کر تابخاکِ کاشغر

جاری کردہ:

جمشید عالم عبد السلام سلفی

ناظم جمعیت اہل حدیث، حلقہ شہرت گڑھ، ودیگر اراکین وذمہ داران

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے