تبصرہ کتابچہ ’’عذابِ الٰہی کی بدترین شکل‘‘
مصنف: شیخ مقبول احمد ، ہبلی مبصر:۔ محمدیوسف رحیم بیدری
طنز، تضحیک ، تمسخر اور ماردھاڑ سے بچناشریف انسان کی سرشت میں داخل ہے۔ اورجب عذاب یاراست طورپر ’’عذابِ الٰہی‘‘ کی بابت کوئی بات یاکوئی کتاب سامنے آتی ہے تو اس کو پڑھنا ایسے شریف انسانوں سے ممکن نہیں ہوتا۔
دراصل ٹھنڈے ٹھنڈے طورپر ترقی وترویج، عروج ، اطمینان ، فراخی اور کشادگی کے خواب اور اس کی مثبت تعبیر کے تحت جیناہم چاہتے ہیں۔ جب کبھی عذاب یا مشکل گھڑیوں میں اسلام کے دشمنوں سے لڑنے بھڑنے کیلئے ہمیں کوئی آمادہ کرنا چاہتاہے توشاید ہی کوئی جم غفیر لبیک کہتاہوگاالا ماشاء اللہ
شیخ مقبول احمد(ہبلی) کاسال 2019ء کا شائع کتابچہ پانچ سال بعد3؍مارچ 2024ء کو پڑھنے کوملا۔ہبلی کے باب السلام پبلی کیشنز سے کتابچہ شائع ہواہے۔ 24صفحات کے اس کتابچہ میں راست طورپرقرآنی مطالعہ کوٹھیٹ انداز میں پیش کرتے ہوئے انبیائے کرام کی سابقہ اقوام (حضرت نوح علیہ السلام کی قوم،حضرت ہود علیہ السلام کی قوم ِ عاد،حضر ت صالح ؑ کی قوم ِ ثمود، حضرت لوط علیہ السلام کی قوم ِ لوط ،قومِ فرعون،اور بنی اسرائیل )پر آنے والے عذابات کاذکر کیاہے۔مصنف یہ بات صاف صاف کہناچاہتاہے کہ امت ِ مسلمہ بھی عذاب ِالٰہی میں مبتلا ہوتی رہی ہے ۔ اس پر ذلت ومسکنت (کمزوری اور پست ہمتی)’’ ایک ہزارسال سے چھائی ہوئی ہے اور اللہ کاغضب ،دشمنوں کے ہاتھوں شکست اور قتل وغارت گری کی شکل میں ہوا‘‘ ص۔ 19
13؍ویں اور 15؍ویں صدی وغیرہ کاحوالہ دے کرکروڑوں مسلمانوں کے قتل کردئے جانے کی بات مقبول احمد کرتے ہیں۔ پھر وہ آپس میں کٹ مرنے کی بات کرتے ہوئے ’’ترکی کی خلافت کاخاتمہ ، ایران عراق جنگ ، اسرائیل کے ذریعہ فلسطین ، شام اردن اور مصرکے ایک لاکھ مسلمانوں کی شہادت‘‘ کی بات بھی انھوں نے تحریرکی ہے۔ افغانستان، بوسنیا ، چیچنیا ، شام اور یمن کے مسلمان اور میانمار کی خون ریزی کاحوالہ دیاہے۔شیخ مقبول احمد کی یہ بات کہ یہ سب اللہ کاعذاب ہے، سے اتفاق کرپانا ممکن نہیں ہے۔
کتابچہ کے آخر میں عذابِ الٰہی سے بچنے کی دوصورتیں اجتماعی توبہ اور رجوع الی القرآن پیش کی ہیں۔ ہندوستان اور دنیابھر میں اسلام سے متعلق پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کرنا مصنف کامقصد لگ رہاہے۔ بہرحال کتابچہ پڑھنے لائق ہے ۔ عذاب سے متعلق کچھ باتوں سے اختلاف کے باوجود اللہ سے ہی دعا کی جاسکتی ہے کہ اے اللہ ، ہمیں اپنی ناراضی سے محفوظ رکھے۔ ہمیں حوصلہ مند اور ہماری پوری نوجوان نسل کونبی کریم ﷺ کے اسوہ ء حسنہ پرچلنے کی توفیق دیتے ہوئے انھیں بھی اسلام کامبلغ اور داعی بنادے ۔ آمین
نوٹ:۔ کتابچہ کے خواہشمند افراد 8123870595 پررابطہ کرسکتے ہیں۔ یاپھر ای میلmaqboolhubli@gmail.com پرپیغام روانہ کیاجاسکتاہے۔
