محبوب عالم سلفی

سدھارتھ نگر: ضلعی جمعیت اہلِ حدیث، سدھارتھ نگر، یوپی کی سرپرستی میں ضلع کے مختلف مکاتب و مدارس سے وابستہ طلبہ و طالبات کا سالانہ تعلیمی مظاہرہ یکم اکتوبر 2026ء، بروز جمعرات، ضلع کے سات مختلف مراکز پر بحسن و خوبی منعقد ہوکر اختتام پذیر ہوا۔ اس سال کے تعلیمی مظاہرے میں ضلع کے 94 مکاتب و مدارس کے مجموعی طور پر 750 طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔

یہ تعلیمی مظاہرہ مکاتب کے معیارِ تعلیم و تربیت کو بہتر بنانے، طلبہ کی علمی و تعلیمی استعداد کا جائزہ لینے اور ان میں علمی ذوق و شوق، محنت، جستجو اور صحت مند تعلیمی مسابقت کا جذبہ پیدا کرنے کے مقصد سے منعقد کیا گیا۔ مختلف تعلیمی مراحل کے طلبہ و طالبات نے مقررہ نصاب کے مطابق تحریری و زبانی امتحانات میں شرکت کی۔

سات مراکز پر تعلیمی مظاہرہ

تعلیمی مظاہرے کے لیے ضلع کے سات حلقات میں مراکز قائم کیے گئے تھے، جن کی تفصیل یہ ہے:

1۔ جامعہ اتحاد ملت، اٹوا بازار — حلقہ اٹوا (نمائندہ: مولانا مطیع اللہ مدنی)

2۔ مدرسہ عربیہ سلفیہ، پپرا پڑروپور — حلقہ بانسی (ناظم: مولانا عبدالرشید سلفی)

3۔ مدرسہ دارالسلام، پکڑہوا — حلقہ بڑھنی (ناظم: مولانا مقیم الدین مدنی)

4۔ کلیہ ام سلمہ للبنات، بیتنار — حلقہ بسکوہر (ناظم: مولانا عزیز الرحمن ریاضی)

5۔ مدرسہ اسلامیہ انصار العلوم، گنگوار — حلقہ ڈومریا گنج (ناظم: مولانا عبدالمنان مفتاحی)

6۔ کلیۃ البنات المسلمات، انتری بازار — حلقہ شہرت گڑھ (ناظم: مولانا جمشید عالم سلفی)

7۔ کلیہ جویریہ گرلز ایجوکیشنل اکیڈمی، مہدیوا بازار — حلقہ نوگڑھ (ناظم: مولانا محمد ہاشم سلفی)

دس زمروں میں مسابقہ

اس سال تعلیمی مظاہرہ مجموعی طور پر دس زمروں میں منعقد کیا گیا، جن میں حفظِ قرآن مع تجوید، نعتِ نبی ﷺ، اردو تقریر، ہندی تقریر، دینیات (چمن اسلام درجہ پنجم، چمن اسلام درجہ چہارم اور چمن اسلام درجہ سوم) اور ماثور دعائیں (درجہ پنجم، درجہ چہارم اور درجہ سوم) شامل تھے۔

نتائج کی شفافیت اور امتحانی عمل کی غیر جانب داری کو یقینی بنانے کے لیے تمام حلقوں کے نظماء سے حکم صاحبان کے اسمائے گرامی طلب کیے گئے۔ اس کے بعد ضلعی جمعیت کے ذمہ داران نے باہمی مشورے سے منتخب و چنندہ علمائے کرام کو حکم کے فرائض انجام دینے کے لیے مختلف مراکز میں تعینات کیا۔ امتحانی عمل میں مزید شفافیت اور غیر جانب داری برقرار رکھنے کے لیے حکم صاحبان کو اپنے اپنے حلقات کے بجائے دیگر حلقات میں باہمی تبادلے کے ساتھ تعینات کیا گیا، تاکہ وہ دوسرے حلقے کے طلبہ و طالبات کا غیر جانب دارانہ جائزہ لے سکیں۔ مثلاً شہرت گڑھ کے حکم صاحبان کو حلقہ نوگڑھ اور نوگڑھ کے حکم صاحبان کو حلقہ بڑھنی کے مرکز میں تعینات کیا گیا۔ حکم صاحبان اور ممتحنین نے پوری امانت داری، غیر جانب داری اور ذمہ داری کے ساتھ اپنی مفوضہ ذمہ داریاں انجام دیں۔

تمام مراکز پر مقررہ ذمہ داران، حکم صاحبان اور ممتحنین نے نہایت نظم و ضبط کے ساتھ امتحانی مراحل مکمل کرائے۔ طلبہ و طالبات نے مجموعی طور پر بھرپور دلچسپی اور محنت کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر اساتذہ کی سال بھر کی تعلیمی محنت، مکاتب کے ذمہ داران کی نگرانی اور حلقہ واری تعاون بھی نمایاں طور پر سامنے آیا۔

طلبہ و طالبات کی تیاری اس قدر مستحکم تھی کہ حکم صاحبان کو نمبرات کے تعین میں بڑی دقتِ نظری اور غور و فکر سے کام لینا پڑا۔ بعض مضامین میں نصف نمبر کے فرق سے ایک طالب علم کو دوسرے پر فوقیت دی گئی، جب کہ کئی زمروں میں متعدد طلبہ و طالبات کے نمبرات برابر آنے کی وجہ سے پوزیشن کے تعین کے لیے قرعہ اندازی کا سہارا لینا پڑا۔

نظماء و نمائندگان کی کاوشیں

اس پورے تعلیمی پروگرام کو کامیابی کے ساتھ پایۂ تکمیل تک پہنچانے میں تمام حلقوں کے نظماء و نمائندگان کی کاوشیں خصوصی طور پر قابلِ ذکر ہیں۔ انہوں نے اپنے اپنے حلقوں میں مکاتب و مدارس کے ذمہ داران سے مسلسل رابطہ رکھا، طلبہ و طالبات کی شرکت کو یقینی بنانے، امتحانی انتظامات کو منظم کرنے اور دیگر ضروری امور کی نگرانی میں بھرپور دلچسپی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ ان کی مسلسل جدوجہد، وقت کی پابندی اور حسنِ انتظام کے باعث ضلعی سطح کا یہ تعلیمی مظاہرہ بہتر نظم و ترتیب کے ساتھ منعقد ہوسکا۔

اسی طرح تمام مراکز کے ذمہ داران نے بھی نہایت خلوص اور ذمہ داری کے ساتھ اپنی خدمات انجام دیں۔ امتحانی مراحل کے انتظام سے لے کر ممتحنین اور دیگر مہمانوں کی آمد و رفت اور ان کے لیے عمدہ ضیافت و میزبانی تک، انہوں نے ہر مرحلے میں قابلِ قدر تعاون پیش کیا۔ ان کی محبت، خلوص اور حسنِ میزبانی نے اس تعلیمی سرگرمی کو مزید خوش گوار اور یادگار بنا دیا۔

اختتامی مجالس اور تقسیمِ انعامات

پروگرام کے اختتام پر ہر حلقے کے نظماء کی جانب سے اختتامی مجالس کا انعقاد کیا گیا، جن میں علمائے کرام نے اپنے تاثرات اور توجیہی کلمات پیش فرمائے۔ اس موقع پر تعلیمی مظاہرے کے نتائج کا اعلان کیا گیا اور تمام شریک طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں انعامات سے نوازا گیا۔

خصوصاً پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو شیلڈ، توصیفی سند، بیگ، نقد انعام، قیمتی کتابوں اور دیگر تحائف سے نوازا گیا، جب کہ دیگر شریک طلبہ و طالبات کو بھی ان کی *حوصلہ افزائی کے لیے تشجیعی انعامات سے سرفراز کیا گیا۔

حلقہ نوگڑھ میں خدمات کے اعتراف میں علما کی تکریم

حلقہ نوگڑھ میں منعقدہ تعلیمی مظاہرے کے موقع پر جمعیت اہلِ حدیث، حلقہ نوگڑھ کے امیر جناب مولانا عبدالرحیم امینی اور ناظم مولانا محمد ہاشم سلفی صاحبان نے ناظمِ ضلعی جمعیت مولانا وصی اللہ عبدالحکیم مدنی اور حلقہ کے بعض علمائے کرام کو ان کی طویل تعلیمی، تدریسی اور جماعتی خدمات کے اعتراف میں اعزازی اسناد اور تکریمی ایوارڈز سے سرفراز کیا۔ بعض علما کی خدمات کے اعتراف میں شال پوشی کے ذریعے بھی ان کی حوصلہ افزائی اور تکریم کی گئی۔ یہ اقدام اہلِ علم و خدمت کی قدردانی اور ان کی خدمات کے اعتراف کی ایک قابلِ تحسین مثال ہے۔

فائنل تعلیمی مظاہرہ 10 اکتوبر کو

ضلعی سطح کے اس مرحلے کے بعد ہر زمرے میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات فائنل تعلیمی مظاہرے میں شرکت کریں گے۔ یہ فائنل تعلیمی مظاہرہ اور تقسیمِ انعامات 10 اکتوبر 2026ء، بروز ہفتہ، بمقام صدر دفتر ضلعی جمعیت اہلِ حدیث، سول لائن، کھجوریا روڈ، تتری بازار، ضلع سدھارتھ نگر منعقد ہوگا۔

ضلعی جمعیت اہلِ حدیث کے ناظمِ عمومی مولانا وصی اللہ عبدالحکیم مدنی نے تمام مکاتب و مدارس کے ذمہ داران سے خصوصی گزارش کی ہے کہ اپنے اپنے ادارے سے اول پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو فائنل تعلیمی مظاہرے میں ضرور شرکت کے لیے ساتھ لے کر آئیں، تاکہ وہ اس آخری مرحلے میں اپنے حلقے اور ادارے کی نمائندگی کرسکیں۔

آئندہ کے تعلیمی لائحۂ عمل کی بنیاد

ضلعی جمعیت اہلِ حدیث کی جانب سے اس امر پر زور دیا گیا کہ سالانہ تعلیمی مظاہرہ محض ایک مسابقہ نہیں، بلکہ مکاتب کے تعلیمی معیار، نصابی تیاری اور طلبہ کی مجموعی علمی کارکردگی کا جائزہ لینے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ اس کے نتائج کی روشنی میں کمزور پہلوؤں کی نشان دہی، تعلیمی معیار میں مزید بہتری اور طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے آئندہ کے لائحۂ عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

آخر میں ضلعی جمعیت اہلِ حدیث نے تمام حلقوں کے نظماء و نمائندگان، مراکز کے ذمہ داران، صدرِ مدرسین، اساتذہ، ممتحنین، نگرانوں، معاونین اور تمام مکاتب و مدارس کے طلبہ و طالبات کا تہِ دل سے شکریہ ادا کیا، جن کے باہمی تعاون، محنت، حسنِ انتظام اور خلوصِ خدمت سے ضلع کی سطح پر یہ اہم تعلیمی سرگرمی کامیابی کے ساتھ مکمل ہوئی۔

اللہ تعالیٰ اس تعلیمی و تربیتی کاوش میں حصہ لینے والے تمام افراد کی خدمات کو شرفِ قبول بخشے، انہیں اجرِ جزیل عطا فرمائے، اور سب کو اخلاص کے ساتھ دین کی خدمت کرنے، اسے سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے