محبوب نگر، سدھارتھ نگر: گزشتہ کل ۸؍ نومبر کو مدرسہ عربیہ اسلامیہ ضیاء العلوم و ضیاء گرلس کالج، محبوب نگر، سدھارتھ نگر میں تعلیمی بیداری و تقسیمِ انعامات کے عنوان سے ایک شاندار اجلاسِ عام منعقد ہوا، جس میں ضلع کے مختلف مکاتب و مدارس کے طلبہ، علماء، اساتذہ اور معزز شخصیات نے شرکت کی۔
اجلاس سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے حضرت مولانا مفتی رقیم الدین صاحب قاسمی، قاضیِ شریعت، آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ، ضلع سدھارتھ نگر نے تعلیم کی اہمیت، موجودہ دور کے تقاضوں اور نئی نسل کی تعلیمی و اخلاقی تربیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی اور روشن مستقبل کی بنیادی اساس ہے۔ آج ضرورت ہے کہ نئی نسل دینی تعلیم کے ساتھ عصری علوم میں بھی مہارت حاصل کرے۔ انہوں نے والدین، اساتذہ اور ذمہ دارانِ مدارس پر زور دیا کہ بچوں کی تعلیم و تربیت کو اولین ترجیح دیں اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے سنجیدہ کوششیں کریں۔
حضرت مولانا سمیع الدین صاحب مفتاحی، نائب صدر جمعیۃ علماء تحصیل نوگڈھ اور ناظم مدرسہ عربیہ اسلامیہ ضیاء العلوم و ضیاء گرلس کالج، محبوب نگر نے خطبۂ استقبالیہ پیش کیا۔ انہوں نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے تعلیمی بیداری کو وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیا اور نئی نسل کی تعلیم و تربیت کے لیے اجتماعی کوششوں پر زور دیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا قطب الدین صاحب مفتاحی نے حصولِ علم کے موضوع پر اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے علم کی اہمیت و فضیلت، اس کے فوائد اور جہالت کے نقصانات بیان کرتے ہوئے کہا کہ علم انسان کو شعور و آگہی عطا کرتا ہے اور صحیح و غلط میں امتیاز کرنے کا سلیقہ سکھاتا ہے، جب کہ جہالت انسان کو پستی اور زوال کی طرف لے جاتی ہے۔ انہوں نے معاشرے کی اصلاح و ترقی کے لیے علم کے فروغ کو ناگزیر قرار دیا۔
اجلاس کا ایک اہم حصہ تقسیمِ انعامات پر مشتمل تھا، جس میں گزشتہ ششماہی امتحان میں درجہ سوم، چہارم اور پنجم میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے مکاتب اسلامیہ کے طلبہ کو خصوصی انعامات سے نوازا گیا، تاکہ ان کی حوصلہ افزائی کے ساتھ دیگر طلبہ میں بھی محنت اور مسابقتِ علمی کا جذبہ پیدا ہو۔
اجلاس کا آغاز حافظ و قاری عبدالمعید صاحب، استاذ مدرسہ عربیہ اسلامیہ ضیاء العلوم، محبوب نگر کی تلاوتِ کلام اللہ سے ہوا۔ اس کے بعد جناب عطاء اللہ سدھارتھ نگری نے حمدِ باری تعالیٰ پیش کی، جب کہ نعتِ رسول مقبول ﷺ جناب مولانا صدر عالم ندوی حفظہ اللہ نے نہایت خوبصورت انداز میں پیش کی۔ نظامت کے فرائض مولانا محمد تسلیم صاحب یعقوبی نے انجام دیے۔
اس موقع پر مولانا محمد طاہر صاحب قاسمی ککرہواں، نیر کمال صاحب گوبرہواں، اشرف علی ابن سیٹھ سبحان علی، مولانا کفیل احمد صاحب قاسمی، مولانا نجیب اللہ صاحب قاسمی مہتمم دارالعلوم سنگرہاں، مولانا مقبول صاحب پٹکھولی، حافظ معراج صاحب دھرنہواں، حافظ افتخار صاحب دھرنہواں، مولانا محبوب صاحب مفتاحی دھرنہواں، حافظ حفیظ اللہ صاحب بیرواس، مولانا روح اللہ ندوی، مولانا بلال صاحب قاسمی پیلی بھیت، مولانا ابرار صاحب قاسمی صدر المدرسین مدرسہ تعلیم القرآن ایجو کیشنل سوسائٹی پولپوروہ، حافظ شاہ عالم صاحب صدر شعبۂ حفظ ہدیٰ گرلس کالج خوشراج پور، حافظ غیاث الدین صاحب مہتمم ہدیٰ گرلس کالج خوشراج پور، مولانا عبد الرحمن صاحب ندوی، مولانا محی الدین فیضی، مولانا سمیع اللہ فیضی، سراج الدین فیضی بھٹپرا اور ماسٹر فضل الرحمن صاحب بھٹپرا سمیت متعدد علماء و معززین شریک ہوئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے