از:حسن مدنی ندوی
ریسرچ اسکالر اسلامک یونیورسٹی انڈونیشیا

برصغیر ی خاک میں یقین کا پہلا شعلہ کسی نقارے کی گرج سے نہیں بھڑکا، اور نہ کسی تخت کی چھاؤں نے اس سرزمین کی آنکھ کو سرمہ بخشا۔ یہ تو بحرِ ہند کی بے قرار موجوں پر سفر کرتے ان بادبانوں کی سرگزشت ہے جن کے دامن میں رزق کے ساتھ ایک نئے افق کا خواب سانس لیتا تھا، ان مسافروں کے پاؤں کی گرد ہے جو صحراؤں اور برفیلے درّوں کی پیاس بجھاتے ہوئے اس چمن میں اترے، اور ان خانقاہی حجرے کے روزنوں سے چھن کر آنے والی وہ لو ہے جس نے صدیوں تک تاریکی کی پلکوں میں روشنی کا سرمہ بھرا۔ بنگال کی زرخیز، نمناک اور دلدلی زمین کا سماجی و تاریخی راگ اپنا ہی ساز چھیڑتا ہے، سندھ و پنجاب کی ہواؤں میں ایک کڑی استقامت اور بے خوفی سانس لیتی ہے، دکن کی شاموں میں نغمے، ادب اور نفاست کی شبنم اترتی ہے، اور شمالی ہند کے علمی و تہذیبی نقوش صدیوں پرانی روایت کا بار اور وقار اٹھائے کھڑے ہیں۔ ہر گوشے نے بساؤ، قبولیت، علمی سلسلوں کے پھوٹنے اور ہمسایوں کے ساتھ سانس لینے کے الگ قرینے تراشے، کیونکہ روح جہاں ڈیرہ ڈالتی ہے، وہیں کی ہوا میں اپنی دھڑکن کا آہنگ ڈھونڈتی ہے۔ سمندری تجارت کی آبی شاہراہوں پر لہروں کا سینہ چیرتے بادبان ہوں یا ہجرت و نقل مکانی کے صدیوں پر محیط قافلے، خانقاہوں کے روحانی حلقوں کی سرشاری ہو یا علما کی درسگاہوں کا سنجیدہ وقار، علاقائی درباروں کی سرپرستی ہو یا عظیم سلطنتوں کا جاہ و جلال،ان سب دھاروں نے مل کر اس وسیع خطّے میں مسلم معاشروں کی صورت گری کی ہے۔ رچرڈ ایٹن کی بنگال سے متعلق تحقیق اس سادہ لوح اور سطحی گمان کی جڑ کاٹتی ہے کہ اسلام کا پھیلاؤ محض عسکری فتوحات کا کرشمہ تھا، وہ اس کے بجائے زراعت کی توسیع، نئی بستیوں کے آباد ہونے اور مقامی دینی و روحانی شخصیات کی خاموش مگر گہری مساعی کو سامنے لاتی ہے، جب کہ صوفی سلسلوں اور خانقاہوں پر ہونے والے مطالعات ان اساتذہ، مشائخ اور اداروں کی تفصیلات پیش کرتے ہیں جن سے دینی روایت کو جڑیں ملیں، یوں یہ واضح ہوتا ہے کہ محض شاہی فرمانوں اور درباروں کی تاریخ اس پورے تہذیبی سفر کا احاطہ نہیں کر سکتی۔
تاریخی شواہد کی کڑی چھان بین کے بغیر کھڑے کیے جانے والے عام بیانیے بسا اوقات اصل حقیقت پر گرد و غبار ڈال دیتے ہیں، اور جہاں دلیل کا چراغ مدھم پڑ جائے وہاں وہم اور اندازے حقیقت کا لبادہ اوڑھ لیتے ہیں۔ عہدِ اکبری کے (دینِ الٰہی) کے گرد بننے والے مقبولِ عام بیانیوں اور محقق مورخین کی آرا کا فرق اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ تحقیق میں شواہد کی کسوٹی کتنی ناگزیر ہے۔ عام گفتگو میں اسے بسا اوقات اسلام اور ہندو مت کے ملنے سے بننے والے کسی نئے امتزاج کا نام دے دیا جاتا ہے، جب کہ محقق مورخین اسے شہنشاہ سے وابستہ ایک محدود درباری ارادت مندانہ حلقے تک محدود قرار دیتے ہیں۔ ایک مستند تحقیقی مطالعہ اپنی عمارت غیر محقق قصوں، جذباتی تاثرات اور سنی سنائی باتوں پر نہیں بلکہ مستند تاریخی تحقیق اور کلامی و عوامی دعووں کے سنجیدہ تقابل پر استوار کرتا ہے۔
اس طویل تہذیبی و فکری سفر میں زبانوں کے باہمی ربط اور علمی اصناف کے تنوع نے اسلامی ادب کو ایک وسیع، شاداب اور زرخیز میدان بنا دیا ہے۔ تفسیر، حدیث، فقہ اور علمِ کلام کے میدان میں عربی ہمیشہ مرکزی حیثیت کی حامل رہی؛ فارسی نے اعلیٰ علمی و درباری محفلوں میں غیر معمولی وقار پایا، اور اردو، بنگالی، پنجابی، سندھی، ملیالم سمیت دیگر علاقائی زبانوں نے دینی تعلیمات، شاعری، سیرت و سوانح، مناظرانہ ادب اور تاریخ نگاری کو عوام الناس کے وسیع تر حلقوں تک پہنچایا۔ تراجم اور ایک زبان سے دوسری زبان میں منتقل ہونے والے خیالات نے اس ذخیرے کو تازہ ہوا دی اور فکری افق کو وسعت بخشی۔ اس وسیع مفہوم میں (اسلامی ادب) صرف چند کلاسیکی اصناف تک محدود نہیں رہتا، اس میں تفسیر، شروحِ حدیث، فقہ، کلام، فتاویٰ، مناظرانہ و اصلاحی تحریریں، نعتیہ و صوفیانہ شاعری، تذکرۂ صوفیا، تراجم، درسی کتب، علمی رسائل، عوامی خطبات اور برقی نشریات سب شامل ہیں۔ اور اس ادب کی سانس جس (علمی ورثے)یا (تراث) سے چلتی ہے، وہ محض کاغذ، سیاہی اور جلد تک محدود نہیں، بلکہ ان کتب خانوں، مدارس، علمی اسناد و سلاسل اور منتخب خانقاہی و درگاہی مراکز پر مشتمل ہے جو اس متاع کو تشکیل دیتے ہیں، پڑھاتے ہیں اور نسل در نسل منتقل کرتے ہیں۔ ورثے کی حفاظت کا تقاضا یہ نہیں کہ اسے بے سوال تقدس کی زنجیروں میں جکڑ کر شیشے کے صندوق میں بند کر دیا جائے، اس کا سچا حق یہ ہے کہ اسے پڑھا جائے، اس کی جانچ ہو، اس کی وسعت اور حدود پہچانی جائیں اور اس کی کوکھ سے نئے عہد کے لیے فکر کی نئی کرن پھوٹے۔
یہیں خارجی اثرات کا سوال اپنی تمام تر گہرائی اور نزاکت کے ساتھ سامنے آتا ہے۔ ہندو مت، بدھ مت اور عیسائیت کی اس خطّے میں صدیوں پرانی جڑوں کے ہوتے ہوئے محض جغرافیائی اجنبیت کا مفہوم یہاں ادھورا پڑ جاتا ہے۔ اس مطالعے کے تناظر میں بیرونی یا خارجی سے مراد وہ افکار، رسوم یا ادارے ہیں جنھیں مسلم علما یا دینی تنظیمیں اپنے فہمِ اسلام سے خارج قرار دیتی ہیں۔ یہ لکیر کھینچنے کا عمل کسی مشینی یا خودکار اصول کے تحت نہیں چلتا، مختلف ادوار، خطّوں اور دینی مراجع کے فرق سے یہ طے ہوتا ہے کہ کسی رسم یا فکر کو مقامی (عرف) مان کر گنجائش دی جائے، اسے بدلتے زمانے کے ساتھ جڑا (متغیر)سمجھا جائے یا اسے (ثوابت) اور عقیدے کے منافی ٹھہرا کر رد کر دیا جائے۔ یوں عقیدہ، توحید، عرف، بدعت اور تشبّہ جیسی اصطلاحات کے معانی، ان کے برتنے کے محل اور ان کے پیچھے کارفرما استدلال کو سمجھنا اس پورے فکری عمل کی کنجی بن جاتا ہے، اور طلال اسد کا (اسلام بطور ایک استدلالی روایت)کا تصور اسی حقیقت کی طرف متوجہ کرتا ہے کہ مسلمان کسی عمل یا سوال کو سمجھنے کے لیے قرآن، سنت اور متوارث علمی ذخیرے سے کس طرح دلیل لاتے ہیں اور کن مراجع کا حوالہ دیتے ہیں۔ جو ذہن اپنے معیار سے غافل ہو، وہ یا تو ہر بیرونی ہوا کے سامنے تنکے کی طرح اڑ جاتا ہے یا ہر نئی صدا کو خطرہ جان کر اپنے دروازے مقفل کر لیتا ہے، دونوں صورتوں میں فکر کی آزادی مجروح ہوتی ہے۔
انیسویں صدی کے وسط سے لے کر ۱۹۴۷ء تک پھیلے نوآبادیاتی عہد نے مذہبی مباحث کی فضا، اس کے پیرائے اور اس کے مخاطبین کو یکسر بدل کر رکھ دیا۔ برطانوی اقتدار کے سائے میں عیسائی مشنریوں نے تعلیمی ادارے قائم کیے، تبلیغی و مدافعتی کتب شائع کیں اور علما کے ساتھ عوامی مناظرے کیے، جن میں ۱۸۵۴ء میں آگرہ کے مقام پر پادری کارل گوٹلیب فانڈر اور مولانا رحمت اللہ کیرانوی کے درمیان ہونے والا مناظرہ مسلم و مسیحی مناظرانہ حافظے کا ایک نمایاں باب بن گیا، جس نے الہامی صحائف، ترجمے کی صحت، نبوت اور استدلال کے اصولوں جیسے بنیادی سوالات کو ابھارا۔ دوسری طرف ۱۸۷۵ء میں قائم ہونے والی (آریہ سماج) نے ہندو اصلاح پسندی اور عوامی مناظروں کا منظم رخ اختیار کیا، اور اس کی (شدھی) مہمات تبدیلیِ مذہب اور ملی حدود کے تحفظ کے حوالے سے مسلمانوں میں گہری تشویش کا باعث بنیں۔ اس کے ساتھ نوآبادیاتی مردم شماریوں، قانونی درجہ بندیوں اور تعلیمی پالیسیوں نے بھی اس انداز پر اثر ڈالا جس سے شناختوں کی حد بندی کی جاتی اور برادریوں کی نمائندگی طے ہوتی تھی، جس پر مورخین کے درمیان شواہد کی روشنی میں یہ سنجیدہ بحث جاری ہے کہ نوآبادیاتی نظم و نسق نے فرقہ وارانہ شناختوں کو کس حد تک خلق کیا یا انھیں مزید سخت جان بنایا۔
اسی نوآبادیاتی دور میں فنِ طباعت کے پھیلاؤ نے دینی مکالمے کی دنیا ہی بدل دی۔ لیتھو چھاپہ خانوں، اخبارات، رسائل اور کم قیمت کتابوں نے کلامی و سیاسی بحثوں کو خواص کے محدود حلقوں سے نکال کر عام قارئین کے ہاتھ میں تھما دیا، اردو و علاقائی صحافت اور مقبولِ عام ادبی تحریروں نے پڑھنے والوں کے نئے حلقے پیدا کیے، اور مصنفین و علمی اداروں کو ایسے قارئین سے مخاطب ہونا پڑا جو لازماً روایتی مدارس کے تربیت یافتہ نہ تھے، یوں تحریر کے اسلوب، زبان اور مخاطب کی نوعیت میں گہری تبدیلی آئی۔ دیوبندی، بریلوی، اہلِ حدیث اور علی گڑھ کے مراکز نے بدلتے حالات کا سامنا جداگانہ اسلوب میں کیا، جب کہ بعد میں ابھرنے والی تبلیغی جماعت اور جماعتِ اسلامی نے تعلیم، عوامی دعوت اور اصلاحِ معاشرہ کے اپنے مخصوص مناہج وضع کیے۔ ان متنوع فکری و ادارہ جاتی دھاروں کو محض (روایتی) اور (جدید) کی سادہ تقسیم میں بند کر دینا حقیقت کے تنوع کو کم تر دکھانے کے مترادف ہے، جیسا کہ یہ بھی اس عہد کا المیہ رہا کہ جب اختلاف کو علمی روشنی بنانے کے بجائے گروہی شناخت اور باہمی نفی کا ہتھیار بنا لیا جائے، تو فکر کی پرواز کند پڑ جاتی ہے۔
پھر ۱۹۴۷ء کی تقسیمِ ہند اور ۱۹۷۱ء میں بنگلہ دیش کے قیام نے برِ صغیر کے مسلمانوں کو تین جداگانہ سیاسی و دستوری سانچوں میں لا کھڑا کیا۔ ہندوستان میں مسلمان ایک دستوری طور پر سیکولر ریاست کی سب سے بڑی اقلیت بنے، جہاں شہریت، نمائندگی، فرقہ وارانہ کشیدگی اور مذہبی روایت کے طور پر (ہندو مت) اور سیاسی نظریے کے طور پر (ہندوتوا) کے درمیان واضح فرق جیسے مباحث نے عوامی زندگی کو متاثر کیا۔ پاکستان نے اپنے دستور اور قانون میں اسلام کو صریح مقام دیا، تاہم اس سے دینی مرجعیت، مسلکی حدود، توہینِ مذہب سے متعلق دفعات اور احمدی برادری کی آئینی حیثیت جیسے سوالات پر بحث تھم نہ سکی، جہاں فقہی و کلامی اصطلاحات اور قانونی دستاویزات کا باہمی ربط ایک نمایاں پہلو بن کر ابھرا۔ بنگلہ دیش کی تاریخ زبان کی تحریک اور جدوجہدِ آزادی کے رشتے سے جڑی رہی، جہاں بنگالی ثقافت، اسلام، سیکولر سیاسی روایات، دینی جماعتوں اور صوفی سلسلوں کے باہمی تعلق پر مسلسل مکالمہ چلتا رہا اور بنگالی کے ساتھ عربی و اردو کے علمی سلسلے بھی اپنی جگہ موجود رہے۔ سرحدیں زمین کو بانٹ سکتی ہیں، مگر فکر اور تہذیب کے گہرے رشتوں کو یکسر نہیں مٹا سکتیں۔ اور آج برقی ذرائعِ ابلاغ اور ڈیجیٹل دنیا کی تیز رفتار موجوں نے ادارہ جاتی فتاویٰ، طویل علمی محاضرات، مختصر ویڈیو تراشوں، پوڈکاسٹس، خبروں اور تنقیدی یا سابق مسلم بیانیوں کو ایک ہی اسکرین پر اکٹھا کر دیا ہے، جہاں مستند علما، نوجوان معلمین، خود آموختہ خطباء، صحافی اور گمنام ناقدین سبھی اپنی آواز بلند کرتے ہیں۔ مختصر اقتباسات سیاق سے کٹ کر اڑتے ہیں، شہرت و مقبولیت کو بصیرت کا بدل سمجھ لیا جاتا ہے، اور اس لیے محض آن لائن مقبولیت یا ویوز کی کثرت کو معاشرتی گہرائی یا اصل علمی مراجع کے متبادل کے طور پر نہیں سمجھا جا سکتا، بلکہ یہ جانچنا ہمیشہ ناگزیر رہتا ہے کہ کوئی دعویٰ کن مآخذ کا حوالہ دیتا ہے، کیا ان مآخذ تک رجوع ممکن ہے، اور سامعین کو کسی بات کو قبول یا رد کرنے کی دعوت کس پیرائے میں دی جاتی ہے۔
ان تمام تاریخی، سیاسی اور ابلاغی پرتوں کے درمیان یہ سوال اپنی پوری اہمیت کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے کہ تہذیبی میل جول اور بیرونی اثرات کے بیچ اسلامی ادب اور علمی ورثے کا تحفظ کیسے ممکن ہوتا ہے۔ یہ مفروضہ پہلے سے درست نہیں مان لیا جا سکتا کہ ہر بیرونی اثر لازماً ایمان کو کمزور کر دیتا ہے یا ہر مشترک رسم محض ملغوبہ مذہبیت کی علامت ہے۔ اصل فرق اس بات سے پڑتا ہے کہ معاشرہ اور اس کے علمی ادارے کن متون تک رسائی رکھتے ہیں، کن مراجع پر بھروسا کرتے ہیں اور دلائل کو کس طرح برتتے ہیں۔ کسی نادر مخطوطے یا کتاب کا محض کسی ذخیرے یا کونے میں پڑے رہنا اس وقت تک حقیقی تحفظ نہیں بنتا جب تک اس کی فہرست سازی نہ ہو، مستند ایڈیشن سامنے نہ آئے، زبان و اسلوب کی تفہیم باقی نہ رہے، پڑھانے اور ترجمہ کرنے کا سلسلہ جاری نہ رہے اور ذمہ دارانہ ڈیجیٹل رسائی میسر نہ آئے، کیونکہ تحفظ کوئی جامد عمل نہیں بلکہ اساتذہ، نصاب، کتب خانوں، ناشرین، مترجمین اور قارئین کی مسلسل کوششوں سے زندہ رہتا ہے۔
اسی پسِ منظر میں ایک متوازن اور تعمیری علمی منہج کی ضرورت ابھرتی ہے جسے (تعمیری تفاعل)کے چار باہم پیوست ستونوں سے سمجھا جا سکتا ہے، جب کہ (علم و تراث کا تحفظ) ان چاروں میں ایک مشترک روح کی حیثیت رکھتا ہے: پہلا ستون علمی اصالت اور متنی خواندگی ہے، جس کا تقاضا یہ ہے کہ کسی دوسرے مذہب، فکر یا روایت سے مکالمہ سنی سنائی باتوں یا اپنی روایت کے سطحی فہم کے بجائے مستند متون، معیاری تراجم اور قرآن، سنت، اصولِ فقہ و جنوبی ایشیائی علمی ذخیرے کے اصولی مطالعے سے شروع ہو تاکہ انسان سنی سنائی تعبیرات کا اسیر نہ رہے، دوسرا ستون کلامی و فقہی بصیرت ہے، جو یہ پہچاننے میں مدد دیتا ہے کہ کوئی مخصوص عمل عقیدہ و عبادت کی مسلمہ حدود سے کیا نسبت رکھتا ہے، اسے سماجی عرف یا مشترک شہری عمل سمجھا جائے یا مذہبی فعل، اور ثوابت، متغیرات و عرف کے درمیان تمیز کرتے ہوئے قطعی اور ظنی دلائل کا امتیاز ملحوظ رکھا جائے،تیسرا ستون تنقیدی فکری و ابلاغی خواندگی ہے، تاکہ قاری و سامع کسی حوالے کی اصل ماخذ تک تصدیق کر سکے، ادارہ جاتی فتویٰ اور ذاتی رائے میں فرق سمجھے، سیاق کو پہچانے، سند کو پرکھے، ہر دعوے کو ترازو میں تولے اور مختصر کلپس یا سوشل میڈیا کی ادھوری تصویر سے متاثر ہونے کے بجائے پورے سیاق و سباق کو پرکھے، اور چوتھا ستون بااصول بقائے باہمی اور شہری شرکت ہے، جس کے ذریعے مسلمان اپنے اعتقادی تشخص پر کامل وضاحت کے ساتھ قائم رہتے ہوئے تعلیم، رفاہِ عامہ اور شہری زندگی میں دوسرے مذاہب کے ماننے والوں کے ساتھ عدل، حسنِ سلوک، اخوت اور مشترکہ انسانی ذمہ داریوں کی بنیاد پر باوقار تعاون کر سکیں۔ یہ چاروں ستون اس وقت تک بے جان رہتے ہیں جب تک انہیں ورثے کی حفاظت کی حرارت نہ ملے، ایسی حفاظت جو ماضی کو قبر میں نہیں اتارتی، بلکہ اسے حال کی نبض سے جوڑ کر مستقبل کے لیے توانائی بناتی ہے۔
یوں جنوبی ایشیا میں بیرونی اثرات اور اسلامی ادب کے تحفظ کا سوال ماضی کے کسی منجمد باب تک محدود نہیں رہتا، بلکہ وہ تاریخ، کلام، ادب، ادارہ جاتی روایت اور معاصر ابلاغ کے سنگم پر کھڑا ایک زندہ علمی سوال بن جاتا ہے۔ اپنے عروج کو یاد رکھنا فخر کی بات ہے، مگر زوال کے اسباب سے آنکھ چرا لینا خود فریبی ہے، ہر ناکامی کا بوجھ دوسروں کے سر ڈال دینا ذمہ داری سے فرار ہے، اور اپنی روایت کو بے عیب مان لینا یا یکسر رد کر دینا دونوں فکری کمزوری کی علامت ہیں۔ جب ہم اس سوال کو سادہ لیبلوں اور جذباتی تعمیمات کے بجائے متون، تاریخی شواہد اور علمی استدلال کی روشنی میں پرکھتے ہیں، تو یہ بات کھل کر سامنے آتی ہے کہ مسلم معاشروں کی فکری بقا اور ادبی ورثے کا تحفظ خوف یا انزوا میں نہیں، بلکہ علم کی گہرائی، حد بندی کی وضاحت، متنی امانت داری اور بااصول مکالمے کی صلاحیت میں مضمر ہے،اور تاریخ اسی وقت زندہ رہتی ہے جب کوئی نسل اپنے اسلاف کی میراث کو سنبھالنے کے ساتھ اپنے عہد میں بھی ایسا چراغ جلائے جس کی روشنی آنے والے زمانوں کے لیے راہ بن سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے