چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کریں، شارٹ کٹ ہی زوال کا راستہ ہے: میاں صاحب
گورکھپور: پچھلے سالوں کی طرح اس سال بھی امام باڑہ اسٹیٹ کی جانب سے ہونہار طلباء کو جواد علی شاہ (میاں صاحب) ایجوکیشنل ایوارڈ سے نوازا گیا۔
پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے امام باڑہ اسٹیٹ کے سجادہ نشین اور سنی سنٹرل وقف بورڈ کے رکن سید عدنان فرخ شاہ (میاں صاحب) نے کہا کہ چیلنجز کا مقابلہ کریں، شارٹ کٹ ہی تنزلی کا راستہ ہے، ہونہار طلباء کے سامنے میاں صاحب راہنما کی حیثیت سے آئے اور آپ نے کہا کہ اگر ایک رول ماڈل بننا چاہتے ہیں تو آپ کو زندگی میں شارٹ کٹ نہیں بلکہ مشکل راستہ اختیار کرنا ہوگا۔ چیلنجز انسان کو مضبوط بناتے ہیں جب کہ شارٹ کٹ راستہ تنزلی کا باعث بنتا ہے جسے آج کل کے نوجوان طلباء خاص طور پر اپناتے ہیں۔
میاں صاحب کے نمائندے منظور عالم نے بتایا کہ شہر کے مختلف اسکولوں کے انٹرمیڈیٹ ٹاپرز کو جواد علی شاہ (میاں صاحب) ایجوکیشنل ایوارڈ سے نوازا گیا۔ جن کے نام ثنا انصاری (مولانا آزاد گرلز انٹر کالج)، عائشہ فاطمہ (امام باڑہ مسلم گرلز انٹر کالج)، شاہد رضا (میاں صاحب اسلامیہ انٹر کالج)، ارجمند غیاث (آمنہ مسلم گرلز انٹر کالج)، فلک حسین (امام باڑہ مسلم گرلز انٹر کالج) ہیں۔
پروگرام کی نظامت کرتے ہوئے منت گورکھپوری نے کہا کہ کامیابی آپ کے مقصد تک پہنچنے کی کوششوں کا براہ راست نتیجہ ہے۔
اس موقع پر امام باڑہ متولیان کمیٹی کے ضلع صدر سید ارشاد احمد نے کہا کہ اگر آپ کامیاب ہونا چاہتے ہیں تو اس کے لیے ٹائم مینجمنٹ ضروری ہے، اس لیے آپ کو ٹائم مینجمنٹ اور ہنر سیکھنا چاہیے۔
اس موقع پر ذوالفقار احمد، ڈاکٹر وسیم اقبال، راجیو رستوگی، حاجی سہراب خان، شکیل شاہی، فیصل سمیت والدین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
