(مونس فیضی)
9 نومبر علامہ اقبال کی نسبت سے یوم اردو منایا جاتا ہے، اس جانب توجہ کرنا بلا شبہ اردو کے جاں نثاروں کا ہی کام ہو سکتا ہے، جو اپنی تہذیبی اور لسانی شناخت کی شمع کو تیز و تند آندھی کے درمیان بھی روشن رکھنے کا حوصلہ رکھتے ہیں اور نہ مساعد حالات میں اردو کو فروغ دینے میں کوشاں ہیں، اقبال نے شاعری کو وہ تونگری عطا کی جس نے نہ صرف شاعری کے معیار کو بلند کیا بلکہ اردو کی قدر و قیمت اور عظمت کو بھی چرخ چہارم سے چرخ ہفتم پر پہنچا دیا۔
علامہ اقبال نے حب الوطنی سے سرشار ہو کر جو ترانہ ہندی لکھا ہے اس کا کوئی جواب آج تک تخلیق نہیں کر سکا وہ اردو کے ایک عظیم شاعر کے ساتھ ساتھ ایک مفکر و مدبر بھی تھے۔اپنی شاعری سے قوم و ملت کو زبردست پیغام دیا اور شاعری کی حیثیت سے اپنا بلند مقام و مرتبہ عالمی ادب کی محفل میں قائم کیا۔ نیز اردو ادب کو بین الاقوامی درجہ دلانے والوں
میں سب سے پہلا اور سب سے بڑا نام علامہ اقبال کا ہے۔ ان کی یاد میں یوم اردو منانا علامہ اقبال کو ایک خراج عقیدت ہے۔
باور کرادوں کی اردو ہماری مادری زبان ہے اور قومی زبان بھی اسی زبان سے ہماری شناخت ہے۔ اسی کی تہذیب کے سایہ میں ہم لوگوں کی پرورش ہوتی ہے۔ لہذا یہ ہم لوگوں کی ذمہ داری ہے کہ ہم اس کی حفاظت کریں اور اس کے فروغ کی کوشش کریں۔ اردو اپنی دلکشی شیرینی اور اثر آفرینی کے سبب عالمگیر شہرت رکھتی ہے لیکن اس کی یہ بدقسمتی ہے کہ اردو کو جائز مقام نہیں ملا یہی اس کا درد بھرا افسانہ ہے۔
آج اردو کے چاہنے والوں اردو میں اپنی شخصیت تلاش کرنے والوں تمہیں یہ جاننا چاہیے کہ اردو رسم الخط کا تحفظ اردو کا تحفظ ہے جو رفتہ رفتہ عنقا ہوتی جا رہی ہے اس کا فروغ اس کے رسم الخط کے ساتھ ہی ممکن ہے اردو کا مستقبل اردو والوں کے ہاتھ میں ہے ۔یاد رہے اسی زبان کے اشعار اور ترانے پڑھ کر نہ صرف مجاہدین آزادی نے در و رسن کے مراحل کو رقصاں و غزل خواں کیا بلکہ آزاد ہندوستان کی تعمیر و تشکیل اور قومی یکجہتی کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا مگر سیاست کی ریشہ دوانیوں کا کہاں تک ماتم کیا جائے۔ شکوہ تو اپنوں سے بھی ہے کہ اس زبان کے ساتھ خود ہمارا سلوک وہ نہیں رہا جو ہونا چاہیے اردو ہر روز قتل ہوتی رہی اور ہم معصومیت سے دیکھتے رہے۔
آج اردو اپنے ہی گھر میں بے گھر ہو رہی ہے اس کا آشیانہ اور ٹھکانہ اجڑ رہا ہے، اس کا وقار مجروح ہو رہا ہے، پوری طرح لہو لہان ہے اپنوں کی بے اعتنائی، بے حسی اور غیروں کے تعصب کا شکار ہے یہ ہمارے لیے بہت بڑا لمحہ فکریہ و المیہ ہے اس لیے سچے محبان اردو بنیں، سستی شہرت کے بجائے اس کے فدا کاری بنیں آخر میں یہی میرا پیغام ہے۔
؀۔ آئیے کریں ہم سب اردو کی شجر کاری

سدھارتھ نگر، اتر پردیش

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے