سکریڑی جماعت اسلامی ہند کرناٹک ڈاکٹرطٰہٰ متین بنگلور کا بیدر میں خطاب 
بیدر۔ 14؍جنوری (محمدیوسف رحیم بیدری):  زندگی گزارنے کابہترطریقہ ایک خدا کے آگے اپناسرجھکادیناہے۔ دنیا کو ٹھوکر میں رکھ کر ، اناکوختم کرتے ہوئے سرکوجھکادینا ہی بندگی ہے۔ اصلی بندہ کی پہچان یہ ہے کہ وہ رب کے آگے جھکنے والا اور بندگی کو قبول کرنے والا ہوتاہے۔ دوسری پہچان یہ ہے کہ وہ احسان کرتاہے۔ دوسروں کے لئے نفع پہنچانے والا ہوتاہے۔ یہ باتیںڈاکٹر طٰہ ٰ متین (بنگلور) سکریڑی جماعت اسلامی ہند کرناٹک نے کہیں۔ وہ آج جماعت اسلامی ہند بیدر کی جانب سے جامع مسجد بیدر میں منعقدہ خصوصی ہفتہ واری اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہاکہ رحمت اللعالمینﷺ کے امتی انسانیت کے لئے بوجھ نہیں ہوتے۔ وہ بیواؤں کے لئے ، ضرورت مندوں کے لئے اپنی زندگی لگادیتے ہیں۔ اسی طرح جیسے ہی اذان ہوتی ہے وہ حاضر ہوجاتے ہیں۔ فجر میں، ظہر میں، عصر، مغرب اور عشاء میں مسجد میں اپنی حاضری لگواتے ہیں۔ موصوف نے بتایا کہ دنیا میں گمراہی بڑھ چکی ہے، اندھیرا پھیلا ہوا ہے، ایسے میں ہم آرام سے نہیں بیٹھ سکتے۔ کیوں کہ ہم نے دنیا کو چھوڑ کر آخرت کو اختیار کیاہے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کتنے لوگ ایسا کرتے ہیں کہ وہ اپنی دنیا آخرت کے لئے چھوڑ بیٹھے ہوں ۔ ہمارا دنیا سے ایک کنڑاکٹ ہے وہ کنڑاکٹ یہ ہے کہ ہم اللہ اور رسول کی اطاعت کریں گے اور جو ہمارے امیر ہیں ان کی اطاعت کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ کچھ لوگ اپنے خیالات اور سوچ کو ہدایت مان بیٹھے ہیں جو کہ غلط ہے۔ سود کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف اعلان جنگ کرنے کی بات قرآن میں آئی ہے لیکن یہ جنگ کرنے کے لئے کوئی سپاہی نظر نہیں آتاہے۔
ڈاکٹرطہٰ متین نے جماعت اسلامی ہند ہی نہیں جماعتوں سے متعلق ایک عمومی بات کہی کہ جماعت میں بے شک کمزوریاں ہیں، اس کے باوجود جماعت ضرور ت ہے۔ اور یہ راستہ آسان اسلئے نہیں ہے کہ یہاں شیطان بھی لگاہواہے۔ موصوف نے غزہ کے مسئلہ کے بجائے ہندوستان کے مسائل پربھی کچھ دیر کے لئے توجہ دینے کوکہااور بتایاکہ قرآن نیک لوگوں کی لڑائی کے بارے میں کہتاہے کہ وہ کمزور وں کے لئے لڑتے ہیں۔ جو بچے کمزور ہیں ، جنہیں دبادیاگیا، ان کے شہر سے نکا ل کران کے گھروں پر بلڈوزر چلادیاگیا۔ کئی ایسے بچے ہیں جنہیں جیلوں کے حوالے کیاگیاہے۔ ستیم اسکام میں کروڑوں روپئے لوٹ لئے گئے۔ہے کوئی جو ان لوگوں اور ایسے ایشوز کی مخالفت میں کام کرے ؟ اپناپیسہ، اپنا علم اور اپنی طاقت حق وباطل کی لڑائی میں حق کے لئے ہمیں لگانا ہے لیکن ہمارا حال یہ ہے کہ جھوٹ کے پیچھے بیٹھ کر کہتے ہیں ’’ذرا آہستہ بولو‘‘۔ اُدھرلوگ ہیں کہ شرک کا جھنڈا اٹھائے دندنارہے ہیں۔ باطل کے تحت، شرک کے تحت اور جھوٹ کے تحت کام کرنا اور حق گوئی نہ کرنا ان افعال سے بچنے پر ہی جنت ہے۔ ہمیں یتیم سے محبت نہیں ، بیماروں سے لگاؤ نہیں، دوسروں کادکھ محسوس نہیں کرتے اور اپنی گیس، اپنی بیماری ، اپنے پیٹ اورٹانگوں میں درد کا دُکھڑا لئے بیٹھیں گے تو پھر کام کس طرح کرسکیں گے۔
خطاب کے آخر میں سکریڑی جماعت اسلامی ہند کرناٹک ڈاکٹر طٰہ ٰ متین بنگلورونے کہاکہ عاجزی اختیار کریں ، مان لیں ، سن لیں ، سب مل جل کر کام کریں، قرآن سے مضبوط تعلق ہوناچاہیے۔ ذکر کریں ، دُعااورخاموشی کو اپنائیں ۔ کم بولیں ،کم کھائیں ، کم سوئیں ۔ خلوت اور نیک لوگوں کاساتھ دونوں کی طرف متوجہ ہوں۔ ہمارے اندرنمایاں اخلاق پید اہوں۔ پروگرام کاآغاز جناب سید جمیل احمد ہاشمی رکن جماعت کے درس قرآن سے ہوا۔ مردوخواتین کے اس خصوصی ہفتہ واری اجتماع کی نظامت جناب محمدعارف الدین معاون امیرمقامی نے کی۔ شہ نشین پر امیرمقامی جناب محمد معظم ، رکن شوریٰ محمد آصف الدین اور فیق احمد ناظم علاقہ موجودتھے۔ایس آئی اواور SYMکے طلبہ اور نوجوانوں کی کثیرتعداد اجتماع میں دیکھی گئی۔ خواتین کے لئے پردہ کامعقول انتظام کیا گیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے