بیدر۔ 12؍ اکتوبر (محمدیوسف رحیم بیدری): 11؍ اکتوبر کو آندھرا پردیش سے بھالکی کے راستے سولاپور جانے والی ایک کار میں غیر قانونی طور پر گانجہ لے جانے والے تین ملزمین کو بیدر-ناندیڑ ہائی وے 50 پر ہلبرگا کراس کے قریب سے گرفتار کیا گیا اور25لاکھ 65ہزار قیمت کا 25.65 کلو گرام گانجہ اور 3 لاکھ روپے کی ٹاٹا انڈیکا وسٹا کاران کے پاس سے ضبط کی گئی ہے۔ آج جمعرات کو بیدر ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس آفس کے احاطے میں بلائی گئی پریس کانفرنس سے SPبیدر جناب چن بسونا ایس ایل نے خطاب کرتے ہوئے مذکورہ بات کہی۔ اورآگے بتایاکہ ملزمان سے جب مزید پوچھ گچھ کی گئی تو معلوم ہوا کہ انہوں نے بیدر میں گنلی روڈ کے قریب رکشا کالونی کے ایک گھر میں گانجہ ذخیرہ کر رکھا تھا اور جب وہاں جا کر تلاشی لی گئی تو 21.44 کلو گرام گانجہ برآمد ہوا جس کی مالیت 21 لاکھ40ہزار روپے ہے۔ موصوف نے بتایاکہ اس معاملے میں کل 47.09 کلو گرام گانجہ جس کی مالیت 47,05,000 روپے ہے ضبط کیاگیا۔ پوچھ گچھ کے دوران ملزمان نے بتایا کہ وہ خانہ پور گاؤں میں تین موٹر سائیکل اور ایک گھر میں چوری کی وارداتوں میں بھی ملوث ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گانجہ فروخت کرنے کے اس فعل میں ملوث تین دیگر ملزمان فرار ہوگئے ہیں اور ان کے لیے بھی تلاشی مہم چلائی گئی ہے۔اسی طرح بیدر ضلع میں کرکٹ سٹے بازی میں ملوث تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایسی اطلاعات ہیں کہ آن لائن کرکٹ سٹے بازی چل رہی ہے، اس لیے والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کے بینک اکاؤنٹس کی رقم کی منتقلی کی نگرانی کریں۔ ضلع کے شہری اور نوجوان کرکٹ سٹے بازی میں ملوث نہ ہوں۔ ایسی حرکت میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ایس پی چن بسونا نے مزید بتایاکہ ضلع میں گھروں میں چوری کی وارداتوں پر قابو پانے کے لیے ضلع کے عوام تعاون کریں۔ اپنے گھروں میں سی سی ٹی وی لگائیں۔ جب وہ شہر جائیں تو پڑوسیوں کو اطلاع دیں اور ان سے کہیں کہ وہ ہمارے گھر پربھی نظر رکھیں۔ اگر آپ زائددنوں کے لیے قصبے جا رہے ہیں، تو آپ کو قریبی پولیس اسٹیشن کو اطلاع دینی چاہیے۔ اگر آپ کسی نامعلوم شخص کو گھومتے ہوئے دیکھیں تو پولیس اسٹیشن کو اطلاع دیں۔اس موقع پر بھالکی کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شیوانند پوادشٹی، بھالکی رورل سرکل سی پی آئی گروپاد ایس برادارا، پی ایس آئی وشوارادھیا اور اس آپریشن میں شامل محکمہ پولیس کے دیگراہلکار موجود تھے۔اس بات کی اطلاع ایک پریس نوٹ جاری کرکے محکمہ پولیس بیدر نے دی ہے۔
