ریاستی و ضلعی ذمہ داران کے خطابات

جنگاؤں 25/ نومبر( نمائندہ ۔جی۔یم): جمعیت علماء ضلع جنگاؤں کے زیرِ اہتمام علماء کرام، حفاظِ عظام، ائمہ مساجد، اراکینِ جمعیت اور معاونین کے لیے ایک روزہ تربیتی پروگرام جامع مسجد جنگاؤں میں منعقد ہوا۔ پروگرام کی صدارت صدر جمعیت علماء جنگاؤں مولانا عبد الرحمن سبیلی نے کی، جبکہ سرپرستی حضرت مولانا عبد الحفیظ قاسمی دامت برکاتہم نے فرمائی۔
پروگرام کا آغاز حافظ و قاری مولانا فصیح الاسلام،  نائب صدر جمعیت علماء جنگاؤں کی تلاوتِ کلام پاک سے ہوا۔ معروف نعت خواں خازن جمعیت علماء جنگاؤں محمد خواجہ مجتہد الدین نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔ افتتاحی کلمات میں مولانا عبد الرحمن سبیلی نے مہمانانِ خصوصی کا استقبال کرتے ہوئے پروگرام کے اغراض و مقاصد بیان کیے۔ مولانا عبد العظیم قاسمی، صدر جمعیت علماء ضلع ورنگل نے جمعیت علماء کی تاریخ، قیام کے مقاصد اور اس کی دینی و ملی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ مفتی زکریا احمد قاسمی، جنرل سکریٹری جمعیت علماء ضلع ورنگل نے ضلع، منڈل اور دیہات کی سطح پر تنظیمی استحکام اور باہمی رابطوں کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ ضلع ریاست سے اور منڈل و دیہات ضلع سے مربوط رہیں اور اکابرین کی سرپرستی میں کام کیا جائے تو تنظیمی سرگرمیاں پائیدار اور نتیجہ خیز ثابت ہوں گی۔
مہمانِ خصوصی حافظ پیر خلیق احمد صابر، جنرل سکریٹری جمعیت علماء تلنگانہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ جمعیت علماء ایک ایسا مؤثر پلیٹ فارم ہے جس کے ذریعے ملک و ملت کو درپیش مسائل کے حل کے لیے منظم جدوجہد کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء کو قائم ہوئے 107 سال مکمل ہوچکے ہیں اور یہ تنظیم آزادی سے قبل سے آج تک اکابرین کے نقشِ قدم پر ملی و دینی خدمات انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ریاست تلنگانہ میں تقریباً نو لاکھ اراکین جمعیت سے وابستہ ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہر گاؤں اور ہر قریہ میں مسلمانوں کو جمعیت سے جوڑا جائے اور ان کے ایمان، اخلاق، دینی تعلیم اور معاشرتی اصلاح کی فکر کی جائے۔ انہوں نے ہر ضلع میں تنظیمی شاخوں کو مستحکم کرنے اور منڈل سطح پر سرگرمیوں کو تیز کرنے کی اپیل کی۔
سرپرست جمعیت علماء جنگاؤں حضرت مولانا عبد الحفیظ قاسمی نے اپنے خطاب میں جمعیت علماء سے وابستگی کی اہمیت اور ضرورت پر روشنی ڈالی اور اجتماعی جدوجہد کے ذریعے دینی و ملی مقاصد کے حصول کی تلقین کی۔
مولانا مصدق القاسمی، نائب صدر جمعیت علماء تلنگانہ نے اپنے خطاب میں ایک مثالی رکنِ جمعیت کے اوصاف بیان کرتے ہوئے کہا کہ کارکنان سچائی، اخلاص، پابندیٔ وقت، خدمت کے جذبے اور عاجزی و انکساری کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت کا رکن اپنے آپ کو بڑا سمجھنے کے بجائے خادم بن کر کام کرے، اکابرین کا احترام کرے اور ان کے مشوروں و ہدایات پر عمل کرے۔
قاری یونس خان، سکریٹری جمعیت علماء گریٹر حیدرآباد نے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعے جمعیت علماء کی تاریخ، مقاصد اور مختلف شعبہ جات میں انجام دی جانے والی نمایاں خدمات کا تعارف پیش کیا اور شرکاء کو جمعیت کے مشن سے وابستہ رہنے کی ترغیب دی۔
پروگرام کے دوران منڈل واری اور دیہات واری تنظیمی سرگرمیوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔ حافظ پیر خلیق احمد صابر نے منڈلوں کے ذمہ داران سے عزم لیا کہ وہ آنے والے دنوں میں زیادہ سے زیادہ افراد کو جمعیت سے وابستہ کرتے ہوئے ہر منڈل میں تنظیمی سرگرمیوں کو فعال بنائیں گے۔ مولانا مصدق القاسمی کی دعا پر پروگرام اختتام پذیر ہوا۔ مولانا شاکر حسین قاسمی، جنرل سکریٹری جمعیت علماء ضلع جنگاؤں نے ہدیۂ تشکر پیش کیا۔
اس موقع پر محمد یونس ، جنرل سکریٹری ملکاجگیری، محمد جمال شریف ایڈووکیٹ نائب صدر جمعیت علماء جنگاؤں، حافظ محمد مجاہد صدر سٹی جمعیت علماء ضلع ورنگل، مسیح الرحمن ذاکر صدر جامع مسجد جنگاؤں، مفتی عبدالعظیم، مولانا امان اللہ، مفتی انصار، عبد الجہاد، حافظ نعیم، شبیر احمد اور کے علاوہ مختلف منڈلوں سے آئے ہوئے علماء کرام، حفاظ، ائمہ مساجد، اراکینِ جمعیت، معاونین اور عوام الناس کی کثیر تعداد موجود تھی۔
 واضح رہے کہ تربیتی پروگرام میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ اکابرین کی رہنمائی میں جمعیت علماء کی تنظیمی سرگرمیوں کو گاؤں، منڈل اور ضلع کی سطح پر مزید مستحکم کرتے ہوئے دینی، ملی اور اصلاحی خدمات کو وسعت دی جائے گی۔۔۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے